افریقہ (رپورٹس)

برونڈی میں IAAAE کی مدد سے پہلے سولر واٹر پمپ کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے IAAAE پوری دنیا میں انسانیت کی خدمات بجا لا رہی ہے۔ برونڈی اس وقت دنیا کا غریب ترین ملک ہے۔ غربت کی وجہ سے بہت سے مسائل ہیں۔ اس ملک میں بھی انسانیت کی خدمت کا کام شروع کیا گیا ہے۔ جماعت اس ملک میں ابھی نئی ہے۔ پہلے مرحلےمیں IAAAE کی مدد سے جماعت کی مساجد میں اذان کی آواز کو بلند کرنے کے لیے اور لائٹ کے لیے سولر سسٹم لگایا گیا۔

اب اس سال عوام کو صاف پانی مہیا کرنے کے لیے پانچ سولر پمپس لگانے کا منصوبہ بنایا گیا اور اس پر کام شروع کیا گیا۔ چنانچہ نیانزلاکی گاؤں میں پہلا سولر واٹر پمپ لگایا گیا ہے۔ اس پمپ کو نصب کرنے کے بعد ایک افتتاحی پروگرام منعقد کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔ اس سلسلہ میں خاکسار (صدر جماعت احمدیہ برونڈی) نے حکومت کی قومی یکجہتی، سماجی امور، انسانی حقوق اور صنف کی وزیر محترمہ Imelde Sabushimiike سے ملاقات کی، انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور پمپ کے افتتاح کے لیے دعوت دی، جسے محترمہ وزیر صاحبہ نے قبول کرلیا۔

چنانچہ افتتاح کے لیے ۲۵؍فروری کی تاریخ طے کی گئی۔ Nyanza-Lac گاؤں بوجمبورا شہر سے ایک سو تیس کلومیٹر دور ہے۔ یہ برونڈی کی سب سے پرانی جماعت ہے اور برونڈی کی پہلی احمدیہ مسجد بھی یہاں بنائی گئی۔جماعت نیانزلاکی نے پروگرام کے مطابق مہمانوں کے استقبال کے لیے تیاریاں کیں۔ گیارہ بجے مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی۔ اس پروگرام میں ضلعی حکومت کے مقامی افسران نے بھی شرکت کی جس میں ڈسٹرکٹ کمشنر بھی شامل ہوئے۔ وزیر صاحبہ کو اچانک ملک سے باہر جانا پڑگیا جس وجہ سے وہ خود تشریف نہ لا سکیںلیکن اپنی وزارت کے سینئر سیکرٹری کو اپنے نمائندہ کے طور پر بھیجا۔

محترم ڈسٹرکٹ کمشنر صاحب نے اپنی تقریر میں مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حکومت کے مرکزی نمائندے سے مزید کہا کہ جماعت احمدیہ مسلمہ ہر سال نیانزلاکی میں غریب طلبہ کی مدد کرتی ہے اور اب مفت صاف پانی فراہم کرنے میں ان کی مدد نیانزلاکی کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔ کیونکہ ہر سال اس علاقے کے لوگوں کو جولائی سے اکتوبر تک پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے یہ اس علاقے کے لوگوں کے لیے بہترین مدد ہے۔ اس کے لیے میں جماعت احمدیہ مسلمہ کا تہ دل سے مشکور ہوں۔

اس کے بعد خاکسار نے بھی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔ جماعت اور IAAAE کی طرف سے انسانیت کے لیے کیے گئے کاموں کے بارے میں بتایا۔

اس کے بعد نامزد سینئر سیکرٹری آف منسٹر نے جماعت کی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برونڈی میں انسانیت کی خدمت کے بہت مواقع ہیں۔ غربت کی وجہ سے لوگوں کو ایک وقت کا کھانا میسر نہیں۔ حکومت اپنے طور پر کوشش کر رہی ہے۔ لیکن ہم این جی اوز کو بھی مدعو کرتے ہیں اور خاص طور پر آج میں جماعت احمدیہ کو دعوت دیتا ہوں۔ مختلف ذرائع سے لوگوں کی مدد کی جا سکتی ہے، مثال کے طور پر عورتوں کو جانور پالنے کے لیے دیے جائیںیا چھوٹے کاروبار کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں۔ آخر میں انہوں نے جماعت احمدیہ کا دوبارہ شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد خاکسار اور وزیر کے نمائندہ نے پمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آخر پر خاکسار نے دعا کرائی اور یوں پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس پروگرام کی کارروائی قومی ٹی وی برونڈی اور ریڈیو پر سواحیلی، کرونڈی اور انگریزی خبروں میں نشر کی گئی۔ اسی طرح ٹوئٹر، فیس بک، گورنمنٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر شیئر کی گئی۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے انسانیت کی یہ خدمت قبول فرمائے اور اس ملک میں بھی جماعت کو ترقیات سے نوازے۔

(رپورٹ: غلام مرتضیٰ مربی سلسلہ برونڈی)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button