یورپ (رپورٹس)

34واں سالانہ اجتماع 2022ء مجلس انصاراللہ ہالینڈ

(عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ہالینڈ)

٭… حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭…مرکزی موضوع ’’خدمت خلق‘‘ کے متعلق تقاریر و پریزنٹیشنز

٭…اجتماع کی کل حاضری 248 رہی

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ہالینڈ کا 34واں سالانہ اجتماع 2022ء مورخہ 26تا28؍اگست بروز جمعہ، ہفتہ و اتوار بیت النور نن سپیٹ میں بخیر و خوبی منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک ۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اس سال اجتماع کا موضوع ’’خدمت خلق‘‘ منظور فرمایا تھا۔ اور انصار بھائیوں کے لیے محبت بھرا پیغام ارسال فرمایا۔

اجتماع کی تیاری

اجتماع کے جملہ انتظامات کے لیے مکرم داؤد اکمل صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے کئی ماہ قبل ہی مکرم نصیر احمدطاہر صاحب کوناظم اعلیٰ اجتماع مقرر کر دیا تھا جس کے بعد اجتماع کے مختلف شعبہ جات کی ٹیم کا تقرر کیا گیا جس میں پانچ نائب ناظمین اعلیٰ اور31ناظمین شامل ہیں۔ نائب ناظمین اور معاونین کے علاوہ مختلف ریجنز سے معاونین کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔

اجتماع کے کامیاب اور بابرکت ہونے کے لیے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خط لکھا گیا۔ ریڈ بک سے گذشتہ سال کے تجربات کو مدّنظر رکھتے ہوئے ہر شعبہ کی پلاننگ کی گئی اور اس کے لیے کئی اجلاسات ہوئےاورہر شعبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا رہا۔

مرکزی نمائندہ: امسال مجلس انصار اللہ کی درخواست پر اجتماع کے لیے حضور انور نے مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار سیکشن کی منظوری بطور مرکزی نمائندہ عطا فرمائی۔

اجتماع کا پہلا دن

26؍اگست بروز جمعہ

اجتماع کے پہلے روز صبح 11بجے رجسڑیشن کا آغاز ہوا۔ ساڑھے گیارہ بجے مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب مرکزی نمائندہ اور محترم صدر صاحب مجلس نے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ ڈیڑھ بجے جمعہ کی نماز اور پھر دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو سنا گیا۔

تقریب پرچم کشائی: چار بجے سہ پہر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ جس میں ہالینڈ کا پرچم مکرم ھبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت ہالینڈ نے اور مجلس انصار اللہ کا پرچم مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب مرکزی نمائندہ نے لہرایا۔ دعا کے بعد امیر صاحب کی خدمت میں دو بچوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

افتتاحی اجلاس: پرچم کشائی کے بعد افتتاحی اجلاس محترم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سےشروع ہوا ۔ عہد اور نظم کے بعد صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے خوش آمدید کہتے ہوئے مختصر تقریر کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا اور حضور انور کی تمام نصائح پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اور خدمت خلق کے تحت ماڈل ویلج سکیم کا ذکر کیا اور انصار کو اس میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ آپ کی تقریر کا ڈچ ترجمہ ساتھ ساتھ ہو رہا تھا۔

بعدازاں محترم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج ہالینڈ نے خدمت خلق کے موضوع پر افتتاحی تقریر کی۔ اور جماعت کی جملہ خدمت خلق کی تحریکات کا ذکر کرتے ہوئے احباب کو ان میں شامل ہونے کی تلقین کی۔دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

ورزشی مقابلہ جات: اس کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں میوزیکل چیئرز، کلائی پکڑنا، ٹیبل ٹینس اور ڈارٹ شامل تھے۔

علمی مقابلہ جات: شام کو علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں تلاوتِ قرآن کریم، نظم اور حفظ قرآن شامل تھے۔

مرکزی نمائندہ کے ساتھ خصوصی میٹنگ: نماز مغرب و عشاء کے بعد محترم مرکزی نمائندہ صاحب کے ساتھ ممبران نیشنل عاملہ و زعماء کی میٹنگ ہوئی جس میں موصوف نے حاضری و دیگر انتظامات کے بارے میں ہدایات دیں۔

اجتماع کا دوسرا دن

27؍اگست بروز ہفتہ

اجتماع کے دوسرےروزکا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم اور پھر وقفہ ہوا۔ صبح دس بجے دعا کے بعد کھیل کے میدان کی طرف روانگی ہوئی۔ دوپہر ایک بجے تک کھیل کے میدان میں فٹبال، رسہ کشی، دوڑ اور آرچری کے مقابلہ جات ہوئے۔

تلقین عمل: نماز ظہر وعصر اور کھانے کے بعد تلقین عمل کا ایک اجلاس تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ نظم کے بعد مولانا حامد کریم محمود صاحب مربی سلسلہ نے نحن انصار اللّٰہ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے مالی قربانی کے موضوع پر تقریر کی۔

ماڈل ولیج پریزنٹیشن: اجتماع پر مکرم شیراز ہارون صاحب نے ماڈل ولیج کے موضوع پر پریزنٹیشن دی۔ جس میں افریقہ میں مختلف پراجیکٹس پر کام ہوتے ہوئے دکھایا گیا۔ اور ماڈل ولیج کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ یاد رہے کہ امسال حضور انور نے انصار کو ماڈل ولیج کا پراجیکٹ دیا ہوا ہے۔

صحت کے بارے میں خصوصی پروگرام: ڈاکٹر سہیل خان صاحب جو کہ علاج بذریعہ خوراک کے ماہر ہیں نے صحت کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن دی جس میں شوگر و گردوں کی بیماری اور اس کے علاج پر اچھے انداز میں روشنی ڈالی۔ جس سے انصار نے خوب استفادہ کیا اور سوال و جواب بھی ہوئے۔

یورپین ممالک سے وفود کی شرکت: امسال اجتماع میں شرکت کے لیے مجلس انصاراللہ جرمنی سے محترم مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصار اللہ جرمنی بشمول دو ممبران عاملہ اور مجلس انصاراللہ فرانس سے محترم سید سہیل احمد شاہ صاحب صدر مجلس انصاراللہ فرانس مع ممبران عاملہ تشریف لائے۔ ان مہمانان کی کل تعداد آٹھ تھی۔

اجتماع کے دوسرے روز بعد دوپہر بیرون ممالک سے آئے ہوئے مہمانوں کے ساتھ ایک سیر کا پروگرام رکھا گیا تھا۔ چنانچہ قریب ہی موجود ایک جھیل کے ارد گرد سیر کی گئی۔ اور یادیں تازہ کیں جہاں خلفائے احمدیت سیر کرتے رہے ہیں۔

بار بی کیو پروگرام: شام کو بار بی کیو کا پروگرام ہوا جس میں تمام انصار شامل ہوئے۔ اس میں محترم امیر صاحب، نائب امیرصاحب،مربیان کرام کے علاوہ سابق صدران مجلس انصاراللہ ہالینڈ، صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی و فرانس اور دیگر معزز مہمان شامل ہوئے۔ علاوہ ازیں ربوہ سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر مرزا مبشر احمد صاحب نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

اجتماع کا تیسرا دن

28؍اگست بروز اتوار

اجتماع کے تیسرے روز کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم اور پھر وقفہ ہوا۔ صبح نو بجے سے دوپہر بارہ بجے تک کھیل کے میدان میں کرکٹ کا فائنل میچ ہوا۔

علمی مقابلہ جات: دوپہر بارہ سے ایک بجے تک علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں مقابلہ تقریر، تقریر فی البدیہہ و پیغام رسانی کے مقابلہ جات ہوئے۔

اختتامی اجلاس

نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد سوا تین بجے اجتماع کے اختتامی اجلاس کا آغازہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم، عہد انصاراللہ اور نظم کے بعد مکرم ناظم اعلیٰ صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔

بعدازاں امیر صاحب ہالینڈ نے انعامات، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ نیز کارکردگی کے لحاظ سے سال 2021ء میں اول، دوم اور سوم آنے والی مجالس کو سرٹیفکیٹس و شیلڈز اور اول آنے والی مجلس ڈین ہاگ کو علم انعامی پیش کیا۔ اس کے علاوہ اول آنے والے ریجن اور امسال اجتماع میں حاضری کے لحاظ سے اول آنے والی مجلس کو سند خوشنودی پیش کی گئی۔

محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی نے مختصر تقریر کی اور شکریہ کے کلمات کہے۔

اس کے بعد مرکزی نمائندہ مکرم عبالخالق تعلقدارصاحب نے تقریر کی اور خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے اور خلافت کی کامل اطاعت و فرمانبرداری کرنے کی تلقین کی۔ آپ نے خلافت کے ساتھ متعددمحبت کے واقعات بڑے دلکش انداز میں بیان کیے جن سے انصار میں کافی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ آخر پر آپ نے حضور انور کے پیغام کو ان انصار تک پہنچانے کی تلقین کی جو اجتماع میں حاضر نہیں ہو سکے۔

محترم صدر مجلس انصار اللہ ہالینڈ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا پیغام ایک مرتبہ پھر پڑھ کر سنایا نیز اجتماع کے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور انصار کو تمام نصائح پر مضبوطی کے ساتھ عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔

بعد ازاں امیر صاحب نے تقریر کی اور انصار بھائیوں کو حضور کے پیغام پر لبیک کہنے اورعملی نمونہ کے اعلیٰ معیار قائم کرنے، خدمت خلق کو اولین ترجیح دینے اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔

دعا کے ساتھ سالانہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد وائنڈ اپ کا آغاز ہوا جو تین گھنٹے تک جاری رہا۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کا اردو اور ڈچ میں ترجمہ کروایا گیا اور پیغام کی کاپیاں تمام انصار تک پہنچائی گئیں۔

حاضری اجتماع

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے تمام لوکل مجالس جن کی تعداد 14ہے سے انصار کی نمائندگی ہوئی۔ تینوں دنوں کی کل حاضری 248 رہی جس میں 198 انصار اور 50 مہمان شامل تھے۔قار ئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان اجتماعات کے مقاصد کو پورا کرنے والا بنائے آمین۔

(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button