افریقہ (رپورٹس)

فرینڈز تھیالوجیکل کالج کسومو، کینیا کے طلباء اور اساتذہ کی احمدیہ مشن ہاؤس آمد

(محمد افضل ظفر۔ کینیا)

مکرم فہیم احمد لکھن صاحب، مربی سلسلہ کسومو، کینیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کینیا میں مذہبی آزادی ہے اور تمام مذاہب اور مکاتیب فکر کے لوگ باہم مل کر پر امن زندگی گزار رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات مطالعاتی دوروں کے سلسلے میں مساجد، گرجوں، مندروں اور گردواروں میں بھی آتے رہتے ہیں اور تحقیق و سوالات کے ذریعے مختلف مذاہب سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کر کے اپنی علمی تشنگی کا مداوا کرتے ہیں۔

مورخہ 5؍اکتوبر 2022ء بروز بدھ فرینڈز تھیالوجیکل کالج کسومو، جو سینٹ پاؤل یونیورسٹی کسومو سے وابستہ ہے، سے14 افراد پر مشتمل ایک گروپ جس میں کالج کے طلباء اور اساتذہ شامل تھے مطالعاتی دورے پر احمدیہ مسلم مشن ہاؤس کسومو آیا۔ جسے خاکسار (مبلغ سلسلہ و انچارج مشن ہذا) کے ساتھ احباب جماعت نے خوش آمدید کہا۔

استقبال اور مہمان نوازی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس کے بعد مہمانوں اور میزبانوں کا باہمی تعارف ہوا۔ بعد ازاں خاکسار نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف کروایا اور بنیادی عقائد بیان کیے۔ پھر مہمانوں کو سوالات کی دعوت دی گئی اور بفضل خدا نہایت ہی پر امن ماحول میں ایک گھنٹے تک سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا جس میں زیادہ تر سوالات حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت سے نجات، پھرآپ کے سفر کشمیر اور سلمان رشدی کی کتاب اور اس سے متعلق جماعت احمدیہ کےردعمل پر تھے جن کے کافی و شافی جوابات دیے گئے۔

اس کے بعد مہانان کرام بک سٹال پرتشریف لے گئے جہاں رکھی مختلف کتب کا تعارف کروایا گیا۔ یہاں بھی حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’’مسیح ہندوستان میں‘‘ مہمانوں کی توجہ کا مرکز رہی۔ کچھ طلباء نے یہ کتاب اور دیگر جماعتی کتب بھی خریدیں۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ عا لمگیر کی متنوع خدمات اور تبلیغی مساعی پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ مسجد اور نماز سے متعلق تفصیلات سے آگاہی کے لیے مہمانان کرام کو پہلے وضو سے متعلق بتایا گیا پھر سب کو مسجد کے اندر لے جاکر اذان و نماز اور آداب مسجد سے آگاہ کیا گیا جس پر تمام مہمانان نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور خاص طور پر وفد کے انچارج ڈاکٹر موزز صاحب نے جماعت کی طرف سے پرجوش خیر مقدم، مہمان نوازی اور علمی معاونت پر جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ جماعت کی طرف سے بھی ان کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ مستقبل میں بھی ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی گئی اور اس طرح یہ مختصر مگر دلچسپ پروگرام بخیروخوبی اختتام پزیر ہوا۔ الحمد للہ علی ذلک

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button