یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کوسوو کی ’’کتاب عطیہ دن‘‘ میں شرکت

(جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کوسوو)

کوسوو، جزیرہ نما بلقان کے سب سے چھوٹے ممالک میں سے ایک ہے اور بنیادی، ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کے لحاظ سے روز بروز ترقی کر رہا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے لحاظ سے، ریاستی یونیورسٹی کے علاوہ، کئی پرائیویٹ کالج بھی ہیں جن میں تین سالہ بیچلر اور ماسٹرز اسٹڈی پروگرام ہیں۔ کوسوو کے ان پرائیویٹ کالجوں میں سے ایک کالج Pjetër Budiہے، جس کی بنیاد ۲۰۰۵ء میں کوسوو کے دارالحکومت پریشٹینا میں رکھی گئی تھی۔ تعلیمی عمل کے علاوہ یہ کالج تعلیمی اور ادبی کردار کے ساتھ دیگر تقریبات اور سرگرمیوں کا بھی اہتمام کرتا ہے۔

اس کالج نے کچھ دن پہلے ’’کتاب عطیہ دن‘‘ کی تنظیم کا اعلان کیا، جو کہ کالج کا ایک روایتی دن ہے جو طلبہ، پروفیسروں اور کتاب سے محبت کرنے والوں کو اکٹھا اور متحد کرتا ہے۔ دعوت ان تمام دلچسپی رکھنے والوں کے لیے تھی جو کالج کے لیے اس دن کا حصہ بنیں اور اپنی پسندیدہ کتب عطیہ کریں۔ جو کتابیں جمع کی جائیں گی وہ سب کو دستیاب ہوں گی۔

اس تقریب میں، جو ۲۳؍جنوری ۲۰۲۳ء کو کالج لائبریری میں دوپہر ایک بجے منعقد ہوئی، کوسوو کی جماعت احمدیہ نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور البانی زبان میں ترجمہ شدہ درج ذیل تین کتابیں عطیہ کرتے ہوئے شرکت کی: اسلامی اصول کی فلاسفی، دیباچہ تفسیر القرآن اور عالمی بحران اور امن کی راہ۔

ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تقریب کے دوران، ہمیں یہ کتابیں Pjetër Budi کالج کے ریکٹر،Dr.Sabir Klaqi (صابری کلیقی) کو پیش کرنے کا موقع ملا جو ہماری شرکت اور ان قیمتی کتابوں کو عطیہ کرنے سے خوش ہوئے۔ ملاقات کے علاوہ ہمیں کتابوں اور ثقافت سے محبت کرنے والوں سے نئے رابطے کرنے کا موقع ملا۔

(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button