امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے شہر Rio de Janeiro کے پولیس ہیڈ کوارٹرزمیں ایک پروگرام کا انعقاد

(حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)

برازیل کے شہر Rio de Janeiro کے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں پہلی دفعہ ایک ایسی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب کے راہنماؤں کو مدعو کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد پولیس افسران کی مذہبی لیڈران سے ملاقات اور پولیس افسران کے سامنے مذہبی عقائد اور مذہب کے متعلق جو مسائل ہیں ان کو بیان کرنا تھا۔ اس ضمن میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے ۱۱؍ مذہبی راہنما ؤں کو مدعو کیا گیا تھا۔ جبکہ ۱۵۰؍ کے قریب افسران اس تقریب میں شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار کو اسلام کی نمائندگی میں اس تقریب میں شامل ہونے کا موقع ملا۔

تمام مذہبی سربراہان کو باری باری اپنے مذہب کے بارے میں مختصراً تعارف کروانے کا موقع ملا۔ چنانچہ خاکسار نے اسلام کے عقائد نیز حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کامقصد اور اسلام کو برازیل میں در پیش مسائل کے بارے میں ان سے باتیں کیں۔ نیز انہیں چند واقعات بھی بتائے کہ کس طرح یہاں پر عام پبلک کے علاوہ پولیس افسران کی طرف سے بھی بعض دفعہ ایسی باتیں سامنے آئی ہیں جن سے تعصب کی بُو آتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان باتوں کا پولیس افسران پر بہت اچھا اثر ہوا اور ان کے سربراہ افسر نے سب کے سامنے ان واقعات کی وجہ سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ اگر ہماری قوم کی طرف سے آپ مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے تو ہم اس سے معذرت خواہ ہیں۔

پروگرام کے آخر پر پولیس افسران کو سوالات کرنے کا موقع بھی دیا گیا۔ سب سے زیادہ سوالات اسلام کے بارے میں پوچھے گئے اور اس میں بھی خاص کر شدت پسندی اور دہشتگردی کے حوالہ سے سوالات کیے گئے جن کے خاکسار نے جامع جوابات دینے کی کوشش کی۔ اس پروگرام کے دوران خاکسار کی ایک پولیس افسر سے ملاقات بھی ہوئی جو نو مسلم تھا اور اس کو خاکسار نے گھر آنے کی دعوت بھی دی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا اور پولیس افسران پر اسلام کی خوبصورت تعلیمات کا نہایت مثبت اثر پڑا۔ نیز پروگرام کے اختتام پر بڑے اصرار کے ساتھ پولیس افسران پولیس کی کار کی پروٹوکول کے ساتھ ہمیں گھر چھوڑ نے آئے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button