عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امریکہ کے وسطِ مدتی انتخابات میں حکمران جماعت ڈیمو کریٹس کو سینیٹ میں 1 نشست سے برتری حاصل ہو گئی۔ سینیٹ میں ڈیمو کریٹس کو 50 اور ریپبلکنز کو 49 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔اس طرح ڈیمو کریٹس سینیٹ میں کنٹرول قائم رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سینیٹ میں 50-50 نشستوں کی ٹائی کی صورت میں نائب صدر کمیلہ ہیرس کا ووٹ فیصلہ کن ثابت ہو گا۔

٭… امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ہمیشہ سیدھی بات کی ہے، چینی صدر کو جانتا ہوں اور وہ مجھے جانتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان کچھ غلط فہمی ہے۔ہمیں صرف یہ معلوم کرنا ہے کہ ہماری ریڈ لائنز کیا ہیں۔ حال ہی میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ امریکی الیکشن کے نتائج پر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

٭… اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے الیکشن جیتنے والے نئے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ سابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یکم نومبر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی دائیں بازو اتحاد کے ساتھ حکومت سازی ہوگی، ان پر کرپشن کے متعدد کیسز زیر سماعت ہیں۔ اسرائیل میں چار سالوں سے بھی کم عرصے میں پانچویں بار انتخابات ہوئے ہیں۔

٭… پیرس امن فورم کے تحت آئندہ ہفتے بالی میں اہم ٹرائیکا ملاقات طے پا گئی۔ صدر ایمانویل میکرون آئندہ ہفتے بالی میں جی 20 کانفرنس میں چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ملاقات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ایمانوئل میکرون کی آنے والے مہینوں میں چین کا دورہ کرنے کے امکان کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ چین کی وزارت خارجہ نے اس کی تصدیق کردی کہ صدر جوبائیڈن کے ساتھ ملاقات متوقع ہے جبکہ اس کے بارے میں وائٹ ہاؤس نے پیر کو متوقع ملاقات کا عندیہ دیاہے۔ واضح ہو کہ بائیڈن کے صدر بننے کے بعد اور چینی صدر شی کے تیسری بار منتخب ہونے کے بعد دونوں پہلی بار آمنے سامنے ملاقات کریں گے۔

٭… چین کے صدر شی جن پنگ نےبیجنگ میں واقع سینٹرل ملٹری کمیشن کے جوائنٹ آپریشنز کمانڈ سینٹر کے دورے میں اپنی فوج کو جنگ کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی قومی سلامتی کو عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ چین کسی بھی جنگ سے نمٹنے کے لیے اپنی فوج کی جامع تربیت اور تیاری کرے گا۔ پوری فوج اپنی توانائی جنگ میں وقف کرنے کے لیے تیار رکھے۔ لڑنے اور جیتنے کے لیے اپنی صلاحیت میں اضافہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کی قومی سلامتی کو بڑھتے ہوئے عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور اس کے عسکری چیلنجز کٹھن ہیں۔ فوج ملکی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا تحفظ کرے اور پارٹی اور عوام کی جانب سے سپرد کیے گئے مختلف امور کو کامیابی سے سرانجام دے۔

٭… سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں فرانس اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید بہتری کے حوالے سے مختلف نکات پر بات چیت ہوئی ہے۔ سعودی ولی عہد نے خطے کے استحکام کے لیے خطرہ بننے والی سرگرمیاں مسترد کرنے پر فرانس کے کردار کو سراہا۔

٭… روس نے 200 امریکی شہریوں کے لیے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ 200 امریکی شہریوں پر ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان افراد میں صدر جو بائیڈن کی بہن ویلری بائیڈن اوینز ، بھائی جیمز برائن بائیڈن اور فرانسس ولیم بائیڈن اور وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرین جین پیری شامل ہیں۔ یہ پابندیاں واشنگٹن کی طرف سے روس پر لگائی گئی پابندیوں کا ردعمل ہیں۔

٭… 13 نومبر کو ترکیہ کے شہر استنبول میں تقسیم اسکوائر پر مبینہ طور پر خودکش دھماکا ہوا جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ گورنر استنبول نے دھماکے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

٭…ترک صدررجب طیب ایردوآن نے وسطی استنبول میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد ٹیلی ویژن پرایک نشری پریس کانفرنس میں کہا :’’ہماری ریاست کی متعلقہ اکائیاں اس گھناؤنے حملے کے پیچھے کارفرما مجرموں کو تلاش کرنے کے لیے کام کررہی ہیں‘‘۔

جمہوریہ ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب استنبول کے وسطی علاقے تقسیم میں دہشت گردی کے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتاہے۔

٭… بھارت کی مرکزی حکومت نے اسلام اور عیسائیت قبول کرنے والے دلتوں کو نچلی ذات قرار دینے کی مخالفت کی ہے، حکومت کا موقف ہے کہ دونوں مذاہب میں چھوت چھات کا کوئی تصور نہیں۔

یادرہے کہ بھارت میں ایک این جی او نے پٹیشن دائر کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 1950ء کا نچلی ذاتوں سے متعلق ضابطہ غیرآئینی ہے کیونکہ اس میں صرف ہندو، بدھ مت اور سکھوں کو نچلی ذات میں شامل کیا گیا ہے، این جی او کا موقف تھا کہ یہ مذہبی تفریق ہے۔جس کے جواب میںبھارت کی مرکزی وزارت سماجی انصاف نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ جمع کروایا کہ آئین میں درج نچلی ذاتوں سے متعلق قانون تاریخی معلومات پر مبنی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی اور عیسائی معاشروں میں ایسا جبر کبھی رائج ہی نہیں تھا۔ حلف نامے میں مزید کہا گیا کہ نچلی ذات کے افراد کے اسلام اور عیسائیت قبول کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ چھوت چھات کے جابرانہ نظام سے باہر نکل سکیں جس کا اسلام اورعیسائیت میں کوئی تصور نہیں۔

٭… پاکستان سے متعلق کنٹری کلائمیٹ ڈیولپمنٹ رپورٹ میں عالمی بینک نے قدرتی آفات کو پاکستانی معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، جبکہ 3کروڑ 30 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوئے۔ عالمی بینک نے شہروں میں سرمایہ کاری کے لیے میونسپل اور پراپرٹی ٹیکس لگانے پر زور دیا۔ 2050ءتک پاکستان کی معاشی گروتھ کو 15 سے 20 فیصد تک نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

٭… ایران کے شہر اصفہان کی ایک آئل فیکٹری میں آگ لگنےاور کیمیکل کے اخراج سے 15 افراد زخمی ہوئے۔ صوبائی گورنر نے بتایا کہ ہولناک آتشزدگی انجن آئل فیکٹری میں ہوئی جہاں کیمیکل بھرے ہوئے تھے۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

٭… امریکی شہر ڈیلس میں ایئرشو کے دوران دوسری عالمی جنگ کے دوفوجی طیارے بوئنگB-17اور بیل P-63کنگ کوبرا اڑان بھرنے کے دوران آپس میں ٹکراگئے۔واقعے میں پائلٹس سمیت چھ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طیاروں کے تصادم کا یہ واقعہ یادگاری ایئرفورس شو کے دوران پیش آیا۔

٭… نیوزی لینڈ سے روانہ ہو کر آسٹریلیا کے شہر سڈنی پہنچنے والی کروز شپ میں کورونا کے 800 کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس میں عملے اور مسافروں سمیت 4600 افراد سوار تھے۔ اتنی بڑی تعداد میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد وزیر داخلہ نے ہفتے کو عوام کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ شپ پر کورونا پروٹوکول مناسب تھے۔ کروزشپ پر 12 دن کے سفر کے دوران نصف راستے میں ہی کورونا کیسز کی بڑی تعداد کا پتا چلنا شروع ہوگیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ 2020ء میں روبی پرنسس کروز شپ پر بھی کورونا پھیل گیا تھا، جہاں کم از کم 900 افراد میں بیماری کی تصدیق ہوئی تھی اور 28 اموات ہوئی تھیں۔

٭… فرانس کے شہر ٹولوس میں ڈاکٹروں نے جدید طریقے سے خاتون کے ہاتھ پر ناک اگانے کے بعد آپریشن کر کے اسے چہرے پر لگادیا۔ خاتون کی ناک کا ایک بڑا حصہ کینسر کے علاج کے دوران 2013ء میں ضائع ہوگیا تھا۔ کئی سال بعد اب سرجنز نے نئے اور جدید علاج کی بدولت ٹرانسپلانٹ کے ذریعے خاتون کو نئی ناک لگادی جو کہ اسی کے جسم سے لی گئی ہے۔جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سرجنز نے خاتون کے بازو پر ایک نئی ناک اگائی ہے۔ خاتون کے لیے تھری ڈی پرنٹ شدہ بائیو مٹیریل سے بنی ناک تیار کر کے اسے خاتون کے ہاتھ پر لگایا، قدرتی طور پر جسے 2 ماہ بڑھنے کے بعد ٹرانسپلانٹ کے ذریعے واپس چہرے پر لگادیا گیا۔ اس دوران ایک معمولی سرجری کے ذریعے خاتون کے بازو اور چہرے کی خون کی رگوں کو بھی جوڑا گیا ہے۔

٭…13؍نومبر کولندن کا معروف گھڑیال ’’بگ بین‘‘پانچ سال بعد دوبارہ بج گیا۔ جو لوگ لندن کی اس مشہور 13.7 ٹن کی گھڑی کی گھنٹیوں کے بلند ہونے والی آواز سے بچنا چاہتے ہیں انہیں اپنے کانوں کو بچانے کے لیے ایئر پلگ اور شور کو الگ کرنے والا ہیلمٹ پہننا ہوگا۔ اس مشہور گھڑیال کی بحالی کا کام پانچ سال تک جاری رہا۔برطانوی پارلیمنٹ میں سب سے اوپر والی آئیکونک گھڑی اس انداز میں بجے گی جیسے پہلے بجتی تھی۔ گھڑیال کی بحالی کے دوران اس کے ایک ہزار ٹکڑوں کی پیچیدہ صفائی کی گئی۔یاد رہے کہ اگست 2017ء میں بگ بین کی آخری 12گھنٹیاں اور اس کی چار دیگر چھوٹی گھنٹیاں سننے کے لیے ایک ہزار سے زیادہ لوگ پارلیمنٹ کے سامنے جمع ہوئے تھے۔ اس موقع پر وہاں موجود کچھ لوگ آبدیدہ بھی ہوگئے تھے، وہ سمجھتے تھے کہ انہوں نے اپنے شہر کی ایک یادگار کو کھو دیا۔

٭… اتوار23 نومبر کو میلبورن آسٹریلیا میں ہو نے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر انگلینڈ عالمی چیمپئن بن گیا۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے 29 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ پاکستان نے اوسط بیٹنگ پرفارمنس کے باعث انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 19ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ عمدہ بولنگ پرفارمنس پر سیم کرن کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ایونٹ میں 13 وکٹیں لینے پر انہیں ٹورنامنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

٭… قطر میں 20 نومبر سے شروع ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ میں ہزاروں اسرائیلی فٹبال شائقین کی آمد متوقع ہے جس کے پیش نظر دونوں ممالک عارضی طور پر قونصل خانہ کھولنے کے لیے سفارتی سمجھوتے پر پہنچے ہیں۔ ایک اسرائیلی عہدیدار کے مطابق یروشلم اور دوحہ پچھلے کئی مہینوں سے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ایک قونصل خانہ کھولنے کے لیے بات چیت کر رہے تھے۔ تقریباً 30 ہزار اسرائیلی فٹبال شائقین کی قطر آمد متوقع ہے، تاحال اسرائیل اور قطر کے مابین سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

٭…یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے اپنے زیر کنٹرول دارالحکومت صنعا میں سرکاری اور نجی سکولوں کو طلبہ کے لیے بغیر پیشگی منظوری کے سکول کے ٹرپس کا اہتمام کرنے سے روک دیا۔دستاویز میں سکول کے دوروں کے ضوابط کی ایک فہرست بھی تیار کی گئی ہے جسے “سکول ٹرپ کنٹرولز” کہا گیا ہے۔ سکول کے پرنسپل کو اس فہرست کی پابندی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق حوثی ملیشیا نے طالبات کے لیے سکول ٹرپ بسوں میں ہنسنے، بس کے اندر یا باہر گانے سننے اور موبائل فون ساتھ لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ اسی سرکلر میں حوثیوں نے یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ وہ سکول، جو طلبہ کے لیے سفر کا اہتمام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تعلیمی ضلع کو درخواست جمع کرائے جس میں سفر کی تمام تفصیلات اور صنفی علیحدگی کی وضاحت بھی شامل ہو۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button