افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میں انصار اللہ کا نیشنل اجتماع

(زاہد احمد بھٹی۔ مربّی سلسلہ گنی بساؤ)

خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ گنی بساؤ کو اپنا نیشنل اجتماع مورخہ ۶اور ۷؍مئی ۲۰۲۳ء کودارالحکومت بساؤ میں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع سے پہلے حضور انور کی خدمتِ اقدس میں پروگرام کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے دعا کی درخواست کی گئی۔

اجتماع کا آغازدونوں دن اجتماعی نماز تہجد سے کیا گیا جس کے بعد درس قرآن ہوا اور پھر ناشتہ پیش کیا گیا۔ اجتماع کے پہلے اجلاس کا آغاز محمد کمرا صاحب صدر انصار اللہ گنی بساؤ کی صدارت میں ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم، قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ اور اردو نظم کے بعد مختلف تربیتی وتعلیمی موضوعات پر تقاریر کی گئیں۔

اجتماع میں علمی مقابلہ جات بھی رکھے گئے جن میں مقابلہ تلاوت قرآن پاک، مقابلہ تقاریراور دینی معلومات سے منتخب سوال و جواب شامل ہیں۔ ان مقابلہ جات میں انصار نے بھرپور شمولیت اختیار کی۔

اجتماع میں ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گےجن میں رسہ کشی، باڑی، ثابت قدمی اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر اشیاء کو تلاش کرنا شامل تھے۔ اسی طرح بڑی عمر کے انصار کے لیے غبارے پھلانا اور سوئی میں دھاگہ ڈالنے کے مقابلے بھی رکھے گئے تاکہ وہ بھی کسی نہ کسی مقابلے میں شریک ہوسکیں۔

اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، انصاراللہ کے عہداور عربی قصیدہ سے ہوا۔ اس کے بعد نمایاں پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد محمد احسن میمن صاحب مشنری انچارج گنی بساؤ نے ’’خلافت سے وابستگی میں ہی بقا ہے‘‘ کے موضوع پر حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں احباب جماعت کو زریں نصائح کیں اورانصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع میں ملک بھر کی مختلف جماعتوں سےسو سے زائد احباب نے شرکت کی۔اللہ تعالیٰ تمام شاملین اور تما م کارکنان کو بہترین جزا عطاء فرمائے۔خلیفہ وقت کا حقیقی سلطانِ نصیر بنائے۔ اور تمام ذیلی تنظیموں کو بھرپور خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button