اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

درخواستہائے دعا

٭… ملک صباح الظفر عمر صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم ملک منصور احمد عمر صاحب مربی سلسلہ گذشتہ کچھ روز سے علیل ہیں اور طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں زیر علاج ہیں۔

٭… منور علی شاہد صاحب Rüdesheim am Rhein جرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی اہلیہ نصرت منور صاحبہ کمر کے مہروں میں درد کی وجہ سے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔مقامی ڈاکٹر کی درد کش ادویات سے افاقہ نہیں ہوا اب ہومیوپیتھی علاج شروع کیا ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مریضوں کو اپنے فضل سے صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور فعال زندگی عطا فرمائے۔ آمین

اعلانِ ولادت

٭… کامران احمد صاحب Fuldaجرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے خاکسار کواپنے فضل سے 23؍اکتوبر 2022ء کو پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔نومولود کا نام حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت ’ارسلان احمد‘تجویز فرمایا ہے۔ عزیزم تحریکِ وقفِ نو میں شامل ہے۔

نومولود مکرم ملک طارق احمد صاحب کا پوتا اور مکرم ممتاز احمد صاحب کا نواسہ ہے۔

احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عزیزم ارسلان احمد کو صحت وتندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے۔خلیفۂ وقت کا فرمانبردار،جماعت کی خدمت کرنے والا ،اور ماں باپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے ۔آمین

سانحہ ارتحال

٭… ہشام اللہ چودھری صاحب نارتھ ہمپٹن یوکے تحریر کرتے ہیںکہ میرے والد محترم چودھری حبیب اللہ صاحب نارتھ ہمپٹن جماعت مورخہ14؍دسمبر2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئےہیں۔انا للہ و انا اليہ راجعون

آپ14؍جون 1946ء کو قادیان میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کا نام چودھری رحمت اللہ واثق تھا اور آپ کے دادا منشی کریم علی صاحب حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے کاتب تھے۔

آپ 1975ء میں برلن،جرمنی چلے گئے۔ آپ برلن میں پہلے احمدی تھےاور برلن جماعت کے پہلے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق بھی ملی۔ اپنے گھر میں نماز جمعہ کا انتظام کرتے تھے۔ صدر جماعت کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد، آپ نے سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ اس طرح برلن آنے والے تمام نئے احمدیوں کی دیکھ بھال کا موقع ملا۔

نارتھ ہمپٹن، یوکے میں منتقل ہونے کے بعد آپ کومختلف حیثیتوں سے جماعت کی خدمت کرنے کی توفیق ملی جن میں زعیم انصاراللہ کے علاوہ تبلیغ اور تعلیم کے شعبہ جات شامل ہیں۔ حال ہی میں آپ نارتھ ہمپٹن کے صدر کےطور پر اپنی دوسری ٹرم کر رہے تھے اور اپنے گھر کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے وقف کیا ہوا تھا۔

آپ ایک پُر جوش داعی الی اللہ تھے۔ کئی لوگوں کو آپ کے کوششوںسے احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔ نارتھ ہمپٹن ​شائر میں آپ کو 70ہزار سے ایک لاکھ تک کتابچے تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔پسماندگان میں آپ نےاہلیہ عقیلہ بیگم صاحبہ کے علاوہ چار بیٹے ،دو بیٹیاںاور چار پوتے یادگار چھوڑے ہیں۔

٭… خاور ہاشمی صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مکرم عبدالحفيظ صاحب آف نیومالڈن جماعت مورخہ4؍دسمبر2022ءکو 83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔انا للہ و انا اليہ راجعون۔مرحوم کے خاندان میں احمديت آپ کے دادا مولوي نور محمد صاحب مانگٹ والا کے ذریعہ آئی۔

25؍نومبر1939ء کو آپ لدھيانہ ميں پيدا ہوئے۔ آپ نے جڑانوالہ، ہندوستان میں ہائي سکول ميں تعليم حاصل کي اور بعد ازاں ٹي آئي کالج ربوہ میں زیر تعلیم رہے۔آپ نےپنجاب يونيورسٹي لاہور سے انگريزي ادب ميں ماسٹرز کيا۔1968ء ميں آپ لندن آئے اور 1975ء ميں محترمہ عطيہ وانڈرمين صاحبہ سے آپ کی شادي ہوئی۔

آپ ایک مخلص احمدي تھے۔چندہ جات کی ادائیگی میں بہت پختہ تھے۔اپنی مقامی جماعت میں قرآن کریم کادرس ديا کرتے تھے۔جماعت کي تبليغي سرگرميوں ميں ہمیشہ حصہ لیتے۔2010ء ميں آپ کو حج کرنے کی سعادت ملی۔پسماندگان ميں اہليہ کے علاوہ دو بچے یادگار چھوڑے ہيں۔

احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اُن کے درجات بلند فرماتا چلا جائے اور اُن کی اولاد کو اُن کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ تمام پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے اور اُن کا حافظ و ناصر ہو۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button