پیغام حضور انور

پہلے نورڈک جلسہ سالانہ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

پیارے احباب جماعت احمدیہ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

الحمد للہ کہ جماعت ہائے احمدیہ سکینڈے نیویا کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور شاملین کو اس جلسہ سے روحانی اور دینی استفادہ کرنے کی بھر پور توفیق بخشے۔ جیسا کہ سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے جلسہ کے بارہ میں بتایا ہے کہ یہ خالصتاً دینی اجتماع ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ احباب جماعت تقویٰ اور روحانیت میں ترقی کریں۔اوریہی جماعت کے قیام کا مقصد ہے ، آپ کے اندر پاک تبدیلی پیدا ہو۔ آپس میں اخوّت و پیار و محبت پیدا کریں۔ آپ کی تمام فکریں دنیا کی طرف نہ ہوں بلکہ دین میں ترقی مقصدہو۔ اس سے دنیا بھی ملے گی اور دین بھی ملے گا۔ اس لئے جو جلسہ میں شامل ہورہے ہیں ، اس مقصد کو مدّ نظر رکھیں اور ہر احمدی اپنے آپ کو تقویٰ میں بڑھانے کے لئے جدوجہد کرے۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام فرماتے ہیں:

’’ خدا تعالیٰ قرآن مجیدمیں فرماتاہے قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَکّٰىہَا وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسّٰـىہَا(الشمس10:) جس کا مطلب یہ ہے کہ نجات پاگیا وہ شخص جس نے اپنے نفس کا تزکیہ کرلیااور خائب اور خاسر ہوگیا وہ شخص جو اس سے محروم رہا۔ اس لئے اب تم لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ تزکیہ نفس کس کو کہا جاتا ہے۔ سو یاد رکھو کہ ایک مسلمان کو حقوق اللہ اور حقوق العباد کو پورا کرنے کے واسطے ہمہ تن تیار رہنا چاہئےاور جیسے زبان سے خدا تعالیٰ کو اس کی ذات اور صفات میں وحدہٗ لاشریک سمجھتا ہے، ایسے ہی عملی طورپر اس کو دکھانا چاہئے اور اس کی مخلوق کے ساتھ ہمدردی اور ملائمت سے پیش آنا چاہئےاور اپنے بھائیوں سے کسی قسم کا بھی بغض ، حسداور کینہ نہیں رکھنا چاہئے اور دوسروں کی غیبت کرنے سے بالکل الگ ہونا چاہئے۔ لیکن میں دیکھتا ہوں کہ یہ معاملہ تو ابھی دُور ہے کہ تم لوگ خدا تعالیٰ کے ساتھ ایسے خود رفتہ اور محو ہوجاؤکہ بس اسی کے ہوجاؤ اور جیسے زبان سے اس کا اقرار کرتے ہو عمل سے بھی کرکے دکھاؤ۔ ابھی تو تم لوگ مخلوق کے حقوق کو بھی کماحقہ ادا نہیں کرتے۔ بہت سے ایسے ہیں جو آپس میں فساد اور دشمنی رکھتے ہیں اور اپنے سے کمزوراور غریب شخصوں کونظر حقارت سے دیکھتے ہیں اور بد سلوکی سے پیش آتے ہیں اور اپنے دلوں میں بعض اور کینہ رکھتے ہیں۔ لیکن خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ تم آپس میں ایک وجود کی طرح بن جاؤ۔اور جب تم ایک وجود کی طرح ہوجاؤ گے ، اس وقت کہہ سکیں گے کہ اب تم نے اپنے نفسوں کا تزکیہ کرلیا۔ کیونکہ جب تک تمہارا آپس میں معاملہ صاف نہیں ہوگا، اس وقت تک خدا تعالیٰ سے بھی معاملہ صاف نہیں ہوسکتا۔گو ان دونوں قسم کے حقوق میں بڑا حق خدا تعالیٰ کا ہے۔ مگر اس کی مخلوق کے ساتھ معاملہ کرنا یہ بطور آئینہ کے ہے۔ جو شخص اپنے بھائیوں سے صاف صاف معاملہ نہیں کرتا وہ خدا تعالیٰ کے حقوق بھی ادا نہیں کرسکتا۔‘‘

(ملفوظات جلد 10صفحہ 72-73)

پس آپ کے لئے اللہ تعالیٰ نے ایک وجود کی طرح بننے کے سامان پیدا فرمائے ہیں اور خلافت کی نعمت سے نوازا ہے۔ یہ حبل اللہ ہے ، جس کے بارہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہےکہ وَاعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللہِ جَمِیْعًا وَّلَا تَفَرَّقُوْا۝۰۠ وَاذْکُرُوْا نِعْمَتَ اللہِ عَلَیْکُمْ اِذْ کُنْتُمْ اَعْدَاۗءً فَاَلَّفَ بَیْنَ قُلُوْبِکُمْ فَاَصْبَحْتُمْ بِنِعْمَتِہٖٓ اِخْوَانًا۔ کہ اللہ تعالیٰ کی رسّی کو مضبوطی سے تھامنے کے نتیجہ میں ہی تم ایک وجود بن سکتےہو۔اس لئے آپ خلافت احمدیہ کی قدر کریں۔ خلیفہ وقت کےساتھ اپنے تعلق کو مظبوط بنائیں۔ اس کی باتوں کو غور سے سنیں اور ان پر عمل پیرا ہونے کی حتی الوسع کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق دے۔

ایک اور اہم بات جس کی طرف سکینڈے نیوین ممالک کے بسنے والےاحمدیوں کو توجہ دلانا چاہتا ہوں،وہ یہ ہے کہ اسلام احمدیت کے پیغام کو ان ملکوں میں پھیلائیں۔ اس کے لئے سب سے اہم آپ کا عملی نمونہ ہے۔ اپنے نیک نمونے کے ذریعہ لوگوں کے دلوں کو اسلام احمدیت کے لئے جیتنے کی کوشش کریں۔ جب تک آپ کا عملی نمونہ نہیں ہوگا، آپ لاکھ تبلیغ کریں ۔ اسلام کی خوبیاں بیان کریں، وہ نتیجہ سامنے نہیں آئے گا جو آپ کے عمدہ نمونہ کے نتیجہ میں ظاہر ہوگا۔ پس میں جو بار بار تقویٰ اختیار کرنے، روحانیت میں بڑھنے، خدا تعالیٰ اور بندوں کے حقوق کی ادائیگی کی طرف توجہ دلاتا ہوں، یہ اسی لئے ہے کہ جب آپ ان چیزوں میں ترقی کریں گے تو لوگ خود بخود اسلام احمدیت کی طرف مائل ہوتے چلے جائیں گے۔بہت سے نئے احمدی ہونے والوں سے آپ پوچھیں تو وہ بھی آپ کو یہی بتائیں گے کہ احمدیت کے بھائی چارہ کو دیکھ کر، ان کے نمونہ کو دیکھ کر اسلام میں داخل ہوئے ہیں۔پس تبلیغ بھی کریں ، لیف لیٹس کی تقسیم اور نمائشوں کے انعقاد کے ذریعہ اسلام احمدیت کا پیغام پہنچائیں اور عملی طور بھی اپنا نیک نمونہ پیش کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو اور آپ کو اس کی توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو نیکی اور تقویٰ میں ترقی دے اور اپنے فضلوں کا وارث بنائے۔ آمین

والسلام ۔خاکسار

(دستخط)

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button