امریکہ (رپورٹس)

رمضان المبارک 2018ء کے دوران جماعت احمدیہ سرینام کی مساعی

(لئیق احمد مشتاق ۔ مبلغ سلسلہ سرینام، جنوبی امریکہ)

ملک کے نائب صدر اور دیگر معروف شخصیات کی دعوت افطار میں شرکت۔ایمر انڈین وفد کی پہلی بار افطار اور نماز عید میں شمولیت۔

دو ٹی وی چینلز سے روزانہ ایک پروگرام کی نشریات، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں جماعتی آرٹیکلز کی بکثرت اشاعت۔

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے جماعت احمدیہ سرینام کو دسمبر 2001ء سے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں روزانہ پندرہ منٹ کا ایک ٹی وی پروگرام پیش کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔اس روایت پہ مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے جماعت نے حسب توفیق آگے کی جانب قدم بڑھایا ہے،اور گزشتہ تین سالوں سے ہم دو مختلف ٹی وی چینلز سے رمضان پروگرام پیش کرنے کی توفیق پا رہے ہیں۔مذہبی رواداری کی اچھی مثال قائم کرتے ہوئے ٹی وی چینلز کے مالکان غیر مسلم ہونے کے باوجود رمضان پروگرامز کے لئے مسلمانوں کو انتہائی مناسب معاوضے پر پروگرام نشر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور مسیح الزمان کی جماعت کو یہ توفیق ملتی ہے کہ ان مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کی اہمیت،فضائل و برکات اور مسائل عوام الناس کے سامنے پیش کئے جائیں،اور افراد جماعت اس کار خیر کے لئے وقت اور مال کی قربانی دیتے ہیں۔ باقی مسلمان فرقے ٹی وی چینلز سے وقت لےکر ایشیائی ملکوں کی نعتیں اور قوالیاں پیش کرتے ہیں۔امسال بھی اپریل کے شروع میں مختلف ٹی وی چینلز سے رابطہ کرکے پروگرام کا خرچ معلوم کیا گیا، اور ملک کے دو معروف ٹی وی چینلز (T.B.N.)تری شول براڈکاسٹنگ نیٹ ورک اور (Radika) رادیکا ٹی وی سے گزشتہ سال کے معاوضے کے مطابق پروگرام کا معاہدہ طے پایا۔ 16اپریل کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط تحریر کرنے کے بعد پروگرامز کی سیٹنگ شروع کی گئی۔
15مئی کو شام پونے چھ بجے ’’رادیکا‘‘ اور سوا چھ بجے ’’تریشول ‘‘ٹی وی سے پروگرام کی نشریات کا آغاز ہوا، جو عید سے پہلی رات تک جاری رہا۔ راپار براڈکاسٹنگ نیٹ ورک(RBN Ch.5)جہاں سے جماعت کا ہفتہ وار پروگرام نشر ہوتا ہے، اس چینل کو بھی پانچ پروگرام رمضان المبارک کے حوالے سے تیار کرکے دئیے گئے۔

جمعرات 17مئی کو سرینام میں مسلمانوں کی اکژیت نے پہلا روزہ رکھا ۔جماعت کی دونوں مساجد میں صلوٰۃ خمسہ باجماعت کےساتھ ساتھ نماز تراویح اور درس کا انتظام کیا گیا۔

18مئی کو ’’روزہ رکھنے کا معیار‘‘کے عنوان سے جماعت کا پہلا مضمون (Starniuews)’ ’سٹار نیوز‘‘ اور (GFC Nieuws)’’جی ایف سی نیوز‘‘ پر شائع ہوا۔ سٹار نیوز ملک کی سب سے مشہور اور قابل اعتماد ویب سائٹ ہے،جس کے قارئین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے ۔اس مضمون کو ہالینڈ کی تین اورسرینام کی ایک اور نیوز ویب سائٹ نے اپنے مین صفحے پر شیئر کیا۔مورخہ 21مئی کو یہی مضمون ملک کے سب سے قدیم اخبار روزنامہ’’داوار ٹیڈ‘‘ (De Ware Tijd) نے صفحہ نمبر A5پہ شائع کیا۔

23مئی کو ’’نمازعبادت کا مغز‘‘کے عنوان سے جماعت کا دوسرا آرٹیکل ’’سٹار نیوز‘‘ اور’’ جی ایف سی نیوز‘‘ پر شائع ہوا۔ یہی مضمون مورخہ 24مئی کو دو اخبارات روزنامہ ’’داخ بلاد سرینام‘‘(Dagblad SURINAME)اور ’’ٹائمز آف سرینام‘‘(TIMES of Suriname)میں شائع ہوا۔

’’روزہ رکھنے کی مناسب عمر‘‘ کے عنوان سے ایک مضمون احادیث ، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے ارشادات سے مزیّن کرکے میڈیا کو بھجوایا گیا ، یہ مضمون’’ سٹار نیوز ‘‘ پر ہفتہ 27مئی کو شائع ہوا۔ جسے ہالینڈ کی تین نیوز ویب سائٹس نے شیئرکیا۔سٹار نیوز کے فیس بُک پیج پر سینکڑوں لوگوں نے اس مضمون کو پسند کیا اور بیسیوں افراد نے اس پر تبصرے کئے۔اس کے علاوہ ’’اعمال صالحہ‘‘ اور ’’عید الفطر‘‘ کے عناوین سے جماعتی مضامین مختلف اخبارات اور نیوز ویب سائٹس پر شائع ہوئے۔

’’روزے کے طبی فوائد‘‘ کے حوالے سے ایک تفصیلی مضمون حدیث رسولﷺ( صُوْمُوْا تَصِحُّوْا) کی تشریح اور جدید طبی تحقیق کے مکمل اعدادو شمار کےساتھ روزنامہ’’ داخ بلاد سرینام‘‘ کو بھجوایا گیا۔ یہ مضمون تین صفحات پر مشتمل تھا۔بفضل خدا یہ مضمون 11جون کو روزنامہ (Dagblad SURINAME) کے صفحہ نمبر 6پر شائع ہوا۔

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعتی تاریخ میں پہلی بار6جماعتی مضامین3 اخبارات،6 ملکی اور 4غیر ملکی نیوز ویب سائٹس پر 29بار شائع ہوئے۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال مرکزی مسجد ناصر میں 14اجتماعی افطاریوں کا انتظام کیا گیا ۔جس میں حاضری 100 سے 120تک رہی۔

31مئی کو ڈسٹرکٹ سارامکہ (Saramacca) میں واقع ایمر انڈین گائوں (Maho)’’ماہو‘‘ کی چیف (
( Astrid Tuanae)چھ رکنی وفد کے ہمراہ پہلی بار افطار کے لئے مسجد آئیں۔اس گائوں کا وفد نومبر 2017ء میں جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لئے آیا تھا۔ یہ لوگ نماز تراویح میں شامل ہوئے اور رات گئے اپنے گائوں واپس لوٹے۔

7جون کو جمہوریہ سرینام کے نائب صدر مسٹر اشون آدھین(Mr. Ashwin Adhin) اپنے سٹاف کےساتھ افطار کے لئے مسجد ناصر تشریف لائے۔موصوف پیشے کے اعتبار سے ٹیلی کام انجینیئر ہیں اور 2013ء تک یونیورسٹی آف سرینام میں پروفیسر تھے۔ پھر وزیر تعلیم مقرر ہوئے ۔ اور مئی 2015ء میں35سال کی عمر میں ملک کے کم عمر ترین نائب صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔جنوری 2012ء میں جماعت کی طرف سے انہیں قرآن مجید ، اسلامی اصول کی فلاسفی اور دیگر جماعتی کتب کا تحفہ دیا گیا تھا۔اور نومبر 2012ء میں جلسہ سالانہ سرینام کے موقعہ پر اپنی تقریر میں موصوف نے ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ کی مدح سرائی کی تھی۔مسجد آمد کے موقعہ پر معزز مہمان کوپھول پیش کئے گئے،موصوف نے جماعتی دفتر، سٹوڈیو اور مسجد کے دیگر حصے دیکھے،اور جماعت کی مختلف سرگرمیوں کی تفصیل پوچھی۔ افطار کے بعد موصوف نماز مغرب کے دوران مسجد میں موجود رہے۔بعد ازاں ایک مختصر تقریب میں انہیں جماعت کی طرف سے یادگاری شیلڈ نیز دعوۃ الامیر،عالمی بحران اور امن کی راہ کے ڈچ تراجم پیش کئے گئے۔اپنے خطاب میں نائب صد ر نے کہا کہ:’’ میں صرف رمضان المبارک کی خوشی بانٹنے کے لئے آپ کے پاس آیا ہوں ، اور آپ کی مسجد میں کچھ پل گزار کر مجھے ذہنی سکون ملا ہے‘‘۔بعد ازاں موصوف عشائیے میں شامل ہوئے اور دو گھنٹے سے زائد وقت گزارنے کے بعد واپس تشریف لے گئے۔

8جون کو پارلیمنٹ کے ممبر اور اپوزیشن لیڈر ’’ مسٹر چندریکا پرشاد سنتو کھی‘‘(Mr. Chandrikapersad Santokhi)پانچ رکنی وفد کے ہمراہ افطار میں شرکت کے لئے مسجد آئے۔اور گفتگو کے دوران جماعت سے اپنے مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔

امسال رؤیت ہلال، روزے کی اہمیت،فضیلت ، برکات ،روزے کے مسائل ،سفر اور روزہ ،روزہ رکھنے کی عمر، تلاوت قرآن مجید کی اہمیت وبرکات،اعتکاف کی اہمیت و فضیلت،لیلۃ القدرکی فضیلت اور اس کی تلاش کی سعی، صدقۃالفطر کی اہمیت اور ادائیگی کا طریق،مسجد کا احترام، عیدالفطر اور سنت رسول ﷺ ، ایسے موضوعات پر کل 67پروگرام پیش کئے گئے، جن پر 16گھنٹے45 منٹ وقت صرف ہوا ۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے بڑی تعداد میں اہل سرینام مسلم اور غیر مسلم افراد نے ہمارے پروگرام دیکھے، اور ان کے معیار کی تعریف کی۔متعدد افراد نے موبائل فون پر مبارکباد کے پیغامات بھجوائے ۔حسب روایت تمام پروگرامز کا خرچ افراد جماعت کی ڈونیشن سے پورا کیا گیا،اور خدا تعالیٰ کے فضل سے ممبران نے اس مقصد کے لئے بھر پور جذبے کےساتھ قربانی کی۔ عید سے ایک ہفتہ قبل اشیاء خورونوش کے 15پیکٹ غیر از جماعت مستحقین او رضرورتمند افراد جماعت میں تقسیم کئے گئے، اور جماعت کے کچھ بچوں کے لئے کپڑوں کاا نتظام کیا گیا ۔
14جون کو اجتماعی وقار عمل کا اہتمام کیا گیا۔مسجد اور آس پاس کی جگہوں کی صفائی کی گئی اور نمازعید کے لئے اضافی جگہ تیار کی گئی۔

15جون 2018ء بروز جمعۃ المبارک ملک میں عید الفطر منائی گئی، نماز عید میں حاضری خدا تعالیٰ کے فضل سے 220سے زائد تھی۔

ایمر انڈین گائوں ’’ماہو‘‘ کا بھی ایک وفد نماز عید میں شمولیت کے آیا،اور نماز جمعہ کے بعد واپس گیا۔
حالات حاضرہ کے معروف پروگرامPrime Alertکی ٹیم نماز عید سے قبل مسجد پہنچ گئی۔ نماز عید اور دوسری سرگرمیوں کی ریکارڈنگ کی اور اسی شام آٹھ بجے نصف گھنٹے سے زائد کاپروگرام ٹی وی پر نشر ہوا۔

قارئین الفضل کی خدمت میں جماعت سرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لئے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button