افریقہ (رپورٹس)

میڈیکل کیمپ ہیومینیٹی فرسٹ،آئیوری کوسٹ

ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو ماہ اگست میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے ساتھ ساتھ 2 مختلف مقامات پر نصب مشینوں کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کے تحت مورخہ 13؍اگست 2022ء کی صبح میڈیکل ٹیم آئیوری کوسٹ بواکے ریجن میں واقع مختلف مقامات پر خدمت انسانیت کے کاموں کے لیے آبی جان سے روانہ ہوئی۔ روانگی سے قبل امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے دعا کروائی۔ اس وفد کی قیادت خاکسار (ریجنل مشنری بواکے) کے حصہ میں آئی۔ ٹیم میں جنرل سیکرٹری ہیومینیٹی فرسٹ مکرم یحییٰ وترا صاحب (Yaya Ouattara) و دیگر 3 اراکین کے ساتھ میڈیکل سٹاف احمدیہ کلینک آبی جان کے 3 افراد بھی شامل تھے۔ آڈیو ویڈیو ڈیپارٹمنٹ سے مکرم یونس اکانفے صاحب نیز جابی عبدالرحمان صاحب شریک سفر تھے۔ شام پانچ بجے یہ ٹیم 460 کلو میٹر کا سفر طے کر کے ایک گاؤں Drakokaha پہنچی جہاں کچھ عرصہ قبل ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے دو مشینیں (مکئی و انیام پیسنے کی چکی نیز چاول جھڑنے کی مشین) بطور عطیہ نصب کی گئی تھی اور آج انکا باقاعدہ افتتاح کیا جانا مقصود تھا۔ باوجود ناسازگار موسم کے اہل گاؤں ایک کثیر تعداد میں موجود تھے۔ خرابئ موسم کے باعث کوئی بڑی تقریب منعقد نہ ہو سکی تاہم ٹیم نے ان مشینوں کا افتتاح کیا جس کے بعد خاکسارنے دعا کروائی۔ اس موقع پر آئی ہوئی خواتین نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گاؤں میں اس طرح کی مشین نہ ہونے کے سبب اپنی اجناس پیسنے کے لیے 20 کلومیٹر دور دوسرے گاؤں میں جانا پڑتا تھا۔ اب اس عطیہ کے سبب ان کی مشکل آسان ہوگئی ہے اور بسہولت اجناس پیس سکیں گے۔ انہوں نےتہہ دل سے ہیومینیٹی فرسٹ کاشکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ ہیومینیٹی فرسٹ اپنی خدمت انسانیت کے کاموں کو ہمیشہ جاری رکھے۔

ہیومینیٹی فرسٹ کے وفد نے رات کچولا گاؤں کے ہوٹل میں بسر کی اور اگلی صبح ناشتہ کے بعد اگلی منزل مانگروڈوگو کے لیے روانہ ہوئی۔ یہ جگہ ریجنل ہیڈکوارٹر بواکے سے 170 کلومیٹر دوراور آبی جان سے تقریباً 500 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ جہاں پر ہیومینیٹی فرسٹ کی طرف سے بلا معاوضہ میڈیکل کیمپ نیز بلا معاوضہ بلڈ ٹیسٹ، بلا معاوضہ شوگر ٹیسٹ و بلا معاوضہ ہیپاٹائیٹس ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے ساتھ ہی جماعت بواکے کے تعاون کے ساتھ عطیہ خون کیمپ کا بھی انعقاد تھا۔ جبکہ ساتھ ہی اس گاؤں میں ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل انیام و مکئی پیسنےکی چکی بھی نصب کی گئی تھی جس کاافتتاح بھی کیا جانا تھا۔

مانگروڈوگو پہنچنے پر اہلیان گاؤں نے چیف کے ہمراہ وفد کا پرجوش استقبال کیا۔ کچولا سے وفد میں 3 ڈاکٹرز اور 2 میڈیکل سٹوڈینٹس اور پیرامیڈیکل سٹاف کے 2ممبران بھی شامل ہوگئے۔ جبکہ بلڈ ڈونیشن کی ٹیم بواکے سے آئی۔ تمام ٹیموں نے اپنے سامان کو سیٹ کیا اور دعا کے ساتھ ان تمام پروگرامز کا آغاز ہوا۔ مریضوں کے معائنہ کے لیے تین ٹیبلز لگائے گئے۔ مریضوں کے معائنہ کے لیے ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب ماہر امراض معدہ آبی جان ہسپتال، ڈاکٹر ابراھیم ڈوکرے صاحب پروفیسر پیتھالوجی آبی جان میڈیکل یونیورسٹی نیز ڈاکٹر عبدالرحمان صاحب میڈیکل سپیشلسٹ ڈیوٹی پر موجود تھے۔ جبکہ میڈیکل کالج بواکے کے 2 سٹوڈینٹس نے انکی معاونت بھی کی۔ مریضوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک خیمہ لگایا گیا جس میں عبالقہار صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ رجسٹریشن کا کام کیا۔ ایک خیمہ میں پیرا میڈیکل سٹاف کے ممبران موجود تھے اور مریضوں کی مرہم پٹی، انجکشن، ڈرپس اور بلڈ پریشر چیک کرنے وغیرہ کا کام بخوبی سرانجام دے رہے تھے۔ علاوہ ازیں اس خیمہ میں مریضوں کے فری شوگر ٹیسٹ اور ہیپاٹائیٹس ٹیسٹ بھی کیے جاتے رہے۔ دوران کیمپ عطیہ خون کی ٹیم بھی ایک خیمہ میں سامان کے ساتھ موجود تھی اور عطیہ خون کے ساتھ ریفریشمنٹ مہیا کرنے میں مصروف رہی۔ دوران کیمپ 290 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا اور مفت دعائیں بھی دی گئیں۔ 85سے زائد افراد کا شوگر اور 90 سے زائد کا ہیپاٹائیٹس ٹیسٹ کیا گیا۔ 150 سے زائد مریضوں کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا۔ 21 خون کی بوتلز بھی عطیہ کی گئیں۔ نماز ظہر تک میڈیکل کیمپ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔

اسی گاؤں میں ہیومینیٹی فرسٹ کے فوڈ پراجیکٹس کے تحت مکئی اور اجناس پیسنے والی مشین بھی گزشتہ عرصہ میں نصب کی گئی تھی جس کے افتتاح کا پروگرام عمل میں آیا۔ افتتاح کے بعد مقامی خواتین کی خوشی دیدنی تھی کہ انھیں اب اپنے گاؤں میں ہی آٹا بنانے والی مشین میسر آگئی تھی۔ گاؤں کی عورتوں کی نمائندگی میں انکی صدر صاحبہ نے ہیومینیٹی فرسٹ کی گراں قدر خدمات کا شکریہ ادا کیا۔ سہ پہر 3 بجے میڈیکل کیمپ اور دیگر سرگرمیوں کا اختتام ہوااور ٹیم کامیاب دورہ کے بعد واپسی کے لیے روانہ ہوئی۔ رات بواکے مشن میں قیام کے بعد 15 اگست دوپہر 2 بجے بخیریت آبی جان پہنچ گئی۔ الحمد للہ علی ذلک

اللہ تعالیٰ ہیومینیٹی فرسٹ کی سرگرمیوں میں برکت ڈالے اور خدمت انسانیت کے مزید پروجیکٹس پر خدمات بجا لانے کی توفیق عطا فرماتا جائے۔ آمین

(رپورٹ: باسط احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button