افریقہ (رپورٹس)پیغام حضور انور

مسرور آئی انسٹیٹیوٹ برکینافاسو کے افتتاح کے موقع پر حضور انور کا خصوصی پیغام (اردو مفہوم)

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

2022-11-11

مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر حاضر تمام مندوبین کی خدمت میں

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

صدر مجلس انصاراللہ یوکے نے مجھ سےمسرور آئی انسٹیٹیوٹ کے افتتاح کے پُرمسرت موقع پر شرکت کرنے والے تمام حاضرین کے لئے پیغام بھیجنے کی درخواست کی ہے۔

سب سے پہلے، میں تمام شرکاء کو اپنی نیک خواہشات پہنچانا چاہتا ہوں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، مجلس انصار اللہ یوکے ، جو چالیس سال یا اس سےزائد عمر کے احمدی مسلمان مردوں پر مشتمل ہے، نے برکینا فاسو میں مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کی تعمیر مکمل کر لی ہے اور آج اس جدید ترین اورخوبصورتی سے ڈیزائن کیے گئے میڈیکل آئی انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح ہو رہا ہے۔

میں اس موقع پر نہ صرف مجلس انصاراللہ یوکے کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں بلکہ ان تمام لوگوں کا تہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اس منصوبے کی تکمیل میں شامل رہے ہیں یا تعاون کرتے رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین

مزید برآں میری دلی دعا ہے کہ یہ ادارہ ہمیشہ ان مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے بنی نوع انسان کی بہترین خدمت کرتا رہے جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے امام زمانہ حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کو،آنحضرت ﷺ کی عظیم پیشگوئی کے مطابق بحیثیت مسیح موعود اور امام مہدی مبعوث فرمایا تھا۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ آپ کی آمد کے بنیادی مقاصد میں سے ایک یہ ہے کہ اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انسانیت کی بلا امتیازخدمت کی جائے۔ اس مقصد کو پورا کرنے اور اس کا ادراک حاصل کرنے کے لیے جماعت احمدیہ مسلمہ نے افریقہ اور دنیا کے دیگر غیر مراعات یافتہ حصوں میں محرومیوں اور شدید مشکلات سے دوچار لوگوں کی مدد اور خدمت کے لیے بہت سے منصوبے قائم کیے ہیں۔ مسرور آئی انسٹیٹیوٹ بھی اسی نیت اور مقصد کے تحت بنایا گیا ہے۔ میری دلی تمنا اور دعا ہے کہ یہ اپنے حقیقی مقاصد کی تکمیل کرے۔ یقیناً، میں پر امید ہوں کہ انشاء اللہ، یہ آنکھوں کی بہت سی بیماریوں کا علاج کرنے والی ایک بہترین سہولت کے طور پر کام کرے گا اور لاتعداد لوگوں کو ،قطع نظر ان کی ذات، نسل یا رنگ کے،بینائی کے تحفے سے نوازے گا۔

میری یہ دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام ڈاکٹرز اور عملے کو جو اس ادارے میں خدمت کریں گے یہ توفیق عطا فرمائے کہ وہ عظیم جذبہ کے ساتھ انسانیت کی خدمت کریں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس بات کی بھی توفیق دے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو اس عظیم خواہش کے ساتھ بروئے کار لائیں کہ انہوں نے انسانیت کی تکالیف کو دور کرنا ہے۔ اوربہت بڑے تحفہ سے محروم لوگوں کو اس قابل بنا نا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کی دنیا کو دیکھ سکیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو عاجزی و انکساری کے ساتھ ہر عمر، نسل اور قوم کے لوگوں کا خاص طور پر کمزوروں اور محروموں کا کامیابی کے ساتھ علاج کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کو ہر لحاظ سےبرکات عطا فرمائے۔ یہ ادارہ اپنے حقیقی مقاصد کو پورا کرنے والا ہو۔اللہ تعالیٰ ان تمام لوگوں کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے اس منصوبے پر کام کیا ہے یا اس میں کسی بھی طرح سے تعاون کیا ہے۔ آمین

جزاکم اللہ احسن الجزاء

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button