امریکہ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ کینیڈا 2022ء

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

اللہ تعالیٰ کی قائم کردہ روحانی جماعتوں کے لیے روحانی اجتماعات کی اہمیت کئی پہلوؤں سے بہت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے کئی طرح سے تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آتے ہیں، اخلاقی سطح بلند ہوتی ہے۔ علمی اور ورزشی پروگراموں میں شمولیت کے علاوہ دیگر تربیتی اور تعمیری پروگراموں میں شرکت کا موقع ملتا ہے۔ دوستوں کی باہم ملاقات بھی اس کا ایک اہم مقصد ہے۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال مجلس انصار اللہ کینیڈا کی مجلس شوریٰ اور سالانہ اجتماع 12، 13 اور 14؍اگست 2022ء (بروز جمعۃ المبارک، ہفتہ، اتوار) بیت السلام کمپلیکس ٹورنٹو میں نہایت کامیابی سے منعقد ہوا۔ الحمدللہ

مجلس شوریٰ

12؍اگست بروز جمعہ دن کا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا جبکہ مجلس انصار اللہ کی مجلس شوریٰ کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لائیو خطبہ جمعہ سے کیا گیا، جس کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی شروع ہوئی۔ اس سال 305ممبران شوریٰ نے 15ریجنز اور 107 مجالس کی نمائندگی کی۔ پہلے اجلاس کی صدارت نائب امیر مکرم کلیم احمد ملک صاحب نے کی جس میں انصار اللہ کے عہد کے بعد گذشتہ سال کی تجاویز کی رپورٹ پیش کی گئی بعد ازاں اس سال کی شوریٰ تجاویز پیش کی گئی، نماز جمعہ کے وقفے سے پہلے امسال کی تجاویز کو شوریٰ اجلاس میں پیش کیا گیا اور ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے۔ نماز جمعہ اور ظہر کی ادائیگی کے بعد مجلس شوریٰ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹ اور تجازیز پیش کی گئیں جس کے بعد ان تجاویز کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں پیش کیے جانے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی۔ اجلاس کا اختتام دعا پر ہوا جس کے بعد شوریٰ کے ممبرا ن کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا جس میں احمدیہ جماعت کینیڈا کی نیشنل عاملہ، خدام الاحمدیہ کی نیشنل عاملہ اور دیگر مربیان سلسلہ اور عمائدین نے شرکت کی۔

اجتماع کا پہلا دن

13؍اگست 2022ء بروز ہفتہ کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جبکہ اجتماع کا باقاعدہ آغاز محترم عبدالرشید انور صاحب، مشنری انچارج کینیڈا نے پرچم کشائی سے کیا جس کے بعد افتتاحی اجلاس معقد ہوا جس کی صدارت بھی آپ ہی نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم رفیع زنداقی صاحب نے کی جبکہ اردو اور انگریزی ترجمہ مکرم اویس محمود صاحب، ناظم اعلیٰ ایسٹرن کینیڈا نے پیش کیا، تلاوت کے بعد صدر مجلس انصار للہ مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب نے انصار اللہ کا عہد دہرایا، جس کے بعد محمد یونس چُغتائی صاحب نے نظم پیش کی جس کا انگریزی ترجمہ فضل مسعود صاحب ناضم اعلیٰ اٹلانٹک کینیڈا نے پیش کیا۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترم مشنری انچارج صاحب نے مقام خلافت اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر نہایت مدلل خطاب کیا۔ جس کے بعد دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پزیر ہوا۔

افتتاحی اجلاس کے بعد تعلیمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا، جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن کریم، ترجمۃ القرآن، عربی تقاریر اور نظم کے مقابلہ جات، اجتماع گاہ اور بیت الاسلام مسجد میں منعقد ہوئے۔ یہ مقابلے تقریباً دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہے جن کے بعد دو تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے۔

تربیتی اجلاس

امسال اجتماع کے دوران انصار بھائیوں کے لیے دو خصوصی تربیتی اجلاسات بھی منعقد کیے گئے جن میں سے ایک اجتماع گاہ میں منعقد ہوا جس کا موضوع شادی، ذاتی اور معاشرے کی حفاظت کا ذریعہ تھا، اس اجلاس کی صدارت مکرم شاہد منصور صاحب، نیشنل سیکرٹری تربیت نے کی۔ یہ اجلاس سوال و جواب کی صورت میں منعقد ہوا جس میں حاضرین نے پھر پور شرکت کی۔ جبکہ دوسرا اجلاس مسجد بیت الاسلام میں ذہنی صحت کے موضوع پر منعقد ہوا۔

صدر مجلس انصار اللہ کے ساتھ خصوصی نشست

کھانے اور نماز ظہر و عصر کے بعد صدر مجلس انصار اللہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا تھا، تلاوت قرآن کریم مولانا سہیل احمد ثاقب صاحب، قائد تعلیم القرآن، مجلس انصار اللہ نے پیش کی جبکہ اردو اور انگریزی ترجمہ مکرم داود اسماعیل صاحب، نائب قائد عمومی نے پیش کیا، نظم خاکسار نے پیش کی جس کا انگریزی ترجمہ محترم عدیل عزیز صاحب نے پیش کیا۔ صدر مجلس کے خطاب کا موضوع قرب الٰہی اور اُس کا حصول تھا، جس میں آپ نے حضرت مسیح الموعود علیہ سلام کے مختلف صحابہ کی زندگی کے واقعات سے اس موضوع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ورزشی مقابلہ جات

صدر مجلس انصاراللہ کے ساتھ خصوصی نشست کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا، جن میں والی بال، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، رسہ کشی کے مقابلے شامل تھے، جب کے صف اول کے انصار کے لیے فاسٹ واک اور باسکٹ بال تھرو کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصار اللہ کے مابین ایک نمائشی باسکٹ بال کا میچ بھی ہوا جس کو حاضرین نے بڑی دلچسپی سے دیکھا، اس نمائشی میچ میں مجلس انصار اللہ کی ٹیم فتح یاب ہوئی۔

مجلس سوال و جواب

نماز مغرب اور عشا سے ایک گھنٹہ پہلے مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس کی صدارت، نائب امیر مکرم کلیم ملک صاحب نے کی جبکہ پینل میں محترم مشنری انچارج صاحب اور صدر مجلس انصار اللہ صاحب بھی تھے۔ اس محفل سوال و جواب میں حاضرین نے مختلف موضوعات جن میں دینی مسائل اور روز مرہ کی زندگی سے تعلق رکھنے والے معاشرتی مسائل پر سوال کیے، جن کے سیر حاصل جوابات دیے گئے۔ اجلاس کے آخر میں افریقہ سے تعلق رکھنے والے انصار بھائیوں نے اپنے مخصوص انداز میں افریقی ترانہ پیش کیا۔

اجتماع کا دوسرا دن

اتوار 14؍اگست بروز اتوار دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر کی ادائیگی سے ہوا، جس کے بعد ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں میں والی بال، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، رسہ کشی، سو اور چار سو میٹر دوڑ کے فائنل مقابلے ہوئے، ا س ہی طرح ذہنی ورزش کے لیے مشاہدہ معائنہ اور پیغام رسانی کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔

پونے دس بجے بقیہ تعلیمی مقابلے جن میں انگریزی، فرنچ اور اردو کے تقاریر ی مقابلے شامل تھے منعقد ہوئے، ان مقابلوں کے بعد دو خصوصی اجلاس منعقد ہوئے جن میں ایک، عرب اور اور نو معبائین بھائیوں کے ساتھ نشست تھی جبکہ دوسرا مرکزی اجتماع گاہ میں میں اپنے بچوں کو ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتا رہوں گا کے موضوع پر منعقد ہوا، اس اجلاس کی صدارت مکرم سہیل مبارک شرما صاحب، نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مکرم مصباح بلوچ صاحب، نائب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا نے ادا کیے، جبکہ پینل میں مکرم کلیم ملک صاحب، نائب امیر اور صدر مجلس انصار اللہ بھی شامل تھے۔ حاضرین کے سوالات اور اُنکے جوابات کے بعد مکرم نائب امیر صاحب نے اس موضوع کی اہمیت اور ضرورت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یہ اہم اجلاس دعا کے بعد کھانے اور نماز ظہر و عصر کے وقفے پر ختم ہوا۔

اختتامی اجلاس

اختتامی اجلاس کا آغاز نماز ظہر اور عصر کے وقفے کے بعد ہوا، جس کی صدارت مکرم سہیل مبارک شرما صاحب، نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی،تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ مکرم سید مبشر احمد صاحب نے پیش کیا جبکہ نظم اور اُس کا ترجمہ مکرم طارق رشید الدین صاحب نے پیش کی، عرب انصار نےحضرت محمدﷺ کی شان میں قصیدہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام پیش کیا، ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم ناصر احمد صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد تقریب تقسیم انعامات اور طلبا میں وظائف دیے گئے، مکرم سہیل مبارک شرما صاحب کے مختصر خطاب کے بعد صدر مجلس انصار اللہ نے تمام حاضرین اجتماع کے ساتھ عہد دُہرایا جس کے بعد دعا کے ساتھ ہی یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس اجتماع میں شاملین کی دلچسپی کے لیے تبلیغی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جبکہ ریوو آف ریلیجن اور بُک سٹال بھی موجود تھا۔ اجتماع گاہ میں ایک چھوٹا بازار بھی تھا جہاں مختلف اشیا اور کھانے پینے کے سٹال تھے۔ اجتماع کی مجموعی حاضری 2300 سے زائد تھی جبکہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے اس اجتماع کو یوٹیوب کے ذریعہ لائیو سٹریم کیا گیا جس کو دیکھنے والوں کی تعداد 2800سے زائد تھی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے وبا کے تین سالہ وقفہ کے بعد انصار بہت شوق کے ساتھ اس اجتماع میں شامل ہوئے۔ تمام اجتماع کے ناظمین نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتھک محنت کی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button