یورپ (رپورٹس)

رمضان المبارک 2022ء اور جماعت احمدیہ یونان کی مساعی

(ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان نے یکم رمضان المبارک 1445ھ مورخہ 03؍اپریل 2022ء بروز اتوار پہلا روزہ رکھا۔ رمضان المبارک کے دوران جماعت احمدیہ یونان کی مساعی کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔

آن لائن درس القرآن انگلش

گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی انگریزی بولنے والے احباب جماعت کے استفادہ کے لیے مکرم عطاء النصیر صاحب مربی سلسلہ و صدر جماعت انگریزی میں شام پانچ بجے سے لے کر پونے چھ بجے تک آن لائن درس القرآن دیتے رہے جس میں ترجمۃ القرآن اور تفسیری نکات پیش کرتے رہے۔ اس رمضان المبارک میں انگریزی میں دس پاروں کا درس مکمل کیا گیا۔ انگریزی درس القرآن میں حاضری 4 سے 5خواتین و حضرات پر مشتمل رہی۔

درس القرآن اردو

انگریزی درس کے بعد عصر کی نماز باجماعت ادا کی جاتی تھی۔ جو احباب ایتھنز میں مقیم تھے وہ مسجد میں حاضر ہو کر مربی صاحب کے درس القرآن اردو میں شامل ہوتے۔ نماز عصر کے بعد قرآن کریم کے ایک پارہ کی تلاوت کی جاتی اور تلاوت کے بعد تفسیر صغیر سے ترجمہ پیش کیاجاتا اور بعض مقامات پر تفسیری نوٹس بھی پیش کیے جاتے رہے۔ مسجد میں حاضر ہونے والوں کی تعداد کم سے کم 8اور زیادہ سے زیادہ 15رہی۔ درس کا انتظام آن لائن بذریعہ زوم اور واٹس ایپ بھی ہوتا رہا۔ جس میں ایتھنز اور باہر کے شہروں، دیہاتوں اور جزائر کے احباب شامل ہوتے رہے۔ اس طرح کل حاضری بعض ایام میں 30تک ہو جاتی رہی۔ درس القرآن شام چھ بجے تا آٹھ بجے تک جاری رہتا۔

درس حدیث و ملفوظات

نماز فجر کے بعد محترم مربی صاحب روزانہ درس حدیث آڈیو میں ریکارڈ کر کے احباب جماعت تک پہنچاتے رہے۔ ایک احمدی دوست مکرم منیر احمد خالد صاحب یوٹیوب کے ذریعہ سے اسے مختلف لوگوں تک پہنچاتے رہے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ کا درس بھی باقاعدگی کے ساتھ ہوتا رہا۔

مسجد میں افطاری کا انتظام

یکم رمضان المبارک سے افطاری کا انتظام مسجد میں جماعتی طور پر کیا جاتا رہا۔ بعض احباب جماعت کو بھی اس کار خیر میں حصہ ڈالنے کی توفیق ملی۔

برکینافاسو اور آئیوری کوسٹ کی کمیونٹیز کو افطاری کی دعوت

رمضان المبارک میں دو مختلف دنوں میں غیر از جماعت احباب کو مسجد میں دعوت دی گئی۔ مورخہ 30؍اپریل بروز ہفتہ برکینافاسو کی کمیونٹی کے چار غیر از جماعت مہمان تشریف لائے۔ انہیں جماعت کا تعارف اور جماعتی لٹریچر پیش کرنے کا بھی موقع ملا اور بعض تبلیغی موضوعات پر گفتگو بھی ہوئی۔ اسی طرح مورخہ 30؍اپریل بروز ہفتہ آئیوری کوسٹ کمیونٹی کے 7خواتین و حضرات کو مسجد میں دعوت دی گئی۔ ان میں بعض مسلمان اور بعض غیر مسلم تھے۔ دونوں کمیونٹیز کے بعض مہمانوں نے نمازوں اور تراویح میں بھی شمولیت اختیار کی۔

نماز تراویح

نماز تراویح کا سلسلہ 2؍اپریل 2022ء سے مسجد میں شروع کیا گیا جو کہ یکم مئی تک باقاعدگی سے چلتا رہا۔ جس میں خدام و انصار شامل ہوتے رہے۔

نماز عید

نماز عید کا وقت صبح ساڑھے دس بجے رکھا گیا تا کہ مسجد میں ہی پیارے آقا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ عید سب مل کر ایم ٹی اے پر براہ راست دیکھ اور سن سکیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس بار یونان کی دو جماعتوں ایتھنز اورشمالی یونان کی جماعت کے شہر تھیسالونیکی دو جگہوں پر نماز عید ادا کی گئی۔ ایتھنز میں مکرم نیشنل صدر و مربی سلسلہ صاحب نےعید کا خطبہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دیا اور حضور انور کی دعاؤں کی مختلف تحریکات کی یاد دہانی کروائی۔ نماز عید پر ایتھنز میں کل حاضری 35تھی۔ تھیسالونیکی میں نماز عید مکرم ذیشان ندیم صاحب نے پڑھائی۔ نماز عید کے لیے ایک ہوٹل میں حال کرائے پر لیا گیا جہاں 5احباب نے نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے بعد چائے اور مٹھائی کا انتظام کیا گیا اور حضورِ انور کے خطبہ عید کے بعد کھانے کا انتظام تھا۔

اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کی برکات کو ہمیشہ ہماری زندگیوں میں قائم رکھے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button