الفضل ڈائجسٹ

الفضل ڈائجسٹ

(محمود احمد ملک)

اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم ودلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصہ میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کئے جاتے ہیں۔

…………………………

مکرم پروفیسر عبدالودود صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍ستمبر 2012ء میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں مکرمہ ب۔ودودصاحبہ نے سانحہ لاہور میں شہادت پانے والے اپنے شوہر مکرم پروفیسر عبدالودود صاحب کا ذکرخیر کیا ہے۔

حضرت عبدالحمید شملوی رضی اللہ عنہ کے پوتے اور مکرم عبدالمجید عاجز صاحب کے بیٹے مکرم عبدالودود صاحب کی عمر بوقت شہادت 55سال تھی۔ پانچ بھائیوں اور تین بہنوں میں آپ کا تیسرا نمبر تھا۔ بچپن میں انتہائی صحتمند اور خوبصورت بچے تھے، پڑھائی میں ذہین، کھیلوں کے شوقین اور دلیر۔ نوعمری میں ہی والد صاحب کا سایہ سر سے اٹھ گیا لیکن باپ کو اپنے اس بیٹے میں کچھ الگ صلاحیتیں نظر آئی تھیں اسی لئے وفات سے ایک رات پہلے آپ کو بلاکر بہت سی نصائح کیں اور خاص طور پر یہ کہا کہ میرے بعد اپنی والدہ اور بہنوں کا خیال رکھنا۔آپ نے اس نصیحت کو ہمیشہ پلّے سے باندھے رکھا۔ والدہ محترمہ امۃاللہ بیگم صاحبہ سابقہ صدر لجنہ حلقہ مصطفیٰ آباد لاہور کی دعائوں کو بھی اللہ تعالیٰ نے قبولیت بخشی اور کڑے حالات میں سر خرو کیا۔

محترم پروفیسر صاحب نے M.A. انگلش اور L.L.B. کیا ہوا تھا اور 23سال سے کالج میں پڑھا رہے تھے۔ اس عرصہ میں چار شہروں میں متعیّن رہے۔ ہرجگہ آپ کے احمدی ہونے کی خبر آپ سے پہلے پہنچ جاتی لیکن آپ اپنی سادگی ،ایمانداری اور بلند کردار کی وجہ سے ہر جگہ عزت سے دیکھے جاتے تھے۔ اگرچہ بعض متعصب لوگ نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کرتے رہے بلکہ ایک پرنسپل نے تو دو مرتبہ آپ کی ACRبھی خراب کردی مگر آپ ہمیشہ یہی کہتے کہ یہ صر ف جماعتی مخالفت کی وجہ سے ہوا ہے اس لئے مجھے اس کی پرواہ نہیں۔ اور قدرت کا رنگ دیکھئے کہ جتنی دیر آپ کی پروموشن کے لئے نام نہ گیا پنجاب میں پروموشن پر پابندی لگی رہی اور آپ کا کچھ نقصان نہ ہوا۔

آپ نے دینی خدمات کا شوق ورثہ میں پایا تھا۔ خدام الاحمدیہ میں لمبا عرصہ زعیم حلقہ رہے اور 1992ء سے لے کر2001ء تک صدر حلقہ مصطفیٰ آباد رہے۔

نماز اور تلاوت کی عادت آپ کو بچپن سے والدہ نے ڈالی تھی جو تلاوت کے بغیر ناشتہ نہ دیتیں۔ کچھ عرصہ سے قرآن کریم لفظی ترجمہ سے بھی سیکھنا شروع کیا ہوا تھا۔ چنانچہ آپ فجر پر معمول کی تلاوت کرتے، ظہر کے بعد ترجمہ یاد کرتے اور مغرب کے بعد زبانی مجھے سناتے اور میرا سبق خود سنتے اس طرح16پارے سیکھ لئے تھے۔پھر بچوں کا سبق سنا جاتا اور آخر میں حدیث کا درس ہوتا۔
آپ ایک دعا گو انسان تھے اور میرے دل میں یہ یقین تھا کہ اگر آپ میرے لئے دعا کریں گے تو وہ جلد قبول ہوگی۔ بارہا مجھے اس کا تجربہ بھی رہا کہ میں کسی تکلیف میں تھی اور آپ نے دعا پڑھ کر مجھ پر پھونکا اور مجھے پتہ ہی نہیں چلا کہ کیسے تکلیف ختم ہو گئی۔

آپ کی شہادت سے ایک ماہ قبل ہمارے ایک بیٹے کا سالانہ امتحان تھا۔کمپیوٹر کا پیپر تھا تو آپ کو اچانک ایک جنازہ کے ساتھ ربوہ جانا پڑ گیا۔ آپ نے مجھے کہا کہ آج یہ اپنی تیاری سے مطمئن نہیں اس کے لیے خاص دعا کرنا، مَیں بھی کروں گا۔ جب بچہ پیپر دے کر آیا تو کہنے لگا کہ درمیانہ سا پیپر ہوا ہے۔ شام کو آپ کی واپسی ہوئی تو مَیں نے آپ کو یہ بات بتا دی مگر آپ نہایت یقین سے کہنے لگے کہ انشاءاللہ اس پرچہ میں اس کے سب پرچوں سے زیادہ نمبر آئیں گے۔ اور واقعی ایسا ہی ہوا۔

گھر میں آپ کی موجودگی میں زیادہ تر MTAچلتا۔ آپ کے پسندیدہ پروگراموں میں خطبہ جمعہ کے علاوہ سیرت النبی ﷺ اور سیر ت صحابہ ؓ پر تقاریر تھیں جب بھی یہ تقاریر سنتے آپ کی آنکھوں میں آنسو آجاتے۔ سیر کرتے ہوئے تسبیحات پڑھتے رہتے۔

خلافت سے محبت کا خاص تعلق تھا۔ خطبہ جمعہ بچوں کے ساتھ بیٹھ کر سنتے اور خلافت سے خاص تعلق رکھنے کی نصیحت کرتے۔ 1974ء میں حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ جب قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے تشریف لاتے تھے تو آپ کو بھی ڈیوٹیاں دینے کی سعادت ملتی رہی۔

دوسروں کو دے کر زیادہ خوشی محسوس کرتے مگر خود انتہائی سادگی پسند تھے،نہ زیادہ کپڑے بنانے کا شوق اور نہ زیادہ دوسری چیزوں کا۔ آپ کا دل کمزوروں کے معاملے میں بہت حسّاس تھا۔ خاموشی سے مدد کرتے۔ اپنے بھائیوں سے بھی کہہ رکھا تھا کہ کسی ضرورتمند کی مدد کرنی ہو تو مجھے بتا دیا کرو۔ آپ کے کالج میں ایک عیسائی کی وفات ہوئی تو تعزیت کے لئے جانے والوں سے آپ نے کہا کہ صرف تعزیت ان کے مسائل حل نہیں کر پائے گی اس لئے سب کچھ نہ کچھ رقم دیں جس سے اُس کی مدد کی جائے چنانچہ اس بیوہ کو یہ رقم دی گئی تو وہ بے اختیار دعائیں دینے لگی۔

1995ء میں نظام وصیت میں شامل ہوئے۔ اُنہی دنوں میں ہمارا نیا گھر زیر تعمیر تھا۔ ابھی لکڑی کا کام باقی تھا۔ آپ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے سر چھپانے کے لئے انتظام کر دیا ہے، اب پہلے اللہ تعالیٰ کا حق ادا کریں باقی کام بعد میں کریں گے۔ چنانچہ حصہ جائیداد ادا کرنے کے لئے کئی کمیٹیاں ڈال دیں جونہی رقم آتی آپ فوراً ادائیگی کرتے۔ چنانچہ شہادت سے پہلے سارا حصہ جائیداد ادا کرچکے تھے۔

ایک مرتبہ بعض ورثا نے ایک مکان کی وراثت کی تقسیم کے سلسلے میںآپ کی مدد چاہی (کیونکہ آپ نے L.L.Bکیا ہوا تھا)۔ یہ ایک نہایت پیچیدہ کیس تھا کیونکہ ورثاء میں ایک خاتون ایسی بھی تھیں جو ذہنی طور پر نارمل نہ تھیں اور ایک کم عمر بچی کی ماں تھیں۔ آپ نے محض لِلّٰہ اس مسئلے کو حل کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور کئی ماہ کی محنت کے بعد اس مکان کی شرعی تقسیم ہو گئی۔ کئی مرتبہ مخالف پارٹی کی جانب سے دھمکیاں بھی ملتی رہتیں۔ مَیں نے آپ کی جان کے خوف سے کہا کہ آپ کیوں کسی کے معاملے میں پڑ رہے ہیں تو کہنے لگے جب میں حق کا ساتھ دے رہا ہوں تو مجھے کوئی ڈر نہیںایسی کمزور ذہن خاتون کو جب حصہ جائیداد ملا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ اُن کا اطمینان دیکھ کر آپ کہنے لگے ’’اس بے بس عورت کو خوش دیکھ کر میرے اندر سکون اتر آیا ہے، شاید قدرت کو میری یہ نیکی پسند آجائے‘‘۔

آپ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ ایک احمدی کا اچھا کردار ہی اس کی تبلیغ کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ اور درحقیقت آپ ایسے ہی کردار کے مالک تھے۔ ہر بات کو قرآن اور حدیث سے ثابت کرنا، کم مگر سلجھی ہوئی بات کرنا،طبیعت میں حیا اور دین کے اصولوں کی پابندی، آپ کو دوسروں سے ممتاز کر دیتی اور باوجود اس کے کہ لوگوں کو آپ کے احمدی ہونے کا علم تھا وہ کسی بھی شرعی مسئلے میں آپ کی رائے کو اہمیت دیتے تھے۔ آپ بھی عام گفتگو میں تبلیغ کا موقع پیدا کر لیتے اور یہ شوق جوانی سے تھا۔

آپ، آپ کے تین بھائیوں اور ایک کزن پر 1985ء میں لاہورمیں کلمہ کیس بنا۔ یہ مقدمہ تقریباً سات سال چلا۔ آپ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ اس مقدمہ نے ہم سب پر اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے دروازے کھول دیئے ہیں اور ہمیں بہت ترقیات سے نوازا ہے۔چونکہ آپ خود اسیر راہ مولیٰ رہ چکے تھے اس لیے اسیران راہ مولیٰ سے بھی محبت رکھتے تھے۔ اسیرانِ ساہیوال سے ملاقات اور مدد کے لئے مختلف مقامات پر پہنچتے رہے۔

5 ؍دسمبر1986ء کو ہماری شادی ہوئی۔ ہم قدرے مختلف طبیعتوں کے مالک تھے۔ آپ بُردبار اور ہر لفظ سوچ کر بولنے والے اور مَیں کسی حد تک بے فکر۔ مگر محبت کا جو تعلق پہلے روز ہما رے درمیان قائم ہوا وہ ان 23سالوں میں کہیںکا کہیں جا پہنچا۔ گھر میں مسکراتے ہوئے داخل ہونا اور سیر سے واپسی پر میرے لیے موتیے کے پھول لانا، ہر بات شیئر کرنا اور ہر پریشانی میںمیرے لیے ڈھال بن جانا۔ شادی کے چھٹے سال اللہ تعالیٰ نے ہمیں اولاد کی نعمت سے نوازا اس عرصہ میں آپ نے ایک مرتبہ بھی مجھے اس کمی کا احساس نہ دلایا۔

…*…*…*…

مکرم محمد احمد صدیقی صاحب شہید

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 18؍ستمبر 2012ء میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق 15 و 16؍ستمبر 2012ء کی درمیانی رات مکرم محمد احمد صدیقی صاحب آف گلستانِ جوہر کراچی کو نامعلوم افراد نے شدید فائرنگ کرکے اُس وقت موقع پر ہی شہید کردیا جب وہ اپنے برادرنسبتی مکرم ملک شمس فخری صاحب کے ہمراہ اپنے ڈیپارٹمنٹل سٹور ’’السلام سپر سٹور‘‘ واقع گلستان جوہر سے موٹر سائیکل پر اپنے گھر جانے کے لئے نکلے۔ 45 سالہ فخری صاحب شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کئے گئے۔ انہیں پانچ گولیاں لگیں۔ جبکہ مکرم محمد احمد صدیقی صاحب کو دو گولیاں لگیں جن میں سے ایک دل پر اور دوسری کُولہے پر لگی۔

مکرم محمد احمد صدیقی صاحب ابن مکرم ریاض احمد صاحب صدیقی کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ ان کے بھائی مکرم عمران صدیقی صاحب کی بیعت سے ہوا جو 2001ء میں امریکہ میں بیعت کرکے جماعت میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد عمران صدیقی صاحب کی تبلیغ سے آپ کے دیگر دو بھائیوں عمیر صدیقی صاحب اور رضوان صدیقی صاحب نے بھی بیعت کرلی۔ اس کے بعد بشمول والدین کے پورا خاندان بیعت کر کے جماعت میں شامل ہو گیا۔

حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ نے 21؍ستمبر 2012ء کو خطبہ جمعہ میں شہید مرحوم کا مختصر ذکرخیر فرمایا اور بعدازاں نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ حضورانور نے فرمایا کہ شہادت کے وقت شہید مرحوم کی عمر 23سال تھی اور صرف ایک ہفتہ قبل اُن کا نکاح ہوا تھا۔ شہید مرحوم نے گزشتہ سال ہی ایم بی اے کا امتحان پاس کیا تھا۔ بہت شریف النفس، معصوم،اطاعت گزار اور خوش اخلاق طبیعت کے مالک تھے۔ کہتے ہیں کہ تیئس سال کا نوجوان نہ صرف خوبصورت شکل و صورت کا مالک تھا بلکہ خوب سیرت بھی تھا۔ ہر وقت چند دعائیں اپنے پاس لکھ کر رکھا کرتے تھے اور اُنہیں پڑھتے رہتے تھے۔ اُن کے بھائی نے کہا کہ ہم میں سے سب سے قابل تھا۔ 7؍ستمبر 2012ء کو اس نے اپنے بعض دوستوں کو موبائل پر SMS کیا کہ کراچی کے حالات بہت خراب ہیں، اگر مَیں شہید ہو جاؤں تو میرے لئے دعا کرنا۔

شہید مرحوم کی والدہ نے اس تکلیف دہ واقعہ کے وقت بتایا کہ تعزیت کے لئے آنے والی غیر احمدی رشتہ دار خواتین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ آپ نے انجام دیکھ لیا۔ اس پر شہید مرحوم کی والدہ نے اُنہیں جواباً کہا کہ ہم نے اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر مسیح کو مانا ہے، ہم کسی سے نہیں ڈرتے۔ میں جماعت کی خاطر اپنے نو (9)کے نو (9) بیٹوں کو قربان کرنے کے لئے تیار ہوں۔ اللہ کے فضل سے شہید کے بھائی بہن سب حوصلے میں ہیں۔ شہید مرحوم کے والد صاحب پہلے ہی وفات پا چکے ہیں۔ شہید مرحوم نے لواحقین میں بوڑھی والدہ محترمہ کے علاوہ آٹھ بھائی اور دو بہنیں سوگوار چھوڑی ہیں۔ آپ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔

…*…*…*…

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 19؍اکتوبر 2012ء میں مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک طویل نظم بعنوان ’’لجنہ اماءاللہ‘‘ شاملِ اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:

آج ہے آزادیٔ نسواں کا چرچا ہر طرف

پھر رہی ہے بنتِ حوّا بے محابا ہر طرف

نہ تعیّن سمت کا نہ مقصدِ اعلیٰ کوئی

عقل و دانش پر پڑا ہے جس طرح تالا کوئی

وہ سمجھتی ہیں کہ جاہل ہیں ہماری عورتیں

بند پردے میں ہیں ہم سوچوں سے عاری عورتیں

ہم بتاتے ہیں انہیں لجنہ اِماءاللہ ہے کیا

کیا ہیں اغراض و مقاصد ، شان کیا ، رتبہ ہے کیا

منفرد ہیں ہم ، ہماری منفرد تنظیم ہے

عورتوں کے واسطے جو باعثِ تکریم ہے

منسلک آپس میں یوں ہیں جس طرح اِک خاندان

اور سر پر ہے خلافت کا مبارک سائبان

مختلف نسلیں ، علاقے اور زبانیں مختلف

تیر سب کے ایک جانب ، ہیں کمانیں مختلف

عہد لیکن ایک ہے ، پیمان لیکن ایک ہے

مختلف ہیں جسم گرچہ جان لیکن ایک ہے

الغرض لجنہ اِماءاللہ عجب تنظیم ہے

دین دنیا پر مقدّم ہو ، یہی تعلیم ہے

اگلےالفضل ڈائجسٹ کے لیے…

گزسشتہ الفضل ڈائجسٹ کے لیے…

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button