افریقہ (رپورٹس)

گنی بساو میں پندرہ روزہ ریجنل تربیتی کلاسز اطفال و ناصرات

(محمد احسن میمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گنی بساؤ)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساو نے ملک بھر کی تمام چھوٹی و بڑی جماعتوں میں کل 214 تربیتی کلاسز منعقد کرنے کی توفیق پائی جس میں 6211 اطفال و ناصرات نے شمولیت اختیار کی۔الحمدللہ

ان تربیتی کلاسز میں نصاب وقف نو کے ذریعہ سے بچوں کو دینی و دنیاوی تعلیم دی گئی۔ اسی طرح آداب زندگی سیکھنے کی تلقین کی گئی اور ان کے فوائدسمجھائے گئے۔ نصاب وقف نو سے اطفال و ناصرات کو دینی معلومات، نماز سادہ، ادائیگی نماز کا صحیح طریق، بعض احادیث نبویﷺ اور دعائیںسکھائی گئیں۔ نیز قرآن کریم کے بعض حصے حفظ کروائے گئے۔

صبح کے وقت سب سے پہلی کلاس میں قرآن پاک اور قاعدہ یسرنالقرآن پڑھنے اور سیکھنے نیز ترتیل القرآن پر خاص توجہ دی گئی۔

اس کے علاوہ حیات طیبہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکا مختصر تعارف اور حضورﷺپر درود و سلام بھیجنے کی برکات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پاکیزہ زندگی کے بارہ میں بھی تعارف کرایا گیا۔

خلفائے راشدین اور خلفائے احمدیت کا بھی تعارف کرایا گیا۔ اسی ذمن میں صحابہ کرام میں سے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی زندگی اور ان کی اللہ تعالیٰ کے لیے محبت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

تربیتی کلاسز کے دوران پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ باقاعدہ نماز تہجد اور درس قرآن وحدیث کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ان تربیتی کلاسز میں علمی تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت جسمانی کے لیے کھیلوں کا بھی اہتمام روزانہ بعداز نماز عصر کیا گیا۔ کلاسز کی اختتامی تقریب میں والدین نے بھی شمولیت اختیار کی جس میں والدین کے سامنے پندرہ روزہ تربیتی کلاسز کی رپورٹ پیش کی گئی۔

جیسا کہ یہ تربیتی کلاسز روحانی اور جسمانی تربیت کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے ملک بھر میں منعقد کی گئی تربیتی کلاسز کا اطفال و ناصرات پر انتہائی مثبت اثر سامنے آیا ہے۔ والدین بہت خوش اور مطمئن نظر آتے ہیں والدین نے اظہار کیا ہے کہ ان کے بچوں پر ان کلاسز کا بہت ہی اچھا اثر پیدا ہوا ہے۔ نمازوں میں باقاعدگی، گفتگو میں شگفتگی اور صبر کا پہلو نکھر کر سامنے آیا ہے اور اظہار کیا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرامز منعقد ہوتے رہیں تاکہ ہم سب کو بار بار اپنے مقصد حیات کی یاد دہانی ہوتی رہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیشہ ہمیں اس طرح کے پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے اور ہم سب ایسے تعلیمی وتربیتی پروگرامز کا حصہ بنتے رہیں اور زندگی کا قرینہ سیکھتے اور روحانی ترقی میں آگے بڑھتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ہمیں خلیفہ وقت کی تمام ہدایات پر کماحقہ عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم ہمیشہ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق قائم رکھنے والے بنیں۔ آمین ثم آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button