یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کی طرف سے عید ملن عشائیہ

(ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گلاسگو)

مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ نے ۲۷؍اپریل ۲۰۲۳ء کو بیت الرحمٰن مسجد گلاسگو میں اپنے عید الفطر کے عشائیہ کا انتظام کیا۔ تقریب میں مختلف پس منظر، عقائد اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد لوگوں کو اکٹھا کرنا اور اتحاد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا تھا۔ ایک کمیونٹی کے طور پر اکٹھے ہونے اور رمضان کے اختتام کو منانے کا یہ ایک شاندار موقع تھا۔

اس تقریب میں مختلف زبانوں میں قرآن پاک اور دیگر اسلامی لٹریچر کی نمائش بھی شامل تھی جس کے بعدمہمانوں کی تواضع مشروبات سے کی گئی۔ تقریب میں مختلف مقررین کی تقاریر شامل تھیں، جن میں خیراتی اداروں کے منتظمین، سیاست دان، طلبہ، دیگر مذاہب اور برطانوی فوج کے مندوبین شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور اس کے انگریزی ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ طاہر نسیم احمد صاحب ریجنل ناظم انصار اللہ سکاٹ لینڈ نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا جس کے بعد انصار اللہ سکاٹ لینڈ کی طرف سے گلاسگو، ایڈنبرا، فائف اور ڈنڈی میں کیے جانے والے فلاحی کاموں پر مبنی سلائیڈ شو دکھایا گیا۔ اس کے بعد مختصر ویڈیو میں جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف، مجلس انصار اللہ یوکے کے ذریعے برکینافاسو میں مسرور آئی ہسپتال اور دنیا بھر میں چلائے جانے والے انسانی ہمدردی کے دوسرےمنصوبوں کی تفصیل بتائی گئی۔خلافت اور عالمی راہنماؤں کی طرف سے اس کی حمایت کا احاطہ کرنے والی مختصر ویڈیوز کا ایک سلسلہ بھی پیش کیا گیا۔ یہ سلائڈ شواحمد اووسو کوناڈو صاحب انچارج چیریٹی واک فار پیس سکاٹ لینڈ ریجن کی طرف سے پیش کیا گیا۔

اس کے علاوہ متعدد مقررین سامعین سے مخاطب ہوئے جن میں عبدالغفار عابد صاحب ناظم تبلیغ سکاٹ لینڈ بھی شامل تھے۔ انہوں نے روٹری کلب آف سکاٹ لینڈ اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور جماعت کے نعرے ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی کے لیے نہیں‘‘ پر روشنی ڈالی۔

Rt. Hon. Anne McLaughlin MP for Glasgow North نے کہا کہ جماعت احمدیہ کے زیر اہتمام پہلی مرتبہ تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ میں گیمبیا میں احمدی مسلمانوں سے ملی ہوں جہاں آپ کے اسکول اور ہسپتال کام کر رہے ہیں اور بہت سے افریقیوں کی زندگیوں کو بدلنے میں مدد کر رہے ہیں اور یہ دیکھ کر میں بہت متاثر ہوئی ہوں۔

Deputy Provost Bob Burgess, North Lanarkshire Councilنے کہا کہ میں آپ سب کو نارتھ لنارکشائر کونسل کی طرف سے عید مبارک پہنچانے کے لیے حاضرہوا ہوں۔

Dr Ken Simpson MBE – CEO of Ronald McDonald House Glasgow نے کہا کہ مجھے زندگی میں پہلی بار کسی مسجد میں آنے کا موقع ملا ہے اور میں آپ کی کمیونٹی کے نظم و ضبط اور مسکراتے چہروں کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔

Pastor Favour Asante, Greater Glasgow International Ministry نے کہا کہ میں آپ کی جماعت کے فلاحی منصوبوں کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئی ہوں جو آپ کی کمیونٹی دنیا بھر میں کر رہی ہے۔ میری طرف سے آپ سب کو عید مبارک۔

Lt. Col. Alexander Bennett, Lead Chaplain of the Royal British Army نےتمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی اور سکاٹ لینڈ میں پرامن معاشرے کی خواہش کا اظہار کیا۔

کلیدی خطاب فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ گلاسگو نے دیا جس میں انہوں نے کہا کہ مسجد بیت الرحمان میں عید ملن کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے اور اس کا مطلب،اللہ کی رحمت کا گھر ہے۔ رمضان کے مہینے میں ہم بہت صدقہ کرتے ہیں اور اپنے معاشرے میں ضرورت مندوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور اس مہینے کے آخر میں ہم سب کے ساتھ عید الفطرکی خوشیاں مناتے ہیں۔

ایک دلچسپ سوال جواب کا سیشن بھی ہوا جس کے بعد شکریہ کا ووٹ دیا گیا۔

پروگرام کا اختتام قریشی داؤد احمد صاحب مربی سلسلہ ایڈنبرا اور ڈنڈی نے دُعا سے کروایا۔ بعدازاں مہمانوں کو خصوصی عید ڈنر بوفے پیش کیا گیا۔ بہت سے مہمانوں نے سوشل میڈیا پر مثبت تاثرات اور پیغامات دیے اور اتنی خوبصورت شام کی میزبانی کرنے پر مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ کا شکریہ ادا کیا۔

(رپورٹ: ارشد محمود خان۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button