حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے امسال حج کے خواہش مند سعودی شہریوں کے لیے نئے حج پیکج کااعلان کیا ہے اس سہولت کے بعد سعودی عازمین حج پیکجکے اخراجات ایک ساتھ پوری رقم کے ذریعے ادا کرنے کی بجائے تین قسطوں میں دے سکیں گے۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس سکیم کے تحت سعودی عازمینِ حج کو رجسٹریشن کی تاریخ کے ۷۲؍گھنٹوں کے اندر کُل اخراجات کا ۲۰؍فیصد ادا کرنا لازمی ہو گا جبکہ ۴۰؍فیصد کی دوسری قسط ۷؍رجب ۱۴۴۴ھ تک اور بقیہ ۴۰ فیصد ۱۰؍شعبان ۱۴۴۴ھ تک ادا کرنی ہو گی۔ ہر ادائیگی کی الگ رسید دی جائے گی، ادائیگیاں مکمل ہونے پر حج اسٹیٹس کنفرم میں تبدیل ہو جائے گا۔ تینوں ادائیگیاں وقت پر مکمل نہ کی جانے کی صورت میں حج کے لیے بکنگ منسوخ کر دی جائے گی جبکہ ایک ساتھ مکمل ادائیگی کا آپشن بھی دستیاب ہو گا۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے مملکت کے اندر سے آنے والے عازمین کے لیے حج ۱۴۴۴ھ کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے لیے پیکج۳ ہزار ۹۸۴ ریال سے شروع ہو رہا ہے۔ امسال حج کے خواہش مند سعودی باشندے اور مملکت میں قیام پذیر افراد وزارت کی ویب سائٹ اور نسک ایپ کے ذریعے بھی اپنی درخواستیں جمع کر وا سکتے ہیں۔

٭… ایران میں حجاب کے معاملے پر زیر حراست لڑکی مہسا امینی کی موت کے خلاف مظاہروں کے دوران پیرا ملٹری فورس کے اہلکار کے قتل کے جرم میں مزید ۲؍افراد کو پھانسی دے دی گئی۔ایرانی عدلیہ کے مطابق ۲۲سالہ محمد مہدی کرامی اور ۲۰سالہ محمد حسینی کو سیکیورٹی اہلکار کے قتل کے جرم میں ۷؍جنوری کی صبح پھانسی دی گئی۔۲؍افراد کو گذشتہ سال دسمبر میں پھانسی دی گئی تھی۔ ایران میں جاری مظاہروں کے الزام میں ہزاروں افراد گرفتار ہیں، جن میں سے اب تک ۱۴؍افراد کو موت کی سزا سنائی جاچکی ہے اور موت کی سزا پانے والوں کی تعداد ۴؍ہوگئی ہے۔

٭… اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر والکر ترک نے کہا ہے کہ ایران اختلاف رائے کو دبانے کےلیے سزائے موت کو ہتھیار بنا رہا ہے۔ ایران میں جاری ٹرائلز بین الاقوامی قانونی معیار پر پورا نہیں اترتے۔ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ایران میں مزید ۲؍افراد کو پھانسی دی جانے والی ہے۔ایران میں یہ سزائے موت ریاستی قتل کے مترادف ہے۔

٭… ایران میں سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی کی صاحبزادی فائزہ ہاشمی کو ۵سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ فائزہ ہاشمی انسانی حقوق کی کارکن ہیں، پبلک پراسیکیوٹر نے ان پر نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ان کی وکیل کے مطابق ان کی موکل کو ۵سال قید کی سزا سنائی گئی ہے لیکن یہ حتمی فیصلہ نہیں ہے۔ خیال رہے کہ فائزہ ہاشمی کو ۲۰۱۲ء میں بھی قید کیا گیا تھا اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ فائزہ ہاشمی کو گذشتہ سال مہسا امینی کی موت کے خلاف مظاہروں کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

٭…بلخ صوبائی محکمہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے خواتین دکانداروں کو دکانیں بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزار شریف میں خواتین ومرد ایک ساتھ کام کر رہے ہیں اس لیے خواتین دکانداروں کو دکانیں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب شہر پل خمری میں بیوٹی پارلر کی مالکان کا کہنا ہے کہ بغلان صوبے کے گورنر نے انہیں دس روز کے اندر پارلرز بند کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے ، اس کے بعد سیلونز کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ افغانستان میں خواتین کے اعلیٰ تعلیم کے حصول، این جی اوز میں ملازمت کرنے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

٭…اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کی زیر صدارت ایک غیر معمولی اجلاس ہو اجس میں اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے اشتعال انگیز دورے کی مذمت کی گئی ہے اور مسئلہ فلسطین کی مرکزی اہمیت کا اعادہ کیا گیا ہے۔اسی طرح مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کے خلاف اسرائیلی پالیسیوں اور اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا گیا کہ بیت المقدس پوری اسلامی امت کے دل کے قریب ہے۔اس اجلاس کے اختتام پر او آئی سی کی طرف سے ۱۷؍نکاتی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں اسرائیل کی مذمت کے علاوہ مسلم ممالک، عالمی اداروں، تنظیموں، مذہبی راہنماؤں اور انسانی حقوق کے اداروں کو اس اہم معاملے کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ۳؍جنوری کو اسرائیلی وزیرِ قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے سخت سیکیورٹی میں مسجد الاقصیٰ کا اشتعال انگیز دورہ کیا تھا۔

٭… اسرائیل نے فلسطین کے خلاف ایک اور جارحانہ قدم اٹھاتے ہوئے عوامی مقامات پر فلسطینی پرچم لہرانے پر پابندی لگا دی ہے۔دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتماربین گویئر نے اس حوالے سے اسرائیلی پولیس کو ہدایت جاری کر تے ہوئے کہاکہ اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی کی حوصلہ افزائی کےلیے علامتی پرچم لہرانے پر پابندی ہوگی۔اسرائیل مخالف عناصر کے ریاستی یا ان کی دہشت گرد تنظیم کے پرچم سرکاری اداروں پر لگانے پر پابندی ہوگی۔اپنی تمام توانائیاں دہشتگردی اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف استعمال کریں گے۔

٭…افغانستان کی طالبان حکومت نے ملک کے شمالی علاقے دریائے آمو کے قریب تیل نکالنے کےلیے چین کے ساتھ پہلا بین الاقوامی معاہدہ کرلیا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ معاہدہ ۲۵سال کے لیے چین کی تیل اور گیس کمپنی کے ساتھ کیا گیا ہے جو سرکاری کارپوریشن کا حصہ ہے۔ ساڑھے چار ہزار کلومیٹر کے علاقے سے تیل نکالا جائے گا، تیل نکالنے کی یومیہ مقدار ایک ہزار سے دو ہزار کلومیٹر تک بڑھائی جائے گی۔ چینی کمپنی سال میں پندرہ کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جو اگلے تین سال میں بڑھ کر ۵۴؍کروڑ ڈالر ہوجائے گی۔ منصوبے میں طالبان حکومت کو ۲۰؍فیصد کی شراکت داری حاصل ہے، جو بڑھ کر ۷۵؍فیصد ہوسکتی ہے۔ طالبان کو ۲۵؍سالہ معاہدے سے پندرہ فیصد رائیلٹی بھی حاصل ہوگی۔ دریائے آمو سے نکلنے والا تیل افغانستان میں ہی ریفائن کیا جائے گا، اس طرح افغانستان جلد تیل کے حوالے سے خود کفیل ہو جائے گا۔ منصوبے کے ذریعے تین ہزار افغان شہریوں کو ملازمت ملنے کا امکان ہے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب میں طالبان حکومت کے نائب وزیراعظم برائے معاشی امور مُلا عبدالغنی برادر نے کہا کہ اس سے افغانستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور تیل پر خود انحصاری میں اضافہ ہوگا۔

٭… یوکرینی فوجی امریکی فوجی اڈوں میں تربیت حاصل کریں گے جہاں انہیں پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔یہ تربیتی مشن امریکی ریاست اوکلاہوما کے فورٹ سل فوجی اڈے پر ہوگا۔یوکرینی فوجی سوئچ بلیڈ ڈرونز اور دیگر فوجی تربیت امریکہ میں حاصل کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ نے روس سے مقابلے کےلیے یوکرین کو اپنا جدید پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام فراہم کرنےکا کہا ہے۔

٭…برازیل میں سابق صدر جیربولسونارو کے حامیوں نے صدارتی محل، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کی عمارت کا گھیراؤ کرکے توڑ پھوڑ کی اور نئے صدر کے خلاف نعرے لگائے۔ سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں سے قبضہ چھڑا کر علاقے کو سیل کردیا ہے۔پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے آنسوگیس کا استعمال کیا گیا جبکہ چار سو سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ صدر داسلوا نے سیکیورٹی فورسز کو دارالحکومت برازیلیا میں مظاہرین کے خلاف بھرپور آپریشن کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ، فرانس اور اقوام متحدہ نے برازیل میں کانگریس عمارت پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری اداروں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔

٭…خلیجِ عمان میں کارروائی کرتے ہوئے امریکی بحریہ نے یمن جانے والی کشتی سے دو ہزار سے زائد رائفلز قبضے میں لے لیں۔ کشتی کو ایسے راستے پر روکا گیا جو ایران سے غیر قانونی مال یمن میں حوثی باغیوں کو فراہم کرنے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔یکم دسمبر کو بھی امریکی بحریہ نے پچاس ٹن سے زائد اسلحہ قبضے میں لیا تھا جبکہ ایسی ہی کارروائی ۸؍نومبر کو کی تھی جس میں اسلحہ بنانے والا ستّر ٹن کیمیکل قبضے میں لیا گیا۔

٭…برطانوی شہزادے ہیری کی کتاب ’’اسپیئر ‘‘دنیا بھر میں شائع کر دی گئی۔یہ سوانح حیات ان کی شاہی زندگی سے متعلق یادداشتوں پر مبنی ہےجس میں شاہی خاندان سے اپنے تلخ تعلقات کا ذکر کیا ہے۔یہ کتاب برطانیہ کی سب سے تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی۔ پبلشر کے مطابق ہارڈ بیک، ای بُک، آڈیو سمیت کتاب کی اب تک چار لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ مختلف الیکٹرانک اور پریس میڈیا کے مطابق اس کتاب میں ذاتی نوعیت کے واقعات پیش کیے گئے ہیں۔ شہزادہ ہیری ۲۰۲۰ءمیں شاہی اعزازات چھوڑ کر اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ امریکہ چلے گئے تھے۔

٭… روسی ٹیلی ویژن نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کو عرب دنیا کی طاقتور ترین شخصیت قرار دے دیا۔ روس کے عربی زبان میں نشر ہونے والے ٹی وی چینل نے اس سلسلے میں ایک سروے کروایا۔سروے میں ایک کروڑ اٹھارہ لاکھ ستترہزار ۵۴۶؍افراد نے شرکت کی ۔سعودی شہزادہ محمد بن سلمان سال ۲۰۲۲ءمیں عرب دنیا کی سب سے بااثر شخصیت قرار دیے گئے ہیں۔ سعودی ولی عہد کو ناظرین کے ۷۳؍لاکھ ۹۹؍ہزار ۴۵۱؍ووٹ حاصل ہوئے۔ سعودی ولی عہد کو حاصل ووٹ مجموعی ووٹنگ کا ۶۲؍اعشاریہ ۳؍فیصد رہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان عرب دنیا کی دوسری بااثر شخصیت قرار دیے گئے ہیں۔ جن کے حق میں ۲۹؍لاکھ ۵۰؍ ہزار ۵۴۳؍ووٹ دیے گئے۔ اسی طرح مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو عرب دنیا کی تیسری بااثر شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

٭… چین نے تین سال کی پابندی کے بعد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سرحدیں کھول دیں۔بین الاقوامی مسافروں کو فضائی، بری اور بحری راستوں سے آنے کی اجازت مل گئی۔ چین آنے والوں کو اب قرنطینہ میں نہیں جانا ہوگا لیکن ۴۸؍گھنٹوں کے اندر کروایا جانے والا منفی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ دکھانی ہوگی۔واضح رہے کہ چین میں کورونا وبا کی روک تھام کے لیے مارچ ۲۰۲۰ء میں سفری پابندیاں لگائی گئی تھیں۔

٭…اپنے شہریوں کو چین کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جرمن وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین میں کورونا کیسز میں اضافے پر نئی سفری ہدایات دی جارہی ہیں۔ جرمنی نے گذشتہ روز چین سے آنے والے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ کی شرط بھی عائد کی ہے۔ یاد رہے کہ چین میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد سے کورونا کیسز میںاضافہ ہواہے۔

٭… برطانیہ سے سٹیلائٹس سے لیس راکٹ خلا میں بھیجنے کا پہلا تجربہ ناکام ہوگیا۔ راکٹ جمبو جیٹ کے ذریعے بحراوقیانوس پر ۳۵؍ہزار فٹ کی بلندی پر لانچ کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لانچ کے بعد راکٹ خرابی کے بعد گم ہوگیا تھا جبکہ راکٹ چھوڑنے کےلیے جانے والاجمبو جیٹ زمین پر واپس اتر گیا۔ آئن ایننٹ ڈپٹی سی ای او یو کے اسپیس ایجنسی کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مدار میں پہنچنا کتنا مشکل ہے۔ آئندہ ایک برس میں مزید راکٹ لانچ کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

٭… یورپی یونین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گذشتہ آٹھ سال عالمی سطح پر گرم ترین سال ریکارڈ ہوئے، جبکہ سال ۲۰۲۲ء ریکارڈ میں پانچواں گرم ترین سال رہا۔ یورپ میں ۲۰۲۲ء ریکارڈ میں اب تک کا دوسرا گرم ترین سال تھا، عالمی سطح پر ۱۸۸۰ء سے رکھے جانے والے موسمیاتی ریکارڈ میں ۲۰۱۶ء اور ۲۰۲۰ء دنیا کے گرم ترین سال رہے ہیں۔ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینے والی یورپی یونین کلائمیٹ سروس کوپرنیکس کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس پاکستان اور شمالی بھارت موسم بہار میں ۴۰؍سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث ہیٹ ویو کا شکار رہے۔ پاکستان میں ہیٹ ویو کے بعد سیلاب آیا جس نے ملک کے ایک تہائی حصے کو ڈبو دیا، ۲۰۲۲ء میں فرانس، برطانیہ،سپین اور اٹلی میں اوسط درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔گذشتہ ۳۰؍سالوں میں یورپی درجہ حرارت میں عالمی اوسط کے مقابلے میں دُگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، یورپ میں درجہ حرارت میں اضافہ کسی بھی براعظم میں اضافے کی بلند ترین شرح ہے۔اسی طرح مشرق وسطیٰ، چین، وسطی ایشیا، شمالی افریقہ میں بھی گذشتہ سال غیر معمولی حدت دیکھنے میں آئی۔

٭…لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق افغان وزارت تعلیم کے اعلامیہ میں بتایاگیا ہے کہ افغان حکومت نے اسکول و تعلیمی مراکز میں لڑکیوں کو پانچویں جماعت تک تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان کے کئی صوبوں میں مقامی حکام نے لڑکیوں کے پرائمری اسکول بھی بند کرا دیے تھے۔ گذشتہ ماہ طالبان حکام نے لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی لگائی تھی۔

٭… انڈونیشیا کے جنوبی صوبے مالوکو کے جزائر پر۱۳۰ کلومیٹر گہرائی میں آنے والے ۷.۶ شدت کے زلزلے سے زمین لرز اٹھی، شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے باعث ۱۵ مکانات اور ۲ اسکول کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ زلزلے کے بعد جاری کی گئی سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد ۴ آفٹر شاکس محسوس کیے گئے، ایک کی شدت ۵.۵ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے آسٹریلیا کے شمالی حصوں میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button