یورپ (رپورٹس)

فیفا ورلڈ کپ اور حالاتِ حاضرہ کے مسائل پر مجلس خدام الاحمدیہ و جماعت سوئٹزرلینڈ کے زیرِ اہتمام تربیتی مباحثہ

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

مجلس خدام الاحمدیہ اور جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے تربیت کے شعبہ جات کے زیرِ اہتمام مورخہ ۱۸؍دسمبر ۲۰۲۲ء بروز اتوار تیلی سنٹر، آرگاؤ میں اطفال اور خدام کے لیے فیفا ورلڈ کپ کا فائنل فٹبال میچ براہ راست دیکھنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ شرکاء دوپہر اڑھائی بجے آرگاؤ میں تیلی سنٹرپہنچ گئے۔ اس تقریب کا مقصد تمام شرکاء کے ساتھ ان موجودہ موضوعات کے بارے میں گفتگو کرنا تھا جو قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے حوالے سے زبان زدِ عام تھے۔

پروگرام کا آغاز مکرم شاہد اقبال صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں مکرم فہیم احمد خان صاحب مربی سلسلہ کی تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم عارف محمود صاحب معتمد خدام الاحمدیہ کی طرف سے مختصراً پریزنٹیشن دی گئی جس میں دوحہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سےایم ٹی اے راؤنڈ اپ کا ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔

اس کے بعد مکرم قاسم خان صاحب مہتمم تبلیغ کی میزبانی میں مباحثہ شروع ہوا جس میں مہمانانِ خصوصی مکرم ولید طارق تار نتسر صاحب نیشنل امیر سوئٹزرلینڈ، مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج اور مکرم زاہد اسماعیل بٹ صاحب سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مدعو کیا گیا تھا۔ مباحثہ میں، انسانی اور کارکنوں کے حقوق، مہمان نوازی، ہم جنس پرستی، مغرب میں اسلام کی تصویر اور اسلام میں احتجاج کے موضوعات پر بات کی گئی۔

بعد ازاں قطر میں ہونے والے ورلڈکپ کے حوالے سے مختلف ممالک میں اٹھائے جانے والے تمام اعتراضات کے بھی مہمانوں نے جواب دیے۔ اس موقع پر حاضرین نے بھی مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس کے بعد ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان فائنل میچ کی براہ راست نشریات شروع ہوگئیں۔ ہاف ٹائم کے وقفے کے دوران مغرب کی نماز ادا کی گئی۔

انتہائی سنسنی خیز فائنل میچ جس کا نتیجہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے نکلا، ارجنٹائن نے جیت لیا اور وہ فٹ بال ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے چیمپئن بن گئے۔

اس غیر معمولی میچ کے بعد عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھاجس میں شرکاء پیزا سے لطف اندوز ہوئے۔ اس پروگرام کا اختتام نماز عشاء کے ساتھ ہوا۔ الحمدللہ ۳۵ خدام، ۵ اطفال، ۶ انصار اور مختلف قومیت کے پانچ تبلیغی مہمانوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button