متفرق مضامین

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (چکر آنا یا Vertigoنمبر 3) (قسط7)

(ڈاکٹر طاہر حمید ججہ)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)

جلسیمیم

Gelsemium

(زرد چنبیلی )

٭…بعض دفعہ معدے کی خرابی کی وجہ سے مرگی کی طرح کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ معدے سے ایک شعلہ سا نکلتا ہے جو سر یا دل کی طرف جاتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ سر پر دباؤ کی وجہ سے مریض بعض دفعہ بے ہوش ہو جاتا ہے یا اسے چکر آتے ہیں اور جسم کا توزان برقرار نہیں رہتا۔ یہ علامت جلسیمیم میں پائی جاتی ہے۔یہ علامتیں معدے کی تیزابیت سے پیدا ہوتی ہیں۔ اگر کسی کھلاڑی کے معدے میں تیزابیت ہو تو اس میں ایسی علامتیں پیدا ہونا زیادہ قرین قیاس ہے،ایسی صورت میں جلسیمیم سے فائدہ ہوتا ہے۔ لیکن بیماری مرگی نہیں ہوتی۔(صفحہ399-400)

گریفائٹس

Graphites

(Black lead)

٭…ذہن پر غبار سا چھایا رہتا ہے۔ سوچنے سمجھنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت مفقود ہو جاتی ہے۔ صبح اٹھنے پر چکر آتے ہیں اور ذہن سن سا محسوس ہوتاہے۔ روشنی ناقابل برداشت ہوتی ہے۔آنکھوں میں جلن ہوتی ہے اور سرخی کے ساتھ پانی آتا ہے۔(صفحہ 412)

گریشولا

Gratiola

٭…گریشولا میں چکر بھی آتے ہیں جن کا عموماً کھانے سے تعلق ہوتا ہے۔ کھانا کھاتے ہوئے چکر آتے ہیں اور کھانے کے بعد چکر زیادہ ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آنکھیں بند کرنے سے پڑھنے سے اور بیٹھ کر اٹھنے سے بھی چکر آتے ہیں۔ان علامتوں سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مریض میں خون کی کمی ہے یا اس کے خون کا دباؤ کم ہے۔ (صفحہ414)

ہائیوسمس

Hyoscyamus

(Henbane)

٭…ہائیوسمس کی ایک علامت یہ ہے کہ پیٹ میں شدید مروڑ اٹھتا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ درد کی شدت سے پیٹ پھٹ جائے گا۔ الٹیاں بھی آتی ہیں،ہچکی لگ جاتی ہے مریض چیخیں مارتا ہے، اسے چکر آتے ہیں اور معدے میں جلن کا احساس بھی ہوتا ہے۔ (صفحہ460)

آئرس ورسیکولر

Iris versicolor

٭…آئرس ورسیکولر میں کانوں کی علامتیں بھی بہت نمایاں ہوتی ہیں۔کانوں میں شور اور بھنبھناہٹ کی آوازیں آتی ہیں اور رفتہ رفتہ بہرہ پن پیدا ہونے لگتا ہے۔ چونکہ یہ دوا کانوں پر اثر انداز ہوتی ہے اس لیے وہ چکر جو کان کی خرابی کی وجہ سے آتے ہیں ان میں بھی یہ مفید ثابت ہوتی ہے۔عموماً ایسی کیفیت میں کاکولس بہت اچھا اثر کرتی ہے لیکن اگر کام نہ کرے تو آئرس ورسیکولر کو بھی یاد رکھیں۔ یہ بھی کان کے پردہ کی خرابی اور اس میں موجود مائع کا توازن بگڑنے کی وجہ سے آنے والے چکروں کے لیے بہترین دوا ہے۔ معدہ کی خرابی کی وجہ سے جو چکر آتے ہیں ان میں نکس وامیکا اور برائیونیا مفید ہے۔ (صفحہ 483)

کالی فاسفوریکم

Kali phosphoricum

(Phosphate of potassium)

٭…کالی فاس میں بعض دفعہ اچانک چکر آنے لگتے ہیں جو برائیونیا کی یاد دلاتے ہیں۔ اچانک اٹھنے سے، سر جھکانے سے اور سر کے دائیں بائیں حرکت کرنے سے چکر آنے کی علامت برائیونیا اور کالی فاس کے علاوہ کئی اور دواؤں میں بھی پائی جاتی ہے۔ نکس وامیکا بھی چکروں کا بہت اچھا علاج ہے۔ بعض دفعہ سر بوجھل سا محسوس ہوتا ہے اور توازن ٹھیک نہیں رہتا۔ چلتے وقت قدم لڑکھڑاتے ہیں۔ سر کو حرکت دینے سے چکروں کا احساس ہوتاہے۔اسی طرح جب پیٹ کی ہوا معدہ میں اچانک لرزہ پیدا کرتی ہے تو اس حرکت سے بھی توازن بگڑ جاتا ہے اور چکر آجاتے ہیں۔ ایسی صورت میں نکس وامیکا بہت اچھا اور فوری اثر دکھاتی ہے۔ اگر چکر محض اعصابی تھکاوٹ کی وجہ سے آئیں تو کالی فاس اول طور پر یاد آنی چاہیے۔(صفحہ509،508)

٭…اگر ہر بیماری حرکت سے بڑھتی ہو اور سفر کی حالت میں چکر آئیں تو اس میں کاکولس اور برائیونیا دونوں مفید ہوتی ہیں۔کالی فاس کا مریض توازن قائم نہ رکھ سکے تو سامنے کی طرف گرنے کا رجحان رکھتا ہے۔ بعض مریض پچھاڑ کھا کر پیچھے کی طرف گرتے ہیں۔ ان میں یہی رجحان بعض دفعہ آگے کی طرف گرنے کے رجحان میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ کالی فاس کا مریض عموماًذہین ہوتا ہے اور اسے چکر کھا کر پیچھے گرنے کا خوف آگے کی طرف جھکنے پر مجبور کرتا ہے۔لہذا اس اندفاعی کوشش میں بعض اوقات وہ آگے کی طرف گر بھی جاتا ہے۔ (صفحہ509)

کالی سلفیوریکم

Kali sulphuricum

(Sulphate of potash)

٭…کالی سلف میں پریشان کن خواب بھی آتے ہیں۔ نیند پر سکون نہیں آتی۔ رات کے کھانے کے بعد گرم کمرہ میں ٹھہرنے سے چکر آتے ہیں۔سر میں کھچاؤہوتا ہے، بال گرتے ہیں اور سر میں خشکی ہوتی ہے۔ (صفحہ 518)

لیک ڈیفلوریٹم

Lac defloratum

٭…لیک ڈیف کے مریض کو ہاتھ اونچا کرنے سے بھی چکر آتے ہیں۔ اس کے سر کے چکر کونیم (Conium) سے مشابہ ہیں۔ کونیم میں لیٹ کر ذرا سی کروٹ بدلتے ہوئے یا آنکھ کی حرکت سے بھی چکر آتے ہیں اور یو ںمعلوم ہوتا ہے کہ جیسے بستر گھوم گیا ہے۔ لیک ڈیف میں بھی یہی کیفیت ہوتی ہے۔ جبکہ لیک کینائینم میں چلتے ہوئے چکر آتے ہیں۔ مگر مریض کو محسوس ہوتا ہے کہ ساری کائنات بہت لطیف انداز سے گھوم رہی ہے اور وہ پریوں کے دیس میں چلا گیا ہے۔ اس علامت کا فلک سیر یعنی بھنگ سے بھی تعلق ہے جس میں مریض کو ہواؤں میں پھرنے اور تیرنے کا احساس ہوتا ہے۔ اس کی سب سے نمایا ں بات یہ ہے کہ وقت گزرنے کا احساس متاثر ہوتاہے۔ کبھی لگتا ہے کہ ایک سیکنڈ میں سارا زمانہ گزر گیا ہے کبھی غم اور تکلیف کے دور میں وقت گزرتا ہی نہیں اور ہر لمحہ لمبا ہوتا جاتاہے۔لیک ڈیف میں یہ عجیب کیفیت ہوتی ہے کہ وقت مزے کے احساس کے ساتھ لمبا ہوتا جاتا ہے حالانکہ خوشی اور مزے کے دور میں لمحے سکڑ جایا کرتے ہیں۔ اور وقت بہت تیزی سے گذرتا ہے۔ لیک ڈیف کے مریض کا دماغ ایک بات پر ٹھہرتا نہیں بلکہ ادھر ادھر بھٹکتا رہتا ہے۔ اسے کسی بات پر یقین نہیں رہتا۔ (صفحہ 534)

لاروسیراسس

Laurocerasus

(Cherry-laurel)

٭…لاروسیراسس میں غنودگی اور چکر پائے جاتے ہیں۔ بعض دفعہ غشی طاری ہو جاتی ہے۔ دماغی کمزوری کی وجہ سے یادداشت ختم ہو جاتی ہے۔ خیالات میں یکسوئی نہیں رہتی۔ سر میں شدید درد کے ساتھ پیشانی میں ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔(صفحہ556)

مرکری کے مرکبات

Mercurius

٭…حیض کا خون رک جائے تو سر میں درد ہونے لگتا ہے۔کمر کے بل لیٹنے سے سر میں چکر آنے لگتے ہیں۔سر کے گرد پٹی سی بندھے ہونے کا احساس ہوتا ہے بائیں کنپٹی میں درد ہوتا ہے۔ کھوپڑی میں دباؤ اور گھٹن محسوس ہوتے ہیں۔ جلن اور خارش بھی پائے جاتے ہیں۔ (صفحہ596)

ملی فولیم

Millefolium

(Yerrow)

٭…عموماً سر کی طرف خون کے دوران کا احساس ہوتا ہے، سر کے دائیں جانب دباؤ، پپوٹوں اور پیشانی کے عضلات میں اینٹھن ہوتی ہے، حرکت کرنے سے چکر آتے ہیں اور کان بند ہونے کا احساس ہوتا ہے لیکن ساتھ ہی ان سے ٹھنڈی ہوا نکلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ دوپہر کو سونے کے بعد سر بھاری ہوجاتا ہے۔ مریض کو ہر وقت یہ احساس رہتا ہے کہ وہ کچھ بھول گیا ہے۔ چہرے پر گرمی اور حدت محسوس ہوتی ہے۔ منہ بہت خشک رہتا ہے۔ (صفحہ603)

نیڑم کاربونیکم

Natrum carbonicum

(Carbonate of sodium)

٭…ذرا سی بھی ذہنی تھکاوٹ سے سرمیں درد ہوتا ہے جو سورج یا گیس کی روشنی میں بڑھ جاتا ہے اور چکر بھی آتے ہیں۔جسمانی یا ذہنی محنت سے تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں اور بہت کمزوری محسوس ہوتی ہے۔ چلتے ہوئے لڑکھڑاتا ہے۔(صفحہ614)

نیڑم سلفیوریکم

Natrum sulphuricum

٭…نیڑم سلف میں سلفر کی طرح سر کی چوٹی پر گرمی اور حدت کا احساس ہوتا ہے۔ کھانے کے بعد پیشانی میں شدید درد ہوتا ہے۔ سر میں بھاری پن، گدی میں درد اور چکر اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔(صفحہ 636)

نکس وامیکا

Nux vomica

(Poison nut)

٭…صبح کے وقت چکر بھی نکس وامیکا کے مریض کی علامت ہیں۔اس کی بھی غالباً یہی وجہ ہے کہ رات کو پر سکون نیند نہیں آتی اور صبح اٹھنے پر سر میں تھکاوٹ کی وجہ سے چکر آنے لگتے ہیں۔(صفحہ 641)

اوپیم

Opium

(Dried latex of the poppy)

٭…اوپیم کا مثالی مریض بہت ڈرپوک ہوتا ہے۔ اندھیرے سے سخت ڈرتا ہے۔ ڈراؤنے خیالات آتے ہیں۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے عاری ہو کر اپنی بیماری اور تکلیف کو بھی نہیں سمجھ سکتا۔ غنودگی اور بے ہوشی کی سی حالت میں رہتا ہے۔ کسی بھی چیز سے خوفزدہ ہونے کے بعد اسے سر میں چکر آنے لگتے ہیں۔ (صفحہ 646)

فائٹولاکا

Phytolacca

(Poke root)

٭…فائٹولاکا کے مریض کو چکر بھی بہت آتے ہیں۔بستر سے اٹھتے ہوئے کمزوری محسوس ہوتی ہے۔سردرد پیشانی سے پیچھے کی طرف منتقل ہوتا ہے۔ آنکھوں اور کنپٹیوں پر بوجھ محسوس ہوتا ہے۔ بارش کے ساتھ سردرد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اگر سر پر خارش ہوجس کے ساتھ ابھار اور کھرنڈ بن جائیں تو فائٹولاکا بھی اس کی ایک دوا ہو سکتی ہے۔ (صفحہ664)

سپائی جیلیا

Spigelia

(Pink root)

٭…سپائی جیلیا کی دماغی علامات میں کمزور یادداشت، ہر چیز سے بے رغبتی، بے چینی اور پریشانی نمایاں ہوتے ہیں۔ اچانک اٹھ کر کھڑا ہونے پر چکر آتے ہیں غالباً بلڈپریشر کم یا زیادہ ہو جاتا ہے یا بعض دفعہ کان کے مائع کا توازن برقرار نہیں رہتا۔ کان کی انفیکشن سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ سخت درد کے باوجود غنودگی سی رہتی ہے۔ سر اونچا کر کے لیٹنے سے آرام محسوس ہوتا ہے۔ اگر مریض سامنے کی طرف جھکے تو تکلیف بڑھتی ہے۔(صفحہ762)

٭…سپائی جیلیامیں آنکھیں بہت بڑی محسوس ہوتی ہیں، نظر ایک جگہ نہیں ٹھہرتی اور بعض دفعہ ایک چیز اپنی اصل جگہ سے ہٹی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ آنکھوں میں درد کے ساتھ سخت دباؤ محسوس ہوتا ہے۔ آنکھ کا ڈیلا ہلائیں تو درد بڑھ جاتا ہے۔ اس میں سرخی نہیں ہوتی۔ صاف ستھری آنکھ میں درد ہو تو اکثر اعصاب کا قصور ہوتاہے۔ آنکھ ہلانے سے بھی سر چکرانے لگتا ہے۔(صفحہ 763)

زنکم

Zincum metallicum

(Zinc)

٭…سر کو جب چکر آئیں تو زنکم کا مریض ہمیشہ یہی خیال کرتا ہے کہ وہ بائیں طرف گرے گا۔ دائیں بائیں سر ہلانا اور سر کو تکیے میں دھنسانے کی کوشش کرنا یہ زنکم کی بھی ایک علامت ہے۔ سر اور ہاتھ خود بخود ہلتے رہیں اور رعشہ سا ہو جائے تو اس میں بھی زنک اچھی دوا بتائی جاتی ہے۔(صفحہ810)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button