افریقہ (رپورٹس)

لائبیریا میں سال نو کا آغاز تہجد، وقارِ عمل اور شجرکاری سے ہوا

خلق خدا کو دنیاوی رسم و رواج سے چھٹکارا دلانا بعثت انبیاء کی اغراض میں سے ایک ہے۔ اس زمانہ کے حصن حصین سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفائےکرام نے لغو دنیاوی رسم و رواج کو بیزار ہوکر ترک کرنے اور ان کو حسنات سے بدلنے کی تلقین فرمائی اور آپ کے متبعین نے ہمیشہ ان پر عمل پیرا ہوکر حسنات کو ایک نیا رنگ دیا ہے۔ ایسی ہی ایک حسنہ کا دلکش رنگ سال نو کے آغاز پر جماعت احمدیہ عالمگیر میں نمایاں نظر آتا ہے جب نماز تہجد و فجر کی ادائیگی کے بعد پیر و جوان مل کر وقار عمل کے ذریعہ نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہیں۔اس حسنہ سے نہ تو کسی ذی روح کو نقصان پہنچتا ہے،نہ سماعت پر گراں گزرتا ہے بلکہ یہ آنکھوں کو بھلی معلوم ہوتی ہے، ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھتی اور اسراف سے بھی بچاتی ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کو سال نو کے آغاز پر ملک بھر کی مختلف مجالس میں اجتماعی نماز تہجد، وقار عمل اور شجرکاری کی توفیق ملی۔الحمد للہ علیٰ ذالک۔

اس ضمن میں قابل ذکر مساعی مجلس خدام الاحمدیہ منروویا کی رہی۔ نماز تہجد کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے خدام کی ایک خاصی بڑی تعداد نے حلقہ مشن ہاؤس (مسجد بیت المجیب، نیشنل ہیڈکوارٹرز) میں اپنے دوستوں اور عزیزوں کے ہاںرات بسر کی۔ دن کا آغاز پونے پانچ بجے نماز تہجد سے ہوا۔نماز فجر اور درس سے فراغت کے بعد تقریباً صبح سات بجے خدام MCC ہال پہنچے جہاں مکرم Frederick Coleصاحب ڈائریکٹر جنرل منروویا سٹی کارپوریشن نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر مکرم محمد Jones Annanصاحب نائب امیر کی زیر صدرات ایک مختصر سی تقریب منعقد کی گئی جس میں مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے ۲۰؍جھاڑو، ۷؍ریک، ۴؍بیلچے اور ۳؍ٹرالیاں تحفةً ڈائریکٹر جنرل منروویا سٹی کارپوریشن کے سپرد کی گئیں۔

مکرم Frederick Coleصاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چار سال سے نئے سال کے آغاز کے موقع پر احمدیہ مسلم مشن کے ساتھ اس نیک کام میں شامل ہو رہا ہوں جس پر میں خدا تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔شہر کے میئر Jafferson Koijjee صاحب، کارپوریشن کی انتظامیہ اور عملہ آپ کے اس کارخیر سے بخوبی واقف ہے اور آپ کی مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے صفائی کے لیے دیے جانے والے سامان پر جماعت احمدیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مکرم Jiram Dingwell Solidصاحب ڈائریکٹر ویسٹنے بیان کیا کہ میں اس اچھے کام پر آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔آپ شہر کی بہتری کے لیے جو بھی قدم اٹھانا چاہیں ہم اس کے لیے آپ کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے اور میری خواہش ہوگی کہ دوسرے مذہبی گروپس بھی آپ کے ساتھ مل کر نئے سال کا آغاز راستوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے سے کریں۔ اگر آپ انسانیت سے، اپنی سوسائٹی سے اور اپنے شہر سے محبت کرتے ہیں تو آپ کو باہرآکر سال نو کے آغاز پر احمدیہ مشن کی طرح صفائی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ مجھے احمدیہ مشن پر فخر ہے۔

دعا کے معاً بعد وقار عمل کا آغاز کیا گیا۔ خدام و اطفال کو دس، دس افراد پر مشتمل چار گروپس میں تقسیم کیا گیا جبکہ پانچ خدام کو ناشتہ کی تیاری اور آب رسانی پر مامور کیا گیا۔ امسال UN Drive, Camp Johnson Road, Carey Street ,Benson Street, Capital Bypass اورLynch Street پر خدام کو صفائی کا ٹارگٹ دیا گیا۔ صاف کردہ گلیوں کی کل لمبائی چارکلومیٹرسے زائد بنتی ہے۔ ان گلیوں میں موجود ہر طرح کے کچرے اور غلاظت، جس میں گھروں سے باہر پھینکا جانے والا کوڑا کرکٹ بھی شامل تھا، بڑی محنت اور خندہ پیشانی سے اکٹھا کیاگیا۔ جو کارپوریشن کے طرف سے مہیا کیے جانے والے پک اَپ ٹرکس پر ساتھ ساتھ مخصوص مقامات پر منتقل کیا جاتا رہا۔ دوران وقار عمل شرکاء مجلس خدام الاحمدیہ کی مخصوص حفاظتی جیکٹس میں ملبوس تھے جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعتی تعارف کا ایک ذریعہ بھی رہا۔ راہگیروں کی ایک بڑی تعداد نے خدام کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں دعائیہ کلمات سے نوازتے رہے۔ وقار عمل تین گھنٹے جاری رہا جس میں ۳۸؍خدام، ۷؍اطفال اور ۹؍انصار نے شمولیت کی۔ بعدازاں تمام شرکاء وقار عمل بشمول سرکاری عملہ سٹی کارپوریشن کی ناشتہ سے مہمان نوازی کی گئی۔

منروویا سمیت دیگر۶؍کاؤنٹیز سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کل ۲۱؍گھنٹے سے زائد وقت وقارعمل میں صرف ہوا اور۱۴؍پودے بھی لگائے گئے جبکہ شاملین کی کل تعداد ۱۹۴؍رہی۔

اللہ تعالیٰ نیا سال عالمگیر جماعت احمدیہ کے لیے بابرکت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔مبلغ سلسلہ لائبیریا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button