حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

٭…۷۰ سال بعد برطانوی شاہی محل میں ۳ روزہ تقریب تاج پوشی کا آغاز ہفتہ سے ہوا جو پیر ۸ مئی تک جاری رہی۔ جماعت احمدیہ برطانیہ کے تحت ملک بھر میں شہنشاہِ برطانیہ کی تخت پوشی کی تقاریب کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔ مختلف چھوٹی بڑی تقاریب منعقد ہوئیں۔ مساجد پر سجاوٹ اور چراغاں کیا گیا۔ خصوصاً مسجد فضل اورمسجد بیت الفتوح مرکزِ نگاہ رہیں۔ مختلف ٹرانسپورٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جماعت کی جانب سے مختلف پیغامات شائع کیے گئے۔ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے بھی دعائیہ پیغام میں شہنشاہِ معظم کی عمر و سلامتی اور امورِ سلطنت کے لیے دعا کی۔

٭…سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جنگ بندی کےلیے جدہ میں مذاکرات ہوئے۔ اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی امور کے نمائندے مارٹن گریفتھس اس سلسلے میں جدہ پہنچے ہیں جہاں وہ جدہ میں موجود متحارب گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ ممکنہ جنگ بندی مذاکرات سے متعلق بہت کم تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان ۱۵؍ اپریل سے جھڑپیں جاری ہیں، ان جھڑپوں میں اب تک ۷ سو سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

٭…ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ استنبول کے ساتھ مل کر ترکیہ کی تاریخ بنائیں گے۔ اپوزیشن اتحاد کو ملک کو تقسیم کرنے کا موقع نہ دیں۔ استنبول میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ حمایت جاری رکھنے پر وہ استنبول کے لوگوں کے شکر گزار ہیں۔استنبول کے انتخابی جلسے میں ۱۷ لاکھ افراد موجود تھے۔اسی سبب صدر اردوان کے انتخابی جلسے کو صدی کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات ۱۴ مئی کو ہو رہے ہیں۔

٭…بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں مسافر بردار کشتی الٹنے سے بچوں اور عورتوں سمیت اکیس افراد ہلاک جبکہ کئی لاپتا ہوگئے۔ کیرالہ میں شنکارا نامی کشتی نے خلاف قانون رات کے وقت مسافروں کے رش کو دیکھتے ہوئے گنجائش سے زیادہ افراد سوار کرکے سفر شروع کیا اور ضلع مَلاپورم میں تانور کے کنارے کے قریب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔پچیس افراد کی گنجائش والی کشتی میں پچاس سے زائد افراد سوار کیے گئے تھے۔بھارتی وزیراعظم نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

٭…امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر براؤنزول میں ایک ڈرائیور نےسرخ اشارہ توڑتے ہوئے تیز رفتار گاڑی بس کے انتظار میں کھڑے تارکین وطن پر چڑھادی۔ حادثے میں وینزویلا سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ واقعہ دانستہ تارکین وطن کو ٹارگٹ کرنے کے نتیجے میں پیش آیا ہے یا پھر ایک حادثہ ہے۔

٭…پیرو کے علاقے اریکیپا میں واقع لا اسپرانزا نامی سونے کی کان کے اندر بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے سے ستائیس افراد ہلاک ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق یہ پیرو میں کئی دہائیوں میں کان کنی کے دوران پیش آئے حادثوں میں سب سے بدترین حادثہ ہے۔ حادثے میں دو افراد کو جلنے سے بچا لیا گیا ہے، تاہم مزید کسی کے زندہ بچنے کی امید ظاہر نہیں کی جا رہی۔ تیس کے قریب ماہر ریسکیو کارکنوں نے کان سے ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے امدادی آپریشن میں حصہ لیا۔واضح رہے کہ پیرو دنیا کے سب سے بڑے سونا پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، جو ایک سال میں کان کنی کے ذریعے ۱۰۰ ٹن سے زیادہ سونا نکالتا ہے جو پوری دنیا کی سالانہ سپلائی کا۴ فیصد ہے۔

٭…راجستھان میں ہنومان گڑھ کے قریب بھارتی فضائیہ کا مگ ۲۱ لڑاکا طیارہ گھر پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا جبکہ فوجی طیارے کے گھر پر گرنے کے نتیجے میں دو خواتین ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔طیارے کے ملبے کی زد میں آ کر چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ فضائیہ کا طیارہ معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا ہے تاہم انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

٭… امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کے قریب سوموار کی صبح دھماکا ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ گولڈن ٹیمپل کی قریبی سڑک پر گذشتہ تین دنوں کے دوران یہ دوسرا دھماکا ہے۔ دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ۶ مئی کو بھی گولڈن ٹیمپل کی قریبی سڑک پر دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص زخمی ہوا تھا۔

٭…اماراتی خلا باز سلطان النیادی نے ٹوئٹر پر خلا سے لی گئی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر میں خلاء سے دبئی کا ایک انتہائی خوبصورت منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میرا دبئی ستاروں کی طرح چمک رہا ہے‘‘۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے عرب دنیا کے پہلے خلا باز سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے ۶ ماہ کے خلائی مشن پر ہیں۔

٭…روس نے بحیرہ اسود پر یوکرین کے ۲۲ ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ بحیرہ اسود پر دیکھے جانے والے ۲۲ یوکرینی ڈرونز مار گرائے۔ یوکرین کے علاقے باخموت میں روسی فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔ روسی فوج نے باخموت میں دو اور علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

٭…ہسپانوی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو کارلوس الکاراز نے جرمنی کے ٹینس سٹار جان لینارڈ سٹرف کو شکست دے کر میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ بیس سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے رواں سیزن میں ایسوسی ایشن ٹینس پروفیشنل ( اے ٹی پی ) ٹور پر چوتھی اور مجموعی طور پر ۱۰ ویں ٹرافی اپنے نام کی ہے۔الکاراز میڈرڈ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں اس سے قبل یہ اعزاز ان کے ہم وطن کھلاڑی رافیل نڈال نے ۲۰۱۴ء میں اپنے نام کیا تھا۔دوسری جانب بیلاروس کی ارینا سبلینکا نے شاندار کارکردگی کی بدولت دوسری بار میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button