یورپ (رپورٹس)

سویڈن کے منسٹر آف سوشل سیکیورٹی سے جماعت احمدیہ کے وفد کی ملاقات

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

مورخہ 21؍اگست 2022ء کو جماعت احمدیہ سویڈن کے ایک وفد نے سویڈن کے منسٹر آف سوشل سیکیورٹی اردلان شیکعربی (Ardalan Shekarabi) صاحب اور ممبر آف پارلیمنٹ Anders Östberg سے ملاقات کی۔ ان دونوں نمائندوں کا تعلق سویڈن کی لیبر پارٹی سے ہے۔ جماعت کی نمائندگی مکرم چوہدری ظہیر احمد صاحب (صدر جماعت سٹاکہالم)، مکرم کاشف محمود ورک صاحب (مبلغ سلسلہ)، مکرم مطیع الرحمٰن صاحب (لوکل سیکرٹری امور خارجہ سٹاکہالم)،مکرم انصر احمد صاحب (قائد مجلس سٹاکہالم)، محترمہ عائشہ صدیقہ صاحبہ (صدر لجنہ اماء اللہ سٹاکہالم) اور ان کے ہمراہ دو لجنہ اماء اللہ نے کی۔

اس میٹنگ میں منسٹر صاحب کو جماعت کا تفصیل سے تعارف کروایا گیا۔ اسی طرح انہیں مقامی و بین الاقوامی سطح پر جماعت کے تحت بین المذاہب اور قیام امن کے لیے ہونے والی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بتایا گیا۔ مکرم کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ نے اپنی پریزنٹیشن میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن کی خاطر عالمی سطح پر کاوشوں اور رہنمائی کا ذکر کیا۔ جماعت احمدیہ عالمگیر کی ملی خدمات کا بھی ذکر ہوا۔ اسی طرح پاکستان، الجزائر اور ملیشیا میں جماعت کی مخالفت کے بارے میں بھی انہیں بتایا گیا۔ منسٹر صاحب نے بتایا کہ انہیں جماعت احمدیہ کی Berlin میں واقع مسجد میں جانے کا موقع ملا تھا جہاں ان کی مہمان نوازی عمدہ انداز میں ہوئی۔

جماعتی وفد نے سویڈن کے بعض معاشرتی مسائل سے متعلق بھی منسٹر صاحب سے گفتگو کی۔ جماعت نے اظہارِ رائے کی آزادی سے متعلق جماعتی مؤقف کو بیان کیا کہ آزادی اظہارکے نام پر فتنہ پرداز معاشرہ کے امن کو برباد کر رہے ہیں۔ بالخصوص اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اس قسم کی نفرت کا اظہار کیا جاتا ہے جو کسی بھی مہذب معاشرہ کو زیب نہیں دیتا۔ اس کے بعد اسلاموفوبیا اور بالخصوص پردہ دار خواتین کے خلاف نفرت کے اظہار سے متعلق لجنہ اماء اللہ کی نمائندگان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان تمام باتوں کو منسٹر صاحب نے بہت غور سے سنا۔

آخر پر منسٹر صاحب کو تحفۃً قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ نیز حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب Pathway to peace پیش کی گئی اسی طرح منسٹر صاحب کو مسجد آنے کی دعوت دی گئی۔

قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملاقات کے مثبت نتائج پید افرمائے اور جماعت کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button