عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ’عطرالکلام‘ پروگرام کی آخری قسط میں ۲۰ حسنِ قراءت اور اذان کے مقابلہ کے فاتحین کو انعامات سے نوازا گیا۔تلاوت کی کیٹیگری میں پہلا انعام ۳۰؍لاکھ سعودی ریال ایران کے یونس شاہ مرادی نے ،دوسرا انعام ۲۰؍ لاکھ ریال سعودی عرب کے عبد العزیز الفقیہ نے اور مراکش کے زکریا الزریک نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے ۱۰؍لاکھ ریال انعام حاصل کیا۔اذان کی کیٹیگری میں سعودی عرب کے محمد آل شریف نے اوّل انعام ۲۰؍لاکھ ریال حاصل کیا۔ عطر الکلام مقابلوں کے دوران گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے بھی مختلف کیٹیگریز میں چھ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔

٭…مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے ایسٹر کے پیغام میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں تازہ اضافے پر اپنی ’گہری تشویش‘کا اظہار کیا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نئے تشدد سے ’’اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے درکار اعتماد اور باہمی احترام کے مطلوبہ ماحول کو خطرہ لاحق ہے۔‘‘ یوکرین میں جنگ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’زخمیوں اور ان تمام لوگوں کو تسلی دیں جنہوں نے جنگ کی وجہ سے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور یہ دعا کریں کہ قیدی اپنے خاندانوں کے پاس محفوظ اور صحت مند واپس آ سکیں۔‘‘ واضح رہے کہ پوپ نے دنیا میں پھیلتی بدامنی پر اپنے تحفظات کا اظہار اس وقت کیا جب ایسٹر کے تہوار پر وہاں تقریباً ایک لاکھ زائرین جمع تھے۔

٭…سعودی وفد حوثی باغیوں سے جنگ بندی کے نئے امکانات پر بات چیت کےلیے یمن کے دارالحکومت صنعا پہنچ گیا۔ یمنی سفارتکار کے مطابق سعودی وفد حوثی باغیوں سے ممکنہ جنگ بندی پر بات کرنے آیا ہے۔یاد رہے کہ حوثی باغیوں کے ۲۰۱۴ء میں صنعا شہر پر قبضے کے بعد سے سعودی عرب یمن جنگ کا آغاز ہوا تھا۔

٭… چینی فوج نےتائیوان کے ارد گرد فوجی مشقیں تیسرے روز بھی جاری رکھیں۔ آبنائےتائیوان میں چینی فوجی مشقوں میں لڑاکا طیارے اور جنگی جہاز نے حصہ لیا۔ تائیوان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تائیوان کےقریب۵۹؍چینی لڑاکا طیارے دیکھےگئے ہیں، ۳۹؍چینی طیارے تائیوان کے دفاعی فضائی زونز میں داخل ہوئے۔ اس معاملے پر تائیوان میں امریکی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ کی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔

٭…فرانس کے شہر مارسیلے میں دھماکے کے بعد دو رہائشی عمارتیں گرنے سے ۲؍افراد ہلاک جبکہ ۵؍افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، عمارتوں کے ملبے تلے ۶؍ افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔دھماکے سے تیسری عمارت جزوی طور پر گر گئی ہے جبکہ علاقے کی دیگر ۳۰؍عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔

٭…فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے قلقیلیہ شہر کے مشرق میں واقع قصبے عزون میں۲۰؍سالہ نوجوان ایاد عزام سلیم کو سینے اور پیٹھ میں گولیاں مار کے شہید کر دیا۔مذکورہ نوجوان پر حملے میں دیگر ۲؍افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں سال اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ۹۳؍فلسطینی شہید ہو چکےہیں ۔

٭…یوکرین کے شہر زاپروژیا میں روس نے فضائی حملہ کیا، جس میں ۲؍افراد ہلاک ہوگئے۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس نے زاپروژیا شہر کی رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے ماسکو سے کہا ہے کہ روسی حملے میں زاپروژیا کے نزدیک ایندھن ذخیرہ کرنے والے گودام کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں ۷۰؍ہزار ٹن ایندھن موجود تھا۔

٭…یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے جمعے کے روز مسلمان یوکرینی فوجیوں کے لیے افطار کا خصوصی اہتمام کیا۔ اس موقع پر یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ افطار کا یہ خصوصی اہتمام ملک میں مسلمانوں کے اس مذہبی تہوار کے احترام کی سالانہ روایت بن جائے گا۔ ولودومیر زیلنسکی نے خصوصی عشائیے کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے مسلم برادری کا شکریہ ادا کیاجس میں مجلس کے راہنما، کریمیائی تاتاروں کے واحد اعلیٰ ایگزیکٹو اور مسلمان مبلغین کے نمائندے شامل تھے۔

٭…ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں گائیڈڈ میزائل آبدوز متعین کردیں۔ امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ تمام بحری جہازوں کو احتیاط سے آگے بڑھنے کی ہدایت کی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ایران خلیج فارس اور بحیرہ عرب میں اسرائیلی تجارتی جہازوں پر ڈرون حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ جس کی اطلاعات امریکی اور اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے دی ہیں۔

٭…آئرلینڈ کے ڈبلن ایئرپورٹ پر غیر متوازن لینڈنگ کے دوران ریان ایئر کی پرواز حادثے کا شکار ہوگئی ۔رن وے سے ٹکرانے سے بوئنگ ۷۳۷؍طیارہ کا اگلا گیئر بری طرح نقصان کا شکار ہوا۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق واقعہ میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

٭…کینیڈا کے شہر مارکھم میں ایک مسجد کے احاطے میں گاڑی سے نمازی کو کچلنے کی کوشش کرنے والے ۲۸؍سالہ ملزم شیرن کیرونا کیرن کو ٹورانٹو سے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کی جانب سے ملزم پر نفرت انگیز جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کینیڈا کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button