مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کی مصروفیات مورخہ 14؍دسمبر تا 20؍دسمبر 2018ء

مورخہ 14؍دسمبر تا 20؍دسمبر 2018ء کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے: 

٭…14؍ دسمبر بروز جمعۃ المبارک :(مسجد بیت الفتوح) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں بدری صحابی حضرت مسطح بن اثاثہ رضی اللہ عنہ کی سیرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز’واقعہ اِفک‘ پر سیر حاصل گفتگو فرمائی۔

٭…15؍ دسمبربروز ہفتہ: نمازِ ظہر و عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں ایک تقریب آمین کو رونق بخشی۔ حضور انور نے تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے والے 15؍بچوں اور 15؍بچیوں سے باری باری قرآن مجید کی ایک ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔

٭…16؍ دسمبر بروز اتوار: آج بھی نمازِ ظہر و عصر کے بعد مسجد فضل میں 15؍بچوں اور 15؍بچیوں کی تقریبِ آمین منعقد ہوئی۔ حضورِ انور نے تمام بچوں سے قرآن کریم کی ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ تقریب کے آخر میں حضور انور نے اجتماعی دعا کروائی۔

آج شام کو فیملی ملاقاتوں کے بعد مکرم محبوب الرحمان صاحب کی صاحبزادی عزیزہ عالیہ رحمان صاحبہ کی تقریبِ رخصتانہ کو برکت بخشنے کے لئے مسجد ’بیت الفتوح‘ تشریف لے گئے۔ عزیزہ کی شادی مکرم مبارک وسیم ابن مکرم کلیم وسیم صاحب(مرحوم)کے ساتھ قرار پائی تھی۔ حضورِ انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھاکر شادی کی تقریب میں شرکت فرمائی۔

٭…17؍ دسمبر بروز سوموار: شام کو فیملی ملاقاتوں کے بعد حضور انور مکرم مبارک وسیم صاحب ابن مکرم کلیم وسیم صاحب (مرحوم) اور عزیزہ عالیہ رحمان بنت مکرم محبوب الرحمان صاحب کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے مسجد ’بیت الفتوح‘ تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی اور دعوتِ ولیمہ میں شرکت فرمائی۔

٭…18؍ دسمبر بروز منگل: آج صبح East Hampshire District Council کے چیئرمین کونسلر انتھنی ولیمز (Cllr Anthony Williams) اور سینئر کونسلر فیرِس کاؤپر (Cllr Ferris Cowper) نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ یہ ملاقات تقریبًا بیس منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں معزز کونسلرز نے جماعت احمدیہ کے منظم ہونے کی تعریف کی اور اس کے خدمتِ خلق کے کاموں کو سراہا۔ انہوں نے حضورِ انور سے ملاقات کو اپنے لئے باعثِ فخر قرار دیا۔

حضورِ انورایدہ اللہ نے آج اس ملاقات کے بعد اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی نئی تعمیرات کا معائنہ فرمانے اور ہدایات عطا فرمانے کی غرض سے سفر اختیار فرمایا۔ حضورِ انور نے اسلام آباد میں قائم عارضی مسجد میں نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں جس کے بعد لندن واپسی ہوئی۔

٭…20؍ دسمبر بروز جمعرات: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ ظہر و عصر سے قبل مکرم سید نعیم احمد شاہ ابن مکرم سید عزیز اللہ شاہ صاحب مرحوم (Kingston) اور مکرم حبیب الرحمان صاحب (Luton) کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 7مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور نے ایک نکاح کی تقریب کو برکت بخشی۔ مکرم عطاء المجیب راشد صاحب (امام مسجد فضل لندن) نے نکاح پڑھایا جبکہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نکاح کے اختتام پر دعا کروائی۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کے امراء و سیکرٹریان امورِ خارجہ، ذیلی تنظیموں کے صدور، بعض حکومتی انتظامیہ کے نمائندگان اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس ہفتہ کے دوران 121؍فیملیز اور50؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ ان احبابِ جماعت کا تعلق 17؍ ممالک سے تھا جن میں امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی، سویڈن، ناروے، بئلجیم، سوئٹزر لینڈ، ماریشس، انڈیا، پاکستان، یوکے اور بعض عرب ممالک شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button