حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…جی سیون ممالک کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ چین سے تعلقات جلد بحال ہو جائیں گے، چینی ہم منصب سے معاملات پر سنجیدہ گفتگو کی امید ہے۔ امریکہ اور چین کے تعلقات میں برف پگھلنے کی امید ہے، ہم چین سے الگ ہونے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں بلکہ تعلقات کو پھر سے مستحکم اور مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر امریکی صدر نے کہا کہ اگر چین تائیوان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرتا ہے تو تائیوان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، ہم تائیوان کو اس کےلیے تیار کر رہے ہیں۔

٭… روس کے نیم فوجی جنگجو گروپ ویگنر نے ہفتے کے روز یوکرین کے شہر بَخموت پرمکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا، روسی صدر پیوٹن نے اس حوالے سے ویگنر اور روسی افواج کو مبارکباد بھی دے دی ہے۔ اب یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی یوکرینی شہر بخموت کو کھونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکنہ سٹریٹیجک اہمیت کا شہر ان کی افواج کے کنٹرول سے نکل گیا ہے۔بَخموت مکمل طور پر تباہ ہو چکا اور شہر میں بہت کم تعمیر شدہ عمارتیں باقی ہیں۔ دوسری جانب روسی صدر پیوٹن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ آپریشن میں حصہ لینے والوں کے ناموں کو ظاہر کیا جائے اور انہیں اعزازی تمغوں سے نوازا جائے۔

٭…ایران کے وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ اسرائیل سے منسلک ایک دہشت گرد گروپ کو اتوار کے روز ایران کی مغربی سرحدوں سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت سے وابستہ ایک دہشت گرد گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو مغربی سرحدوں سے ملک میں داخل ہوا تھا۔ واضح رہے ان دنوں تہران کے جوہری پروگرام پر ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پہلے سے بڑھی ہوئی ہے۔

٭…اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کر کے مزید تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ تینوں فلسطینیوں کو نابلس میں شہید کیا گیا ہے۔ شہید ہونے والے افراد کی شناخت ۳۲؍ سالہ محمد ابو زیتون، ۳۰؍سالہ فاتی ابو رزق اور ۲۴؍سالہ عبداللہ ابوحمدان کے نام سے ہوئی ہے۔ مغربی کنارے کے علاقے نابلس پر اسرائیلی فورسز نے دھاوا بول دیا اور کیمپ میں دھماکوں سے کئی گھر مسمار کر دیے۔ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

٭…پنجاب میں انتخابات کرانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرِ ثانی کی درخواست پر وفاقی حکومت نے بھی سپریم کورٹ آف پاکستان میں تحریری جواب جمع کرا دیا۔جس میں وفاقی حکومت نے عدالتِ عظمیٰ سے پنجاب میں ۱۴؍مئی کو انتخابات کے حوالہ سے ۴؍اپریل کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کروانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔ سپریم کورٹ نے خود تاریخ دے کرالیکشن کمیشن کے اختیار کو غیر موثر کر دیا۔پنجاب سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والا صوبہ ہے، پنجاب میں جیت سے یہ تعین ہوتا ہے کہ مرکز میں حکومت کون کرے گا۔

٭…عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کروانے پر متعدد ممالک کی جانب سے اجلاس میں شمولیت کا امکان کم ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق ترکی، سعودی عرب اور مصر کے بھی جی 20اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے اور ترکی، سعودی عرب اور مصر نے ابھی تک سری نگر اجلاس کےلیے رجسٹریشن نہیں کروائی۔

٭…یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز سے جاری بیان میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر متنازع علاقہ ہے اور ایک متنازع علاقے میں بین الاقوامی اجلاس کا انعقاد اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں جی 20 کا اجلاس بلا کر غیرقانونی عمل کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ۲۲؍مئی کو سری نگر میں جی20 کے سیاحت سے متعلق ورکنگ گروپ کے اجلاس کا انعقاد کرے گی۔

٭…انگلش پریمیئر لیگ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے سخت مقابلے کے بعد چیلسی کوایک گول سے شکست دے دی ۔اتحاد سٹیڈیم، مانچسٹرمیں کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر سٹی اور چیلسی کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی طرف سے میچ کے ۱۲ ویں منٹ میں جولین الواریز نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو چیلسی کے خلاف ایک گول کی برتری دلادی۔میچ کے پہلے ہاف پر مانچسٹر سٹی کو چیلسی کے خلاف ایک صفر گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بہت کوشش کے باوجود کوئی ٹیم گول نہ کر سکی ۔اس فتح کے بعد مانچسٹر سٹی کی ٹیم نےای پی ایل ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مستحکم بنالیا ہے اور وہ ۸۸ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔ یوں مانچسٹر سٹی نے مسلسل تیسری مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button