عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کے علاقے قصران میں کئی برسوں سے مقیم جماعت احمدیہ سے تعلق رکھنے والے چار طلباء کو ان کے عقیدے کی بنیاد پر ایک نجی سکول سے نکال دیا گیا ہے۔

’دی ایجوکیٹرز‘ نامی سکول کے مٹھیال کیمپس کی جانب سے 22؍ستمبر کو جاری ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق تیسری، چھٹی، نویں اور دسویں جماعت کے چار طالب علموں کو قادیانی مذہب سے تعلق رکھنے پرسکول سے نکالا جارہا ہے۔ بی بی سی اردو کے رابطہ کرنے پر سکول کی پرنسپل نے کہا کہ وہ اس واقعے پر ’کسی قسم کا کوئی تبصرہ‘ نہیں کرنا چاہتیں۔

سکول انتظامیہ نے’انڈپینڈنٹ اردو ‘کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ اس نے ناخوشگوار واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فرنچائز کی جانب سے پالیسی کی خلاف ورزی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ہم مذہب اور نسل سے قطع نظر تعلیمی نظام میں جامعیت کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔سکول کے پراجیکٹ ہیڈ علی رضا کا کہنا تھا کہ ’ہماری بہت انکلوسیو پالیسی ہے۔ ہمارے ہیڈ آفس سے اس قسم کی کوئی پالیسی شامل نہیں کیونکہ نیٹ ورک ایسوسی ایٹس ہوتے ہیں۔ فرنچائزز اپنے طور پر خود اپنی پالیسیز بنا لیتی ہیں یا ہماری طرف سے بھیجی گئی پالیسیز میں کچھ تبدیلی لے آتی ہیں۔

٭…ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد سرکاری ذمہ داریاں سنبھالنے پر برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم کو شاہی سرخ باکس سونپ دیا گیا۔اس شاہی سرخ باکس کو بادشاہت کا تخت سنبھالنے والے بادشاہ یا ملکہ کو سرکاری ذمہ داریوں کے ساتھ ہی سونپ دیا جاتا ہے جس میں برطانوی سرکاری دستاویزات سمیت دولت مشترکہ کے چند ممالک کے اہم کاغذات رکھے جاتے ہیں۔ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی بھی اس شاہی سرخ باکس کے ہمراہ تصاویر ان کے دور حکمرانی کے دوران اکثر و بیشتر منظر عام پر آتی رہیں۔

٭…جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے مشرقی سمندر میں بیلسٹک میزائل (Ballistic missile)فائر کیا ہے۔ کچھ روز قبل جوہری صلاحیت کا حامل امریکی طیارہ بردار بحری بیڑا مشترکہ مشقوں کے لیےبھی خطے میں پہنچا ہے۔واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا پر بیلسٹک اور جوہری ہتھیاروں کے تجربوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

٭…ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ آزاد ممالک کو برداشت نہیں کرسکتا۔ایران دباؤ میں رکھنے والے تعلقات کو برداشت نہیں کرتا۔ایرانی کمانڈر سلیمانی کے قتل سے متعلق تحقیقات ہونی چاہئیں۔ایرانی کمانڈر کے قتل میں ملوث افراد پر مقدمہ چلایا جائے۔ جنرل سلیمانی کے قتل پر سابق امریکی صدر ٹرمپ قانون کا سامنا کریں۔

انہوں نے ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ قوّتیں ایرانی جوہری پروگرام کو ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا کبھی کوئی ارادہ نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ ایران کے دفاعی نظریات میں جوہری ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایرانی جوہری معاہدے کے فریقین اپنے وعدے پورے کریں۔

٭…افغانستان اور چین نے تجارت کا اہم سنگ میل عبور کرلیا۔چین اور افغانستان کے درمیان صدیوں پرانا روٹ بحال ہوگیا۔چین سے روانہ ہونے والی تجارتی کارگو ٹرین کرغیزستان اور ترکمانستان سے ہوتے ہوئے اور صدیوں پرانے سلک روٹ کو استعمال کرکے 10روز میں جمعرات کو تجارتی سامان لے کر چین سے افغان دارالحکومت کابل پہنچی۔ افغانستان میں چین کے سفیر، امارت اسلامیہ کے اعلیٰ حکام اور وزرا نے تجارتی ٹرین کا استقبال کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے اس صدیوں پرانے روٹ کی بحالی سے معیشت میں بہتری کی قومی امید ہے۔ یقینی طور پر اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا ایک نیا راستہ کھل گیا ہے۔

٭…بھارتی سپریم کورٹ نے ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی سے متعلق کیس پر دس دنوں تک سماعت کے بعد حجاب پر پابندی سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا۔ سینئر ایڈووکیٹ سمیت بیس سے زائد وکلاء نے درخواست گزاروں کی جانب سے دلائل پیش کیے۔

مسلمان درخواست گزاروں کے ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ ریاست کو اپنے سرکلر کو ختم کرنے کا حق حاصل ہے۔ سینئر وکیل حذیفہ احمدی نے یہ دلیل دی کہ حجاب پہننے سے تعلیم کو کیسے نقصان پہنچے گا اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔مسلمان درخواست گزاروں کے ایڈووکیٹ اور دیگر درخواست گزاروں نے کرناٹک محکمہ تعلیم کا 2021ء میں جاری کیا گیا ایک سرکلر بھی عدالت میں پیش کیا تھا جس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ سرکاری کالجوں میں یونیفارم لازمی نہیں۔ زبردستی ایسا کرنے پر سزا کا اطلاق ہوسکتا ہے۔

گذشتہ سماعت پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا تھا کہ جیسے سکھ لوگوں کے لیے پگڑی اہم ہوتی ہے اسی طرح حجاب مسلمان خواتین کے لیے اہم ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیس سے متعلق عدالتی بینچ میں شامل جسٹس ہیمنت گپتا 16؍اکتوبر کو ریٹائر ہورہے ہیں، اس لیےکیس کا فیصلہ ان کی ریٹائرمنٹ سے پہلے آنے کا امکان ہے۔

٭…ریاست اتر پردیش کے ایک سرکاری ہسپتال کے وارڈ کے باہر مریض کی تیماردار خاتون کی نماز پڑھنے کی ویڈیو واٹس ایپ گروپس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی تھی۔ اورلکھا گیا کہ عوامی مقامات پر نماز پڑھنا غیر قانونی ہے۔ پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ خاتون مریض کی جلد صحت یابی کے لیے نماز پڑھ رہی تھی۔خاتون کا نماز پڑھنا کسی طور پر جرم کے زمرے میں نہیں آتا۔ مقدمہ درج کرنے کی غلط خبریں پھیلائی گئیں۔

٭…24؍ستمبر کو سعودی عرب کے 92ویں یوم الوطنی کی خوشی میں متعدد عرب ممالک نے شرکت کرتے ہوئے اپنی اہم عمارتوں اور سیاحتی مقامات پر سعودی پرچم کے رنگوں کو مزین کردیا ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں برج خلیفہ کو سعودی پرچم سے مزین کیا گیا۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اہرام مصر کو سبز رنگ سے مزین کیا گیا۔ اردن نے دارالحکومت عمان کی اہم عمارتوں کے ساتھ عبدون پل کو بھی سعودی پرچم کے رنگ سے مزین کیا۔ بحرینی دارالحکومت مناما کی اہم تنصیبات اور عمارتوں کے ساتھ تجارتی مراکز جشن بھی منایا گیا۔

٭…براڈ کاسٹرز آڈیئنس ریسرچ بورڈ (بارب) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق شہزادی ڈیانا کی آخری رسومات کو ملکہ الزبتھ دوم کی نسبت ٹی وی پر زیادہ ناظرین نے دیکھا تھا۔

ویسٹ منسٹر ایبی میں ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کو لاکھوں افراد نے دیکھا مگر 1997ء میں شہزادی ڈیانا کی موت کے موقع پر نشر کی جانے والی خصوصی ٹرانسمیشن (الوداعی تقریب) کے مقابل ملکہ کی تقریب کے اعداد و شمار کم رہے۔ بارب کے مطابق امریکہ میں ملکہ کی سرکاری آخری رسومات کو تقریباً 11.4 ملین لوگوں نے دیکھا جبکہ شہزادی ڈیانا کی آخری رسومات کو 33.2 ملین افراد نے دیکھا۔برطانیہ میں ستائیس ملین لوگوں نے ملکہ کی آخری رسومات کو دیکھا جو ڈیانا کے الوداعی رسومات سے تھوڑے کم تھے، برطانیہ میں بتیس ملین ناظرین نے ڈیانا کی آخری رسومات کو ٹی وی دیکھا تھا۔

٭…8؍جولائی 2022ء کو انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملہ میں ہلاک ہونے والے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے کی آخری رسومات اگلے ہفتے ادا کی جائیں گی۔ جس پر ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات سے زیادہ خرچہ کیا جائے گا۔ جاپان کے سابق وزیراعظم کی سرکاری طور پر آخری رسومات پر 1.66 ارب ین خرچ کیے جائیں گے جو کہ ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات پر ہونے والے خرچے سے زیادہ ہے۔شنزو آبے کی آخری رسومات پر اتنی بڑی رقم خرچ کیے جانے پر جاپانی حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ دوم کی آخری رسومات پرکئی ملین پاؤنڈزخرچ ہوئے تھے۔

٭…پاکستان کے سوشل میڈیا پر ایسی چند آڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں مبینہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور وفاقی کابینہ میں شامل مسلم لیگ (ن) کے اراکین کو مختلف معاملات پر بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔

جہاں مبینہ آڈیو میں ہونے والی گفتگو موضوع بحث ہے وہیں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ پاکستان کی سائبر سکیورٹی کس قدر مضبوط یا کمزور ہے؟ٹوئٹر پر @OSINT_Insider (اوپن سورس انٹیلیجنس انسائڈر) نامی اکاؤنٹ کا دعویٰ ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل یہ آڈیوز سو گھنٹوں سے بھی زیادہ طویل دورانیے کے ریکارڈ شدہ اس ڈیٹا کا حصہ ہیں جس کی ڈارک ویب ہیکنگ فورم پر 34.5ملین ڈالر تک بولی لگائی گئی۔یادرہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی کئی اہم شخصیات کی گفتگو کی مبینہ آڈیوز لیک ہو چکی ہیں تاہم ان میں سے اکثریت فون پر ہونے والی بات چیت تھیں۔

٭…پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں دیسی ساختہ بم پھٹنے سے دو اہلکار شہید ہوئے۔ 42 سالہ نائب صوبیدار جاوید اقبال کا تعلق اٹک جبکہ 38سالہ نائیک حسین احمد کا تعلق اوکاڑہ سے تھا۔ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہداء قوم کے محسن ہیں۔

٭…کمبوڈیا کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے حادثے میں چین کے تین شہری ہلاک ہوگئے۔ کشتی ڈوبنے کے حادثے میں لاپتہ ہونے والے نو چینی شہریوں کو گذشتہ رات ویتنام کے جزیرے سے ریسکیو کیا گیا۔ دیگر آٹھ شہریوں کی تلاش اب بھی جاری ہے۔دو روز قبل کمبوڈیا کے سمندر میں ایک کشتی ڈوب گئی تھی جس میں 41؍چینی شہری سوار تھے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کشتی ڈوبنے کی وجہ کیا تھی۔

٭…کینیڈا کے مشرقی علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے سبب ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جبکہ لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان ’فی اونا ‘سے نو وا اسکاٹیا، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ، نیو برنسویک، نیو فاؤنڈ لینڈ اور کیوبیک کے میگ ڈالین آئی لینڈز متاثر ہیں۔ کچھ علاقوں میں آندھی کی رفتار سو کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جس سے درخت اکھڑ گئے اور گھروں کی چھتوں اور کاروباری علاقوں میں دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بعض مقامات پر لوگوں کو انخلاء کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اٹلانٹک کینیڈا اور جنوبی کیوبیک میں موسم مزید خراب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

٭…آسٹریلیا کی ریاست تسمانیہ کے ساحل پرخوراک کی تلاش میں آنے والا وہیل کا غول تسمانیہ کے ساحل پر پھنس گیا تھا، ان میں سے دو سو پائلٹ وہیل مر گئیں۔ ساحل پر زندہ بچ جانے والی 35؍وہیلز کو ریسکیو کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

٭…شام کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 71؍افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ بیس مسافروں کو بچا لیا گیا۔ کشتی کے بچ جانے والے مسافروں کے مطابق لبنان سے آنے والی کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 120؍سے 150؍تک مسافر سوار تھے۔ دوسری جانب لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں لبنانی، شامی اور فلسطینی تارکین وطن موجود تھے، کشتی ڈوبنے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

٭…معروف بھارتی آئی ٹی کمپنی کے چیئرمین نے بیک وقت تین سو ملازمین کو دھوکا دینے کا الزام لگا کر نوکری سے فارغ کردیا۔ آئی ٹی کمپنی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ نوکری سے فارغ کیے گئے تمام ملازمین حریف کمپنی میں پارٹ ٹائم جاب کرتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹ ٹائم جاب کے حوالے سے اپنے حالیہ بیان پر قائم ہیں کہ یہ کمپنی کی سالمیت کی مکمل خلاف ورزی ہے۔

٭…امریکہ نے ورلڈ بینک کے صدر کے گلوبل وارمنگ سے متعلق بیان کی مذمت کردی۔وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس کے گلوبل وارمنگ سے متعلق بیان سے اتفاق نہیں کرتے۔واضح رہے کہ عالمی بینک کےصدر نے پبلک ایونٹ میں گلوبل وارمنگ کو انسانی اعمال کا نتیجہ ماننے سے انکار کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق ماہرین کا بھی اتفاق ہے کہ گلوبل وارمنگ انسانی عمل کی وجہ سے ہے۔

٭…ایران نے پولیس کی حراست میں لڑکی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران ملک بھر میں سوشل میٹا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس کو بند کردیا ہے جبکہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں باقی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پہلے سے ہی بند ہیں۔ نیٹ بلاکس نے ایران میں قومی سطح پر شہریوں کے ایک دوسرے سے رابطے منقطع ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button