افریقہ (رپورٹس)

نصرت جہاں سکیم کے تحت نائیجر کے شہر مارادی میں کلینک احمدیہ کا قیام

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

جماعت احمدیہ نائیجر کو نصرت جہاں سکیم کے تحت ملک کے دوسرے بڑے شہر اور تجارتی مرکز مارادی میں دوسرے احمدیہ کلینک کی تعمیر اور افتتاح کی توفیق حاصل ہوئی۔ الحمد للہ

گذشتہ سال ماہ مارچ میں کلینک کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا گیا تھا۔ تعمیر کے آغاز سے قبل اور دورانِ تعمیر خطوط کے ذریعہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں کا فیض مستقل حاصل رہا۔ ماہ نومبر تک کلینک کی تعمیر کا کام اپنی تکمیل کو پہنچا۔ کلینک کا تعمیر شدہ حصہ تقریباً ۳۰۰ مربع میٹر قطع ارض پر مشتمل ہے، جس میں فارمیسی، استقبالیہ، ڈاکٹر کے لیے کمرۂ تشخیص، ایڈمنسٹریشن، جنرل وارڈ، لیبارٹری، الٹراساؤنڈ روم، ایک پرائیویٹ روم، ڈلیوری روم اور سٹور کے علاوہ چار ریسٹ رومز شامل ہیں۔ یہ کلینک تمام قسم کی سہولیات سے لیس ہے اور بظاہر ایک چھوٹے ہسپتال سے کسی لحاظ سے کم نہیں ہے۔ کلینک کی تعمیر کے مرحلہ سے گذرنے کے بعد ایک انتہائی اہم مرحلہ اعلیٰ اور معیاری آلات و مشینوںکی خریداری تھا جو کہ محض اللہ کے فضل سےبہت آسان ہو گیا اور اچھی اور معیاری کمپنی کی مشینیں انتہائی مناسب قیمت میں جماعت کو حاصل ہوئیں۔

افتتاح سے قبل وقارِ عمل کے ذریعہ صفائی اور پھول پودے لگائے گئے۔ اِسی دوران کلینک کے لیے سٹاف کی تلاش جاری رہی اور اللہ کے فضل سے یہ مرحلہ بھی نہایت سہل رہا اور اِس علاقہ کی ایک اچھی اور معروف ڈاکٹر صاحبہ نے جماعتی کلینک کے لیے اپنی خدمات وقف کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اِن ڈاکٹر صاحبہ کے علاوہ لیبارٹری ٹیکنیشن اور نرسز وغیرہ کو بطور سٹاف بر وقت کام پر رکھ لیا گیا۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۶؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز سوموار صبح دس بجے ’’کلینک احمدیہ‘‘ کے نام سے موسوم اِس کلینک کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کلینک کے افتتاح کی اِس بابرکت تقریب میں شہر اور علاقہ کے معززین کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کا آغاز قرآنِ کریم کی تلاوت سے کیا گیا۔بعد ازاں مکرم ممن بیلو صاحب سیکرٹری جنرل جماعت احمدیہ نائیجر نے کلینک کا تعارف پیش کیا جس میں آغاز تعمیر سے لے کر افتتاح کی تقریب اور کلینک میں موجود طبی سہولیات کے مکمل احوال کا احاطہ کیا گیا۔ اِس کے بعد مکرم زوہیب اطہر صاحب مبلغ سلسلہ اور ریجن کے تمام معزز مہمانان جن میں ریجن کے گورنر، میئر، ریجن کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر، وزیرِ صحت کے نمائندہ اور ریجن کی کچھ دیگر اتھارٹیز نے اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ نائیجر نے تمام شاملین اور معززین کا شکریہ ادا کیا اور جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ جِس کے بعد تمام معززین کو کلینک کا وزٹ کروایا اور موجود سہولیات کا عملی نمونہ پیش کیا گیا اور تمام اسٹاف سے تعارف کرایا گیا۔ اِس کے بعد افتتاح کی تقریب میں شامل ہونے والے تمام احباب نے کلینک کا وزٹ کیا اور جماعت احمدیہ کی مارادی کے علاقہ کے لوگوں کے لیے کی گئی اِس کاوش کو سراہا۔ افتتاح کی اِس تقریب کا اختتام ہوتے ہی مریضوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا اور پہلے ہی دِن سٹاف شام تک اپنے کام میں مصروفِ عمل رہا۔

افتتاحی تقریب میں شہر کی تمام انتظامیہ کو شامل ہونے کی توفیق ملی جن میں درج ذیل شخصیات تھیں:گورنر مارادی ریجن، ریجنل پریذیڈنٹ، مارادی شہر کے تمام میئرز، مارادی شہر کی کونسل نمبر 3 کے میئر کے نمائندے، ریجنل ڈائریکٹر آف ہیلتھ کے نمائندے، Guidan roumdji کے پریفے، گڈاںرومجی کے میئر، گڈاںرومجی کے علاقائی بادشاہ، گڈن سوری کے علاقائی بادشاہ۔ اس کے علاوہ بینک مینیجر، تاجر اور دیگر اہم لوگ بھی پروگرام میں شامل تھے۔

گورنر صاحب اور شہر کے پریذیڈنٹ نے جماعت کے کاموں کو بہت سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اللہ کرے کہ جلد یہ کلینک ایک بڑے ہسپتال کی شکل اختیار کر جائے اور وسیع پیمانے پر انسانیت کی خدمت ہو سکے۔

کلینک کے وزٹ کے بعد مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ نائیجر نے تمام شاملین تقریب کو ظہرانے کے لیے جماعت کے مشن ہاؤس میں مدعو کیا، جہاں اتھارٹیز کے ہمراہ سب سے پہلے کیک کاٹا گیا اور بعد ازاں تمام احباب نے مشن ہاؤس میں ہی ظہرانہ تناول کیا جس کے بعد تمام احباب رخصت ہوئے۔ نصرت جہاں سکیم کے تحت تعمیر کردہ اِس کلینک کے ذریعہ نہ صرف علاقہ میں بلکہ پورے ملک میں جماعت احمدیہ کی انسانیت سے ہمدردی اور اُس کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ نیشنل ٹی وی اور دیگر ریڈیوز نے کلینک کے افتتاح کی تقریب کو اپنے پرائم ٹائم میں خبروں کا حصہ بنایا۔

اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے اِس کلینک کے لیے اپنا وقت قربان کرنے والوں اور محنت کرنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button