افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی سرگرمیاں

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی و دعاؤں کے طفیل ہیومینٹی فرسٹ کینیا اہالیان وطن کی خدمت میں ہر طور پر کمر بستہ ہے اور اپنی بے لوث خدمات کی وجہ سے عوام اور حکومتی حلقوں میں بہت اچھی شہرت اور پہچان رکھتی ہے۔

کینیا کے قحط زدہ علاقوں میں خوراک کے بیگز کی تقسیم

مورخہ 15؍نومبر 2022ء کو لکیپیا کاؤنٹی کے علاقے سگیرا میں فرسٹ لیڈی کینیا کے آفس کے اشتراک سے ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو قحط سے متاثرہ پانچ سو خاندانوں میں نو اشیاء پر مشتمل خوراک کے بیگز تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر سینئر کاؤنٹی حکام اور مقامی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے، اہل علاقہ اور سرکاری افسران کی طرف سے ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی اس خدمت کو سراہا گیا اور شکریہ کے ساتھ آئندہ بھی باہمی اشتراک سے خدمت کے اس سفر کو جاری و ساری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس کار خیر میں ہیومینٹی فرسٹ کے چودہ کارکنان نے حصہ لیا۔

سگیرا پرائمری سکول کے چار سو طلباء میں بیگز کی تقسیم

اس کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ نے اپنے پراجیکٹ نالج فار لائف کے تحت سگیرا پرائمری سکول کے چار سو طلبہ میں ہیومینٹی فرسٹ بیگز تقسیم کیے۔ سکول بیگ میں ایچ ایف پوچ، لنچ باکس، کاپیاں، جیومیٹریکل سیٹ، سٹیشنری اور پانی کی بوتل شامل تھے۔ اس پروگرام میں بھی پریذیڈنٹ آفس کے افسران اور مقامی حکام موجود تھے۔ سکول کی انتظامیہ،طلبہ اور سرکاری افسران نے ہیومینٹی فرسٹ کی اس خدمت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مختلف میڈیا ہاؤسز کی ٹیمیں بھی موجود تھیں اور یہ خبر سٹیزن ٹی وی، کے ٹی این، این ٹی وی اور اینورو ٹی وی سے مختلف اوقات میں متعدد بار نشر کی گئی۔

موئی ریفرل و ٹیچمگ ہسپتال ایلڈوریٹ کو پندرہ ویل چیئرکا عطیہ

مورخہ 21؍نومبر کو ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی طرف سے مکرمہ ڈاکٹر عطیۃ المنعم صاحبہ ڈائریکٹر فار میڈیکل پروگرام و مارکیٹنگ ہیومینٹی فرسٹ کینیا نے موئی ریفرل و ٹیچنگ ہسپتال ایلڈوریٹ کو پندرہ وہیل چیئرز کا عطیہ دیا جو ہسپتال کے سی ای او اور ان کے سٹاف نے بشکریہ وصول کیا۔ اس سے قبل بھی اسی ہسپتال کو پندرہ وہیل چیئرز دی گئی تھیں۔ اس موقع پر خاکسار (مربی سلسلہ) اور مکرم معلم عثمان چموئی صاحب بھی مکرمہ ڈاکٹر صاحبہ کے ساتھ تھے۔

اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی ان خدمات کو قبول فرمائے اور انسانیت اور قوم و وطن کی مزید خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button