عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…اسرائیل نے رمضان المبارک کے اختتام تک غیر مسلموں کے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں آنے پر پابندی لگا دی۔ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں رمضان المبارک کے اختتام تک یہودی زائرین اور سیاحوں کے آنے پر پابندی رہے گی۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سیکیورٹی فورسز کو بھی آخری عشرے میں یہودیوں کے مسجد اقصیٰ میں داخل نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے کئی سالوں سے رمضان کے آخری دس دنوں میں مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کے آنے پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ جبکہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فورسز کی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں پر پُرتشدد کارروائی خطے کی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنی ہے۔

٭…امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے انتہائی حساس امریکی دستاویزات کا افشا ہونا قومی سلامتی کے لیے انتہائی سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان پینٹاگون کرس میگر نے اپنے بیان میں کہا کہ دستاویزات میں موجود معلومات سے لوگوں کی جانیں جاسکتی ہیں، ڈیفینس سیکرٹری لائیڈ آسٹن کو ان دستاویزات سے متعلق ۶؍اپریل کو بریف کیا گیا۔پینٹاگون کی ٹیم پرکھ رہی ہے کہ جاری کردہ دستاویزات اصل ہیں یا نہیں اور محکمہ انصاف دیکھ رہا ہے کہ دستاویزات لیک کیسے ہوگئیں۔ یاد رہے کہ کچھ دن قبل امریکہ اور نیٹو کا یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ منصوبہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا تھا۔

٭… ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے صارفین کے اکاؤنٹس سے ’بلیوٹِک‘ ہٹانے کی آخری تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’بلیوٹِک‘ ہٹانے کی آخری تاریخ ۲۰؍اپریل ہے۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر پر جن انفرادی صارفین اور تنظیموں کے پاس نیلے نشان کے ساتھ تصدیق شدہ اکاؤنٹ ہے انہیں چیک مارک رکھنے کے لیے فیس ادا کرنا ہوگی۔دوسری جانب کئی نامور شخصیات نے اپنے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کے لیے ماہانہ آٹھ ڈالر ادا کرنے سے انکار کردیا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button