یورپ (رپورٹس)

بادشاہ عزت مآب چارلس سوم برطانیہ کے جشن تاجپوشی پر جماعت احمدیہ یوکےکی تقریبات

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

مورخہ ۶؍مئی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ برطانیہ کے بادشاہ عزت مآب چارلس سوم اور اُن کی اہلیہ محترمہ کیمیلا صاحبہ کی برطانیہ اور دولت مشترکہ کے دیگر ممالک کے بادشاہ اور ملکہ کے طور پر تاجپوشی کی تقریب لندن کے شاہی چرچ ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بادشاہ چارلس سوم کے آنے والے دَور میں ملک و قوم کی ترقی اور اُن کی صحت مند زندگی کے لیے نیک خواہشات پر مبنی ایک خصوصی پیغام جاری کیاجبکہ جماعت احمدیہ برطانیہ نے اس تقریب کےاعزاز میں مورخہ ۷؍اور ۸؍مئی ۲۰۲۳ء بروز اتوار اور پیر ملک بھر میں نہ صرف اپنی مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں، جھنڈیوں اور بینرز سے سجایا بلکہ سٹریٹ پارٹیوں کے علاوہ تقریبات بھی منعقد کیں جن میں ہمسایوں اور دیگر مہمانوں کو مدعو کرنے کے لیے خوبصورت اور دیدہ زیب دعوتی کارڈز اور فلائیرز تقسیم کیے گئے۔ ان تقریبات میں مقامی کونسلرز، میئرز، ایم پیز، فوجی وپولیس افسران، دیگر مذاہب کے نمائندگان کے علاوہ ہمسایوں اورمقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر کئی احمدیوں نے اپنے گھروں کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجایا اور اپنے گھروں کے سامنے میز کرسیاں لگا کر کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کا عمدہ انتظام بھی کیا تھا۔ اسی طرح بعض جماعتوں نے بچوں کے کھیلنے کُودنے کے لیے باؤنسی کاسلز بھی لگائے تھے۔

تمام سٹریٹ پارٹیز اور مساجد میں منعقد ہونے والے پروگرامز میں موقع کی مناسبت سے تقاریر بھی ہوئیں اور بہت ہی اعلیٰ انتظامات اور سلیقے کے ساتھ مہمانوں کو ریفریشمنٹ یا کھانا پیش کیا گیا اور بعض مقامات پر باربی کیو کا بھی انتظام کیا گیا جبکہ کئی مقامات پراس خوشی میں کیک بھی کاٹے گئے۔ اکثر جماعتوں میں مہمانوں کو جماعتی کتب بھی تحفۃً گئیں۔

اسلام آباد ریجن: مسجد نور بمقام کرالی کی تقریب میں ۱۰۰؍سے زائد افراد شامل ہوئے جبکہ مہمانوں کی تعداد ۴۰؍تھی۔ یہاں قومی ترانہ بھی سُنایا گیا جس کے اعزاز میں تمام مہمان کھڑے ہوئے اورتقریب میں موجود فوجی افسران نے سلیوٹ پیش کیا۔

بیت الفتوح ریجن :مسجد بیت الفتوح میں منعقدہ تقریب میں مہمانوں کی تعداد۶۰۰؍تھی۔اس ریجن کی سٹریٹ پارٹی میں ۴۰۰؍سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ مختلف زبانوں میں ترجمہ کیے گئے قرآن کریم کی ایک نمائش کا بھی خصوصی انتظام تھا۔

مسجد فضل ریجن: شرکائے تقریب کے لیے مسجد فضل میں دو مارکیاں لگائی گئیں جس میں ۲۰۰؍احباب جماعت اور ۶۰۰؍مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسجد فضل کے اطراف کی گلیوں میں خصوصی بینرز لگائے گئے اور برطانیہ کے جھنڈے یونین جیک کی مناسبت سے مسجد فضل کی فینس کو لال، نیلی اورسفید قمقموں سے سجایا گیا ۔ ومبلڈن اور پٹنی جماعتوں کی سٹریٹ پارٹی میں ۱۸۹؍مہمان شامل ہوئے۔ پٹنی جماعت کی تقریب میں تمام ۶۴؍مہمانوں کو حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب A Gift For The Queenبھی تحفۃً دی گئی۔

بیت الاحسان ریجن: مچم جماعت میں مختلف سٹریٹ پارٹیز میں ۴۹۸؍مہمان شامل ہوئے۔ بیت الاحسان کی تقریب میں مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بیت النور ریجن: دو جماعتوں بالہم اور ٹوٹنگ براڈوے میں ۷۰؍احباب جماعت سمیت کُل تعداد ۱۲۰؍رہی۔ بعض مہمانوں نے انگریزی ترجمہ والے قرآن کریم بھی لیے۔

ایسٹ ریجن: تین مساجد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جلنگھممیں ۴۰؍مہمان، نیو ہیم میں ۴۰؍ہمسایوں میں کھانا تقسیم کیا گیاجبکہ سٹریٹ پارٹی میں ۱۲۵؍افراد شامل ہوئے اور والتھم فاریسٹ میں ۷۰؍افراد شریک ہوئے جبکہ ۵۰؍افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

مڈل سیکس ریجن: مسجد بیت الواحد ہانسلو ساؤتھ جماعت کی تقریب میں ۲۷؍احباب جماعت اور ۵۳؍مہمان شامل ہوئے۔ تقریب کے بعد ایک مہمان نے بیس پاؤنڈ نقدی اور ایک مہمان نے تین ہزار پاؤنڈ کا ایک ٹیلیویژن مسجد کےلیے عطیہ دیا۔مسجد بیت النور ہانسلو نارتھ جماعت میں ۴۵؍احباب جماعت اور۲۵؍مہمانان ، مسجد دارالسلام ساؤتھ ہال جماعت میں ۵۰؍ممبران جماعت اور ۹۹؍مہمان اور مسجد بیت الامن ہیز جماعت میں ۸۰؍احباب جماعت اور ۲۰؍سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔

ہارٹفورڈ شائر ریجن: واٹفورڈ، پیٹر بورو، کیمبرج اور اسٹیونیج جماعتوںمیں ۱۰۰؍ سے زائد احباب جماعت کے علاوہ ۱۵۰؍سے زیادہ مہمانوں نے شرکت کی اور مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔

مڈلینڈز ریجن: مسجد دارالبرکات برمنگھم، مسجد بیت الغفورہیلزاوون، مسجد بیت الاحسان لیمنگٹن سپا اور مسجد بیت الاکرام لیسٹرکی تقریبات میں کُل ۳۰۰؍سے زائد مہمان شامل ہوئے۔ لیمنگٹن سپا اور برمنگھم کے پروگراموں کی بی بی سی نے بھی کوریج کی۔

ساؤتھ ویسٹ ریجن: مسجد بیت الرحیم کارڈف جماعت میں ۷۰؍احباب جماعت اور ۳۲؍مہمان شامل ہوئےجبکہ انصار اللہ کے زیر انتظام کارڈف اور سوانزی جماعتوں میں سٹریٹ پارٹیوں میں ۲۶؍احباب جماعت اور ۴۵؍مہمانوں نے شرکت کی۔

نارتھ ایسٹ ریجن: مسجدبیت الصمد ہڈرزفیلڈ جماعت میں ۱۰۰؍ مہمان، اسکنتھورپ جماعت کی تقریب میں ۵۰؍مہمان، مسجد ناصر ہارٹلے پُول جماعت میں ۱۰۰؍ممبران جماعت اور تقریباً ۱۰۰؍مہمان شامل ہوئے۔ اس پروگرام کی رپورٹ دو مقامی اخبارات نے بھی شائع کی۔ کیفلی جماعت نے مسجد کے باہر سٹریٹ پارٹی کا انعقاد کیا جس میں ہمسایوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

نارتھ ویسٹ ریجن: نارتھ ویسٹ ریجن میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ۱۰؍مہمانوں سمیت کُل حاضری ۱۳۰؍رہی۔

اسکاٹ لینڈ ریجن: مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو نارتھ جماعت میں ۲۰؍احباب جماعت اور۱۰؍مہمان شامل ہوئے۔ ایک نمائش میں قرآن کریم اور کتب سلسلہ رکھی گئیں۔ گلاسگو ساؤتھ جماعت نے مختلف جگہوں پر ۱۰۰؍سے زائد بے گھر افراد میں لنچ باکس تقسیم کیے۔ ڈنڈی اور ایڈن برگ اینڈ فائف جماعتوں نے بھی تقریبات کا انعقاد کیا۔

(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button