عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نےاپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مسجد الحرام میں تمام عمر کے بچوں کو داخلے کی اجازت کا اعلان کر دیا ۔ جس کے مطابق پانچ سال سے بڑی عمر کے بچوں کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔یاد رہے کہ نومبر 2021ء میں سعودی عرب نے بارہ سال سے کم عمر بچوں کے مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

٭…پاکستان اور بھارت دونوں نے علی الترتیب 14 و 15؍اگست کو اپنی آزادی کی پلاٹینم جوبلی منائی۔ گذشتہ 75 سالوں میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں ترقی کا مختصر جائزہ اس طرح پر ہے۔

دونوں ممالک کو تاجِ برطانیہ سے آزادی حاصل کیے ہوئے پون صدی بیت چکی ہے مگر ورلڈ فریڈم انڈیکس میں بھارت کا نمبر 66اور پاکستان کا 37ہے۔ آزادی صحافت کے حوالے سے دنیا کے 180 ممالک میں بھارت کا نمبر150 اور پاکستان کا 157 ہے۔

دونوں ممالک کا مذہبی آزادیوں کے حوالے سے بھی ریکارڈ کچھ اچھا نہیں اور اس حوالے سے امریکی ادارے یوایس سی آئی آر ایف (USCIRF)کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک، دنیا کے ان 15 ممالک میں شامل ہیں جہاں مذہبی آزادیوں کے حوالے سے امریکہ کو شدید تحفظات ہیں۔

بھارت اپنے جی ڈی پی کا 3.5 فیصد اور پاکستان 1.77 فیصد تعلیم پر خرچ کرتا ہے۔بھارت میں شرح خواندگی77.7اور پاکستان میں 62.3 فیصد ہے۔پاکستان کی فی کس آمدنی 1798 جبکہ بھارت کی 1850 ڈالر ہے۔

بھارت دنیا کے 142 ممالک میں چوتھے اور پاکستان نویں نمبر کی بڑی دفاعی طاقت ہے۔پاکستان اپنے جی ڈی پی کا 2.2 اور بھارت 2.7 فیصد دفاع پر خرچ کرتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان اب تک چار جنگیں ہو چکی ہیں۔دونوں ممالک کے ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ ایٹمی فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔

٭…امریکی سینٹ کام (امریکی سینٹرل کمانڈ) کے سابق سربراہ جنرل کنیتھ میکنزی نے امریکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا غلطی تھی۔ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا میرا فیصلہ نہیں تھا۔ میری رائے میں امریکی افواج کو افغانستان میں رکنا چاہیے تھا۔ میرا کہنا تھا کہ 2500؍امریکی فوجی اہلکاروں کا ایک ساتھ مکمل انخلا ٹھیک نہیں۔ مجھے خدشہ تھا کہ امریکی فوج ہٹے گی تو افغان حکومت گر جائے گی۔

٭…چین کی تائیوان کے اطراف فوجی مشقوں پر چینی فوج کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کی مشقوں میں تائیوان کے اردگرد مختلف کام کامیابی سے مکمل کرلیے ہیں۔ چینی حکام کے مطابق ہمارے فوجی آبنائے تائیوان کی صورت حال میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھیں گے اور آبنائے تائیوان میں باقاعدگی سے گشت کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم فوجی تربیت جاری رکھیں گے تاکہ جنگ کے لیے تیار رہیں۔واضح رہے کہ چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے متنازع دورہ تائیوان پر آبنائے تائیوان میں فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔

٭…یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یورپی یونین کی ریاستوں سے روس کے شہریوں کے ویزوں پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میری تجویز ان روسی شہریوں پر لاگو نہیں ہوتی جو ولادیمیر پیوٹن کی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔اس بات کی ضمانت ہونی چاہیے کہ روسی قاتل یا ریاستی دہشت گردی میں ملوث افراد یورپی یونین کی ریاستوں کا ویزا استعمال نہ کر سکیں۔ ہمیں یورپ کے تصور اور ہماری مشترکہ یورپی اقدار کو تباہ نہیں کرنا چاہیے، اس لیے یورپ کو ایک سپر مارکیٹ میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔یوکرینی صدر کی اپیل کو ابھی تک یورپی یونین کے بڑے لوگوں کی حمایت حاصل نہیں ہوئی ہے۔

٭…12؍اگست کو نیو یارک میں ایک تقریب کے دوران اسلام مخالف ناول نگار و مصنف سلمان رشدی پر چاقو بردار حملہ آور نے اسٹیج پر چڑھ کر حملہ کیا، پولیس نے حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ سلمان رشدی کو طبی امداد کےلیے ہیلی کاپٹر سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سلمان رشدی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، اب اس کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

٭…آسٹریا کی ہنگری کے ساتھ سرحد کے قریب برگن لینڈ ریاست میں غیرقانونی تارکین وطن کی وین الٹ گئی، حادثے میں 3افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ وین ڈرائیور کے سرحدی پولیس سے بچنے کی کوشش کے نتیجے میں وین الٹ گئی، حادثے کی شکار وین میں بچوں سمیت 20 افراد سوار تھے۔وین ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہنگری سے آسٹریا میں غیر قانونی داخلے کے لیے آنے والی کئی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوچکی ہیں۔

٭…چین اور برطانیہ کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ براہ راست پروازیں فی الحال صرف چینی ایئرلائنز کے ذریعے ہوں گی، برٹش ایئرویز سے چین کے لیے پروازوں کا سلسلہ ابھی زیرِ غور ہے۔واضح رہے کہ چین نے کورونا وبا کے پیشِ نظر 2020ء میں برطانیہ سے براہ راست پروازیں معطل کردی تھیں۔

٭…برطانیہ میں بارشیں نہ ہونے کے اثرات ظاہر ہونے لگے، ملک کے کئی حصوں میں خشک سالی کا سرکاری طور پر اعلان کردیا گیا۔ خشک سالی جنوب مغربی، جنوبی، وسطی اور مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں ہے۔متاثرہ علاقوں میں عوام پر پانی کے عام اور کمرشل استعمال پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کا آغاز ہوگیا ہے۔ جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 35سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ گرمی کی شدید لہر پیر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button