افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میں مسجدرحمٰن کا افتتاح

ماہ ِمارچ میں اللہ تعالیٰ نے ویسٹ افریقہ کے ملک گنی بساؤ میں جماعت احمدیہ کو ایک اور بڑی مسجد تعمیر کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ الحمد للہ۔ اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح مورخہ۳؍مارچ ۲۰۲۳ءکو محمد احسن میمن صاحب مشنری انچارج نے کیا۔ افتتاح کے موقع پر غیر از جماعت مہمان بھی تشریف لائےاور بافاٹا کے مشہور ریڈیو آر سی بی کے سینئر صحافی بھی تشریف لائے اور اس سارے پروگرام کو ریکارڈ کیا۔الحمدللہ افتتاح کے موقع پر چار سو ساٹھ کے قریب افراد نے شرکت کی۔

اس مسجد کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت ’مسجد رحمٰن ‘مرحمت فرمایا ہے۔ یہ مسجد۵۶؍ فٹ چوڑی اور ۴۳؍ فٹ لمبی ہے۔ اور اس میں کل چھ سو نمازیوں کی گنجائش ہے۔

تقریب آمین

اس مبارک موقع پر با فاٹا ریجن کے ۲۷؍اطفال جنہوں نے امسال قرآن کریم مکمل پڑھ لیا تھا کی تقریبِ آمین منعقد کی گئی۔ بچوں سے قرآن پاک کا کچھ حصہ سنا گیا۔اس کے بعد مشنری انچارج صاحب نے قرآن کے فیوض و برکات کا تذکرہ آنحضورﷺ،حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کے ارشادات کی روشنی میں کیا۔

اللہ تعالیٰ سے عاجزانہ دعا ہے کہ اس مسجد کو بافاٹا ریجن کے لیے مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔قرآن پاک مکمل کرنے والے اطفال کو اللہ اس پاک کلام کو صحیح رنگ میں سمجھنے اور اس کی خوبصورت تعلیمات کو پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ میدان عمل میں کام کرنے والے تمام مبلغین کا حامی و ناصر ہو اور احسن طریق پر خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ : زاہد احمد بھٹی ۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button