متفرق مضامین

قبولیتِ رمضان کی نشانیاں

(نجم السحر صدیقی۔ جرمنی)

رمضان المبارک اللہ رب العزت کی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت ہے۔اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے ہر مسلمان، عاقل و بالغ و صحت مند پر روزے فرض کر دیے ہیں جس طرح کہ پہلی قوموں پر فرض تھے۔ رمضان المبارک کا اصل مقصد قربِ الٰہی اور اللہ کی محبت میں اس قدر بڑھ جانا ہے کہ اپنی ذات ایک حقیر چیز معلوم ہونے لگے اور دوسرا اُس کی مخلوق سے محبت اور اُس کے لیے قر بانی کی تربیت۔ یہ دو رمضان المبارک کے اصل مقاصد ہیں جو شخص ان دو مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو گیا اُس کی رمضان کی عبادتیں اللہ رب العزت کی بارگاہ میں قبول ہوں گی۔

رمضان المبارک کی قبولیت کی نشانیاں کیا ہیں۔ اس بارے میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’ہمیں رمضان کا جائزہ لینا چاہئے کہ کیسا گزرا ! رمضان میں قبولیت کی نشانیاں ہیں وہ کون سی ہو سکتی ہیں؟ کیا ہم میں وہ پائی جاتی ہیں؟ کیا ہم نے وہ حاصل کر لیں؟ رمضان میں دو طرح کی قربانیاں ہیں۔ ایک بنی نوع انسان کے دکھ محسوس کرنے کی قربانی اور ایک قربِ الٰہی کی طرف پہلے سے زیادہ بڑھنے کی قربانی۔ گویا رمضان خالق اور خلق کے اتصال کا حکم رکھتا ہے۔ کوئی انسان اپنے رب کو پا نہیں سکتا جب تک کہ اُس کے بندوں کے لئے پہلے سے بڑھ کراُ س کے دل میں ہمدردی پیدا نہ ہو اور اُن کے لئے وہ قربانیوں پر آمادہ نہ ہو۔ پس رمضان المبارک اِن دونوں باتوں کی تربیت دیتا ہے اور اس پہلو سے یہ مسلمانوں کے لئے عبادت کا ایک معراج ہے۔ اس میں تمام تر عبادتیں اکٹھی ہو جاتی ہیں اور اپنے اعلیٰ مقاصد کے لحاظ سے سب سے زیادہ رمضان المبارک میں انسان ان قربانیوں کو دیکھتا، پہچانتا اور ان میں سے گزرتا اور ان کے اعلیٰ مقاصد کے مزے چکھتا ہے۔‘‘( خطباتِ طاہر (عیدین)صفحہ نمبر۲۰۸)

اس پہلو سے ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم اس رمضان کو کیسے گزار رہے ہیں۔ کیا ہم اللہ تعالیٰ کی صحیح رنگ میں عبادت کر رہے ہیں کہ نہیں؟ کیا ہم پہلے کی نسبت بنی نوع انسان کی ہمدردی میں اورآگے بڑھ رہے ہیں کہ نہیں ؟ کیا غریبوں، مسکینوں، مریضوں، لاچاروں اورمصیبت زدگان اورمظلوموں کی مدد کے لیے ہم پہلے سے بڑھ کر قربانیاں کررہے ہیں کہ نہیں؟ اگرنہیں تو رمضان المبارک کی عبادتیں اعلیٰ درجہ کی قبولیت کا شرف نہیں پا سکیں گی۔ لہٰذا ہم سب کو اس رمضان المبارک میں خوب بڑھ چڑھ کر قربانیاں پیش کرنی ہوں گی تب ہی ہم رمضان المبارک کی حقیقی قبولیت کو پا سکیں گے۔ اللہ تعالیٰ دنیا بھر کے احمدیوں کو اس رمضان المبارک میں بڑھ چڑھ کر قربانیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button