افریقہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

بارہویں جلسہ سالانہ ٹوگو کا کامیاب انعقاد

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ۱۸۹۱ء میں جلسہ سالانہ کا آغاز فرمایا۔ آپ نے جلسہ سالانہ کے انعقاد کا مقصد احباب جماعت کی علمی، اخلاقی اور روحانی تعلیم و تربیت بیان فرمایا۔ چنانچہ اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سال دنیا کے مختلف ممالک میں جلسہ سالانہ کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس جماعتی روایت کے مد نظر جماعت احمدیہ ٹوگو (TOGO)کو اپنا بارہواں جلسہ سالانہ ۲۴ تا ۲۶ دسمبر ۲۰۲۲ء ’’مہدی آباد‘‘ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا پہلا پیغام

امسال جلسہ سالانہ کی خاص بات جماعت احمدیہ ٹوگو کی تاریخ میں پہلی دفعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا جلسہ سالانہ ٹوگو کے لیے پیغام عطا فرماناتھا۔دوسرا ابررحمت اس رنگ میں برسا کہ جلسہ سالانہ قادیان سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے اختتامی خطاب کے موقع پربذریعہ ایم ٹی اے براہ راست شمولیت کی سعادت نصیب ہوئی۔ پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے سامنے نصب سکرین پر دیگر ممالک کے جلسوں کے ساتھ شاملین جلسہ سالانہ ٹوگوکوبھی ملاحظہ فرما رہے تھے۔ یہ منظر جماعت احمدیہ ٹوگو کے لیے ایک تاریخی منظر تھا۔احباب جماعت کی خوشی اور جذبات خارج از بیان ہیں۔

گزشتہ دو سال کورونا کی وبا کی وجہ سے جلسہ سالانہ کا انعقاد نہ ہو سکا تھا۔چنانچہ احباب جماعت میں جلسہ میں شرکت کے لیےجوش و جذبہ عروج پر تھا۔اس دفعہ جلسہ سالانہ کا موضوع ’’امن انسانیت کی ضرورت ہے‘‘ رکھا گیا۔

جلسہ کی تیاری کے لیے ماہ اکتوبر میں ہی پروگرام جماعتوں میں ارسال کر دیا گیا تھا۔ ماہ نومبر میں کمیٹی جلسہ سالانہ کی میٹنگ ہوئی جس میں ناظمین کو ان کی نظامتوں سے متعلق آگاہی دی گئی۔جلسہ گاہ کی تیاری کا کام ایک ماہ قبل ہی شروع کر دیا گیا تھا۔مختلف جماعتوں سے آئے خدام نے متعدد وقار عمل کے ذریعے نہایت محنت کے ساتھ جلسہ سالانہ کے لیے زمین تیار کی جو کہ دو سال جلسہ نہ ہونے کی وجہ سےایک جنگل کا منظر پیش کر رہی تھی۔ جلسہ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل مکرم حافظ منور احمد قمر صاحب صدر ومبلغ انچارج جماعت احمدیہ ٹوگو نے دعا کے ساتھ ڈیوٹیز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ چنانچہ مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہیں بنائی گئیں۔ رہائش گاہیں تیار کی گئیں۔ عارضی غسل خانے وغیرہ بنائے گئے، مختلف نظامتوں کے ٹینٹ لگائے گئے۔ راستوں اور جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش بینرز اور مختلف قسم کی جھنڈیوں سے کی گئی۔ جلسہ گاہ کا ایک خوبصورت داخلی دروازہ بنا کر اس پر لائیٹنگ کی گئی جو کہ جلسہ گاہ کے نیشنل شاہراہ پر واقع ہونے کی وجہ سے، دور سے ہی ایک دلفریب منظر پیش کر رہی تھی۔

۲۳دسمبر ۲۰۲۲ء جمعۃ البارک کی شام سے جماعتوں سے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو کہ رات گئے تک جاری رہا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن

۲۴ دسمبر۲۰۲۲ء بروز ہفتہ جلسہ سالانہ کے پروگرام کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو کہ مکرم صدر ومبلغ انچارج صاحب جماعت ٹوگو نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم کومباتے محمد صاحب نے نماز باجماعت کی اہمیت پر درس دیا۔

جلسہ کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح نو بج کر تیس منٹ پر پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ لوائے احمدیت مکرم صدرصاحب جماعت احمدیہ ٹوگو نے لہرایا جبکہ ٹوگو کا پرچم مکرم آفو موسیٰ صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری جماعت ٹوگو نے لہرایا۔ بعد ازاں ٹوگو کاقومی ترانہ پڑھاگیا اوردعاکے ساتھ احباب جماعت جلسہ کے پنڈال میں تشریف لے آئے۔ جلسہ کےپہلے اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب جماعت احمدیہ ٹوگو نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ یہ جماعت احمدیہ ٹوگو کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت جلسہ سالانہ ٹوگوکے لیے پیغام عطا فرمایا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب جماعت احمدیہ ٹوگو نے افتتاحی تقریر پیش کی اوردعا کروائی۔بعد ازاں خاکسار (افسر جلسہ سالانہ) کو ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کرنے کی توفیق ملی۔ پہلےاجلاس کا آخری پروگرام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا ریکارڈڈ خطبہ جمعہ سننا تھاجس کے ساتھ یہ اجلاس برخاست ہوا۔

نمازوں اور کھانے کے وقفے کے بعد دوسرےاجلاس کا آغاز سہ پہر تین بجے مکرم وسیم احمد ظفر صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت ہوا۔ اس نشست میں ریجن کی سیاسی و سماجی شخصیات کو دعوت دی گئی تھی۔ تلاوت قرآن کریم اورمنظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعد جلسہ سالانہ کہ عنوان کی مناسبت سے پہلی تقریر مکرم کریم عبدالامین صاحب معلم سلسلہ ٹوگو نے ’’امن انسانیت کی ضرورت ہے‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد جلسہ کے مہمانوں میں شامل مختلف سیاسی وسماجی شخصیات اور ریجنل پولیس کمشنر کے نمائندے نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان سب نے جلسہ کے موضوع کو سراہا اور کہا کہ تمام دنیا کو اسلام کے امن کے پیغام اور جہاد کی حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد مکرم آوا بشیر صاحب معلم سلسلہ نے ’’اسلام میں عورت کا کردار‘‘ کے موضوع پر تقریرکی۔ اس کے ساتھ دوسرا اجلاس ختم ہوا۔

اسی دوران زنانہ جلسہ گاہ میں لجنہ اماء للہ ٹوگو کے علیحدہ اجلاس کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں تلاوت و نظم کے بعد درج ذیل موضوعات پرتقاریر کی گئیں۔

۱: گھر میں ایک عورت کامقام اور اس کی ذمہ داریاں

۲: تربیت اولاد سے متعلق آنحضرت ﷺ کا اسوہ حسنہ

۳: لجنہ اماء اللہ کے قیام کے مقاصد

نماز مغرب و عشاء کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیاگیا۔ اس کے ساتھ ہی جلسہ کے پہلے دن کی کارروائی اختتام کو پہنچی۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن

جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ بعد از نماز فجر مکرم مومیا یونس صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اہمیت پر درس دیا۔

صبح نو بجے تیسرے اجلاس کی کارروائی بصدارت مکرم بولاتیتو ادریس صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور فرانسیسی ترجمہ کے بعد منظوم کلام سیدناحضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم آدم احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ٹوگو نے ’’حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات سننے کی اہمیت‘‘ کے موضوع پرتقریر کی اور اطفال نے قصیدہ پیش کیا۔ اس کے بعد پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ قادیان سے براہ راست خطاب بذریعہ ایم ٹی اے سنا گیا۔ اس دوران جلسہ سالانہ ٹوگو کے مناظر بھی براہ راست ایم ٹی اے کی سکرین پر دکھائے جاتے رہے۔ پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بھی اپنے سامنے نصب سکرین پر جلسہ سالانہ ٹوگو اور دیگر ممالک کے جلسوں کے مناظر براہ راست ملاحظہ فرما رہے تھے۔ یہ منظر احباب جماعت ٹوگو کے لیے ایک تاریخی منظر تھا۔ احباب جماعت کے جذبات اور خوشی دیدنی تھی جس کا بیان الفاظ میں نہیں کیا جاسکتا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب اور دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ ٹوگو کے تیسرے اجلاس کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ نمازوں کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد سہ پہر تین بجے جلسہ کے چوتھے اجلاس کا آغازمکرم سوکلو محمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ ٹوگو کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن پاک وفرانسیسی ترجمہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام کے بعد پہلی تقریر ’’اسلام ایک امن کا مذہب ہے‘‘ کے موضوع پر مکرم عبدو یعقوبو صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ بعدازاں دوسری تقریر مکرم ماما بیلو صاحب معلم سلسلہ نے ’’جہاد کی حقیقت‘‘ اور تیسری تقریر مکرم آتروظفرا للہ صاحب نے ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی جس کے ساتھ یہ اجلاس برخاست ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد اجلاس میں چار مقامی زبانوں میں گذشتہ دو روز کی کارروائی کے خلاصے پیش کیےگئے جن میں ایوے،کوتوکولی،موبا اور ایفے زبان شامل ہے۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا دن

جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز با جماعت نماز تہجد سے ہوا۔ بعد از نماز فجر ’’تربیت اولاد‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔ سوا نو بجے جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم حافظ منور احمد قمر صاحب صدر ومبلغ انچارج ٹوگو ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و فرانسیسی ترجمہ کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم طاہر جداما صاحب معلم سلسلہ نے ’’آنحضرت ﷺ کا دشمنوں سے حسن سلوک‘‘، مکرم دوتی یوسف صاحب معلم سلسلہ نے ’’آمدحضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ اور مکرم لامبونی عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر پیش کیں۔ اس کے بعدچند نومبائعین نے قبول احمدیت کے واقعات بیان کیے۔ اس اجلاس کے آخر پر مکرم صدر صاحب جماعت احمدیہ ٹوگو نے ’’قرآن کریم میں بیان ایک متقی کو ملنے والے انعامات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور اختتامی دعا کروائی۔ جلسہ کے اختتام پر خدام اور معلمین سلسلہ نے ترانے اور نظمیں پیش کیں اور فضا نعرہ ہائے تکبیر سے گونجتی رہی۔ نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے ساتھ احباب جماعت جلسہ کی برکات سمیٹتے ہوئے اور سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شاملین جلسہ سالانہ کے لیے کی گئی دعاؤں کے وارث بننے کی امید لیےمہدی آباد سےرخصت ہوئے۔الحمد للہ علیٰ ذالک

جلسہ سالانہ کی میڈیا کوریج

امسال جلسہ سالانہ کی کوریج کے لیے میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں نیشنل اخبار ٹوگو پریس، آن لائن اخبارات میں ٹوگو رپورٹ اورافریقہ حباری شامل تھے۔ ٹی وی نمائندگان میں نیو ورلڈ ٹی وی اور ریڈیو نمائندگان میں ریڈیو لومے، ریڈیو کارا اور ریڈیو لا پے شامل تھے۔ میڈیا نمائندگان نے پہلے دن کے جلسہ کی کوریج کی اور مکرم صدر صاحب جماعت ٹوگو کا انٹرویو بھی کیا جس میں جماعت اور جلسہ کے متعلق سوال وجواب کیے گئے۔ اس کے علاوہ جلسہ سے قبل جماعت احمدیہ ٹوگو کے فیس بک پیج اور دیگر سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز سے جلسہ کی پبلسٹی کی جاتی رہی اور جلسہ کے بعد بھی جاری ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے میڈیا کے ذریعے جماعت کا پیغام لاکھوں افراد تک پہنچا۔

حاضری

الحمد للہ اس سال جلسہ سالانہ کی حاضری ۸۶۰ رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جلسہ سالانہ کی برکات سے مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: شکیل احمد۔ افسر جلسہ سالانہ ٹوگو)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button