یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا تینتالیسواں سالانہ اجتماع

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۱۹ تا ۲۱؍ مئی۲۰۲۳ء بخیر و عافیت PSD Bank Arena فرینکفرٹ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے جرمنی کے طول و عرض سے آئے ہوئے خدام نے بھرپور استفادہ کیا۔ امسال اجتماع کی کل حاضری ۸۷۰۰؍ رہی جس میں ۶۴۹۸؍ خدام، ۱۰۱۸؍ انصار، ۹۵۳؍ اطفال اور ۲۳۱؍ دیگر مہمان شامل ہیں۔ اس سال کے اجتماع کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے’’ اَلْخَیْرُ کُلُّہٗ فِی الْقُرْآن ‘‘تمام قسم کی بھلائیاں قرآن میں ہیں مرکزی عنوان مقرر فرمایا۔

امسال خدام بھائیوں نے تقریباً ستّر گھنٹے کام کرکے اجتماع کی تیاری کا کام مکمل کیا۔ مکرم طارق احمد ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی نے مکرم عثمان احمد صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع کے ہمراہ ۱۸؍مئی بروزجمعرات شام چھ بجے اجتماع کے تمام حصوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران مکرم صدر صاحب نے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ناظمین کو نصائح کیں۔ اجتماع کے تینوں دن کا آغاز صبح نماز تہجد، فجر اور درس کے ساتھ ہوا۔

پہلے دن کی کارروائی

پہلے روز صبح سوا آٹھ بجے سے ہی اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کا بھی آغاز ہوگیا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب اجتماع گاہ میں صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے والدین کی اطاعت اور ان کے حقوق پر خطبہ دیا اور نمازِ جمعہ پڑھائی۔ اس کے بعد اسی مقام پر تمام خدام نے مل کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا براہ راست نشر ہونے والا خطبہ جمعہ سنا۔ خطبہ جمعہ کے بعد اجتماع گاہ کے سامنے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی اور عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے افتتاحی دعا کروائی۔

اس کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔ اجتماع کے پہلے روزاجتماعی ورزشی مقابلہ جات اور چند علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

خدام کی تعلیم و تربیت کے لیے خدمت انسانیت کے موضوع پر ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے ایک لیکچر دیا گیا جس میں ہیومینٹی فرسٹ کی کارکردگی خاص طور پر ترکیہ کے زلزلے میں امداد کے بارہ میں خدام کو آگاہ کیا گیا۔

اس اجتماع کا ایک اہم حصہ قرآن مجید کے متعلق ایک خصوصی نمائش تھی جو رضوان بیگ صاحب نے لگائی جو اس کے لیے خصوصی طور پر انگلستان سے تشریف لائے۔ خدام بھائیوں نے اجتماع پر اس نمائش کو بہت پسند کیا اور اس کے ذریعہ سے خدام کے دلوں میں قرآن مجید کی محبت کو پیوست کرنے میں مدد ملی۔قرآن مجید کے باطن اور اس کے ظاہری حسن کے موضوع پر ایک لیکچر دیا گیا جس میں مکرم رضوان بیگ صاحب بھی شامل ہوئے۔

سوا آٹھ بجے مکرم امیر صاحب جرمنی کی زیر صدارت اجتماع گاہ میں رسمی افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت، عہد اور نظم سے ہوا۔ امیر صاحب نے خدام سے افتتاحی تقریر میں کہا کہ یہ سال جماعت احمدیہ جرمنی کی جوبلی کا سال ہے اور مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا اجتماع اس سال کی ہائی لائٹ ہے۔ امیر صاحب نے خدام کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھنے اور تبلیغ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ شام پونے دس بجے دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی اور اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد اسٹیڈیم میں خدام کے لیے ایک سپیشل مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں مختلف کوئز اور ورزشی مقابلہ جات شامل تھے۔ اس دوران تمام خدام میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔

اجتماع میں خدام کی تعلیم و تربیت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئےامسال مختلف سٹالز لگائے گئے، جن سے خدام بھائیوں نے تینوں دن بھرپور استفادہ کیا۔ ان میں Fit4Salat، Survival Coaching، ہیومینٹی فرسٹ، النصرت، شعبہ رشتہ ناطہ، بک شاپ، شعبہ وصیت، سو مساجد، جامعہ احمدیہ، Khuddam Cafe ، Ask a Murrabi، شعبہ اشاعت اور ریویو آف ریلیجن کے سٹالز شامل ہیں۔ اسی طرح اجتماع میں مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر انتظام ایک بازار بھی لگایا گیا۔ اسی طرح لنگر اور ضیافت کی ٹیم کی طرف سے تینوں دن خدام بھائیوں کی کھانے سے تواضع کی جاتی رہی۔

دوسرے دن کی کارروائی

دوسرے دن صبح سےہی ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا بھی آغاز ہوگیا۔ اجتماع کے دوسرے دن اجتماعی و انفرادی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اسی طرح دوسرے دن تمام علمی مقابلہ جات مکمل کرلیے گئے۔ نماز ظہر و عصر کے بعد مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے ہستی باری تعالیٰ کے موضوع پر تقریر کی ۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب جرمنی نے شعبہ تعلیم جماعت احمدیہ جرمنی کے تحت تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔

اسی طرح دوسرے دن بھی خدام کی تعلیم و تربیت کے لیے ذہنی صحت اور ایمان، ہنگامی حالات میں زندہ رہنے کے طریقے، کیرئیر اور ایمان، بہترین جیون ساتھی اور پاکستان سے نئے آنے والے خدام کے لیے اسائیلم میں سہولیات اور دیگر معلومات پر لیکچر دیے گئے۔بروز ہفتہ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی نیشنل عاملہ، ریجنل قائدین اور جماعت احمدیہ جرمنی کی نیشنل عاملہ کے مابین فٹبال، رسہ کشی اور دیگر نمائشی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ آج شام آٹھ بجے اجتماع گاہ میں خدام کے لیے ایک مختصر فیچر پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ایک نوجوان کو آج کے دور میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کا ذکر کیا گیا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سالانہ اجتماع کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام

ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے امسال خصوصی طور پر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے لیے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرکے بھجوایا (اس پیغام کا خلاصہ الفضل انٹرنیشنل کے شمارہ ۲۴؍مئی ۲۰۲۳ءمیں شائع کیا جاچکا ہے)۔ آٹھ بج کر چالیس منٹ پر تمام خدام نے اجتماع گاہ میں LED-Screens پر پیارے آقا کا ویڈیو پیغام بنام مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی برموقع سالانہ اجتماع ہمہ تن گوش ہو کر سنا۔ الحمدللہ۔خدام پر حضور انور کے خطاب کا بہت گہرا اثر تھا۔ ایک جذبات سے معمور کیفیت تھی اور اجتماع گاہ میں ایک سماں بندھ گیا تھا۔ یہ ویڈیو پیغام بیک وقت ایم ٹی اے انٹرنیشنل پر بھی جاری کیا گیا۔ اس موقع پر اجتماع گاہ میں موجود خدام الاحمدیہ جرمنی کے ممبران کے براہ راست مناظر بھی ایم ٹی اے پر دکھائے گئے۔ اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور اس کے فوراً بعد خدام میں حضرت مسیح موعودؑ کی دس شرائط بیعت اور پانچ بنیادی اخلاق کو پمفلٹ کی صورت میں تقسیم کیا گیا۔

تیسرے دن کی کارروائی اور اختتامی تقریب

اجتماع کے تیسرے دن اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کے فائنل منعقد ہوئے۔ تمام شاملین اجتماع ان فائنل مقابلہ جات سے لطف اندوز ہوئے۔

دوپہر ڈھائی بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد اختتامی تقریب کے آغاز میں تلاوت، عہد اور نظم پیش کی گئی۔مکرم ناظم اعلیٰ صاحب نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب نے قرآن کریم کے موضوع پر تقریر کی۔ آخر میں مکرم صدر صاحب نے مختصراًخدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی دعاسے قبل تقریب تقسیم انعامات و حسن کارکردگی منعقد ہوئی۔انعامات مکرم مشنری انچارج صاحب جرمنی نے تقسیم کیے۔ مکرم مشنری انچارج صاحب کی اختتامی دعا کے ساتھ ۴۳واں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی بخیر و خوبی اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علی ذالک۔ اختتامی تقریب کے بعد تمام شعبہ جات نے اجتماع کے وائنڈ اپ کا کام شروع کردیا۔

(رپورٹ:صہیب احمد۔ ناظم رپورٹنگ اجتماع)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button