امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ءرپورٹ دورہ حضور انور

دورۂ امریکہ کا بیسواں روز 15؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

فیملی ملاقاتیں، اعلاناتِ نکاح، حضور انور کے ساتھ جماعتِ احمدیہ امریکہ کے مبلغین کی میٹنگ ، نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ امریکہ کی حضورِ انور کے ساتھ میٹنگ، ہیومینٹی فرسٹ کی انتظامیہ کمیٹی کی حضورِ انور کے ساتھ میٹنگ

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح چھ بج کر پندرہ منٹ پر ’’مسجد بیت الرحمٰن‘‘ میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
صبح حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کے مختلف ممالک سے بذریعہ Fax اور ای میل آنے والے خطوط اور رپورٹس ملاحظہ فرمائیں اور ہدایات سے نوازا۔ نیز حضورِانور کی مختلف دفتری امور کی ادائیگی میں مصروفیت رہی۔

فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق صبح گیارہ بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے اور فیملیز ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج صبح کے اس سیشن میں 37 فیملیز کے 162 افراد نے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔ حضورِانور نے ازراہِ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطافرمائے۔ آج ملاقات کرنے والی یہ فیملیز اور احباب Maryland کی مقامی جماعت کے علاوہ امریکہ کی دیگر مختلف 25 جماعتوں سے آئے تھے۔ جن میں سے بعض بڑے لمبے اور طویل سفر طے کرکے پہنچے تھے۔جماعت Albany سے آنے والے 353 میل اور جماعت Charlotte سے آنے والے 422 میل اور بوسٹن (Boston) سے آنے والے 427 میل کا سفر طے کرکے پہنچے تھے۔

احباب جماعت کے تاثرات

آج بھی ملاقات کرنے والوں میں بہت سے ایسے احباب اور فیملیز تھیں جو اپنی زندگی میں پہلی بار اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پارہی تھیں۔

ایک دوست سہراب احمدصاحب نے بتایا کہ میری زندگی کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ میرا دل سکون اور محبت سے بھر گیا ہے۔ چند لمحات تھے جو میں نے خلیفۃ المسیح کے پاس گزارے لیکن یہ میرے لیے ناقابل یقین حد تک یادگار ہیں۔ میں انہیں کبھی بھول نہیں سکتا۔

شمیر گوہر ملک صاحب جو جماعت سنٹرل جرسی سے آئے تھے کہنے لگے کہ میں نے اپنے بچپن میں جب میں بہت چھوٹا تھا، حضورِانور کو دیکھا تھا۔ آج میں ایک بالغ ہونے کی حیثیت سے زندگی میں پہلی بار مل رہا ہوں۔ اس وقت میرے جذبات ایسے ہیں کہ میں ایک عجیب سرور اور لذت محسوس کررہا ہوں۔ ملاقات کی یہ سعادت ایک عظیم نعمت ہے۔ ہر کسی کو حضورِانور سے ملنے کا موقع نہیں ملتا۔ ہم خوش نصیب ہیں کہ یہ سعادت نصیب ہوئی۔

علی عمر صاحب جماعت Cleveland سے آئے تھے۔ کہنے لگے کہ اس وقت جذبات ایسے ہیں کہ میں بیان نہیں کرسکتا۔ بس ہم بہت خوش قسمت ہیں اور بہت خوش ہیں۔ حضور نے ہمیں بہت پیار دیا۔ ہمیں بھی تحفہ دیا، ہمارے بچوں کو بھی تحفہ دیا۔

ایک صاحب شاہین خان صاحب جماعت Queens سے آئے تھے۔ ان کی اہلیہ بات کرتے ہوئے رونے لگ گئیں۔ کہنے لگیں ہماری خوشی ناقابل بیان ہے۔ ہم بارہ تیرہ سال علیحدہ رہے ہیں۔ خاوند امریکہ آگئے اور اسائیلم کیا۔ کیس پاس ہوا تو پھر ہم آئے اور آج ہماری اکٹھی فیملی کی حضورِانور سے ملاقات ہوگئی۔ ان کے دل خوشی کے جذبات سے بھرے ہوئے تھے اور مزید بات نہ کرسکے۔

ملاقاتوں کا پروگرام دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔

جماعت امریکہ کے مبلغین کی ملاقات

بعدازاں پروگرام کے مطابق حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز میٹنگ ہال میں تشریف لے آئے جہاں جماعت امریکہ کے مبلغین کی حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ میٹنگ شروع ہوئی۔ (تفصیلی رپورٹ یہاں ملاحظہ فرمائیں) مبلغین کی حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ یہ میٹنگ دو بجے تک جاری رہی۔

بعدازاں 2 بج کر 20 منٹ پر حضورِانور نے مسجد بیت الرحمان تشریف لاکر نماز ظہر و عصرجمع کرکے پڑھائیں۔

اعلاناتِ نکاح

نمازوں کی ادائیگی کےبعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے درج ذیل چودہ نکاحوں کا اعلان فرمایا:

1۔عزیزہ عائشہ صلاح الدین بنت مکرم صلاح الدین ناصر صاحب کا نکاح عزیزم اسامہ خلیل سولنگی ابن مکرم خلیل احمدسولنگی صاحب (شہید) کے ساتھ طے پایا۔

2۔عزیزہ باصرہ بشیر بنت مکرم بشیراحمد چودھری صاحب کا نکاح عزیزم احمد طارق ابن مکرم چودھری محمود احمدصاحب کے ساتھ طے پایا۔

3۔عزیزہ فضہ رمضان بنت مکرم محمد رمضان صاحب (مرحوم)کا نکاح عزیزم ناصراحسن ابن مکرم میاں منور احمد صاحب کے ساتھ طے پایا۔

4۔عزیزہ عفت جہاں بنت مکرم ڈاکٹر سید تنویراحمد صاحب کا نکاح عزیزم شہزادصفدرعلی ابن مکرم صفدر علی صاحب کے ساتھ طے پایا۔

5۔عزیزہ مائرہ احمد بنت مکرم ڈاکٹر محمد احمد اشرف صاحب کا نکاح عزیزم مرزامجادل احمد ابن مکرم مرزانصیراحمد صاحب کے ساتھ طے پایا۔

6۔عزیزہ صبیحہ انعم بنت مکرم احمد محمد خان صاحب کا نکاح عزیزم غزالی واسع ابن مکرم عبدالواسع صاحب کے ساتھ طے پایا۔

7۔عزیزہ صوفیہ سعید بنت مکرم اسد سعید صاحب کا نکاح عزیزم معیذ احمد آرائیں ابن مکرم وسیم احمد آرائیں صاحب کے ساتھ طے پایا۔

8۔عزیزہ سلطانہ ناصرہ بنت مکرم سید احمدخندکر صاحب کا نکاح عزیزم ابو موسیٰ طارق ابن مکرم محمد ابوالحسین خان صاحب کے ساتھ طے پایا۔

9۔عزیزہ وجیہہ احمد بنت مکرم داؤد احمد صاحب کا نکاح عزیزم سید عدنان احمد ابن مکرم سید عاطف ندیم صاحب کے ساتھ طے پایا۔

10۔عزیزہ زارا سلمان مرزا بنت مکرم انیس احمدمرزا صاحب کا نکاح عزیزم محمد خالد رزاق ابن مکرم میاں ظفراحمد رزاق صاحب کے ساتھ طے پایا۔

11۔عزیزہ نائلہ عنبرین ثاقب بنت مکرم منوراحمدثاقب صاحب کا نکاح عزیزم طاہرمحمود ابن مکرم مجاہد محمود صاحب کے ساتھ طے پایا۔

12۔عزیزہ امیرہ مبارک بنت مکرم مبارک احمد نسیم صاحب کا نکاح عزیزم دانیال محمود(متعلم جامعہ احمدیہ کینیڈا) ابن مکرم محمد محمود صاحب کے ساتھ طے پایا۔

13۔ عزیزہ آمنہ ریاض بنت مکرم ریاض احمد بسراء صاحب (شہید، گھٹیالیاں) کا نکاح عزیزم محمد وقاص احمد بسراء ابن مکرم نوید احمد بسراء صاحب کے ساتھ طے پایا۔

14۔عزیزہ میرال فاطمہ بنت مکرم محمد مبشراللہ چودھری صاحب کا نکاح عزیزم عمرفاروق ابن مکرم سعید فاروق چوہان صاحب کے ساتھ طے پایا۔

آخر پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے دعاکروائی۔ بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔

نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ امریکہ کی ملاقات

پروگرام کے مطابق چھ بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز میٹنگ روم میں تشریف لائے اور نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ امریکہ کے ساتھ میٹنگ شروع ہوئی۔ (تفصیلی رپورٹ یہاں ملاحظہ فرمائیں)

یہ میٹنگ سات بج کر تیس منٹ تک جاری رہی۔ میٹنگ کے اختتام پر مجلس عاملہ کے تمام ممبران نے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔

ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کی انتظامیہ کمیٹی کی ملاقات

بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لے گئے جہاں ہیومینٹی فرسٹ یوایس اے کی انتظامیہ کمیٹی کی حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ میٹنگ شروع ہوئی۔ (تفصیلی رپورٹ یہاں ملاحظہ فرمائیں) میٹنگ کے آخر پر ممبران نے حضورِانور کے ساتھ گروپ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔

بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لاکر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button