امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ ویسٹرن کینیڈا کاعلاقائی اجتماع

امسال مجلس انصار اللہ علاقہ ویسٹرن کینیڈا کا اجتماع ۲۰و۲۱؍مئی ۲۰۲۳ء کو بیت النور کیلگری میں نہایت کامیابی سے منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذٰلک

یہ اجتماع ہر دوسرے سال منعقد ہوتا ہے، مگر کووڈ اور دیگر امور کی وجہ سے یہ اجتماع پچھلے چھ سالوں سے منعقد نہیں ہوا تھا، علاقہ ویسٹرن کینیڈا میں تین ریجنز (برٹش کولمبیا، کیلگری اور پریری) کی چھبیس مجالس شامل ہیں اور یہ علاقہ کینیڈا کے چار صوبوں پر مشتمل ہے۔

اجتماع کی تیاریوں کا آغاز شروع سال سے ہو گیا تھا جس کے لیے ناظم اعلیٰ اجتماع، چار نائب ناظمین اعلیٰ اجتماع کے علاوہ پینتیس ناظمین کی ٹیم بنائی گئی تھی اور اُن کو مختلف شعبہ جات کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔

اجتماع کے دونوں دِنوں کا آغاز نمازِ تہجد، اور بعد نماز فجر درس حدیث سے ہوا۔ ہفتہ کے روز افتتاحی تقریب کی صدارت، عبدالحمید وڑائچ صاحب، صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا نے کی۔ تلاوت، نظم اور انصار اللہ کے عہد کے بعد آپ نے اپنی افتتاحی تقریر میں ’’میں دین کو دنیا پر مقدم رکھوں گا‘‘ کے موضوع پر انصار بھائیوں کو اُن کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کے اطاعت کے نمونے اپنانے پر زور دیا۔ افتتاحی تقریب کے بعدعلمی اور ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا جس میں انصار بھائیوں نے پُر جوش شرکت کی۔ کل آٹھ علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تلاوت، نظم، حفظ قرآن، ترجمۃ القرآن،انگریزی اور اردو تقریر برائے صف اول و دوم شامل تھے جبکہ ذہنی و ورزشی مقابلہ جات میں دوڑ سو میٹر، چار سو میٹر، رسہ کشی، والی بال، باسکٹ بال ہوپ ، بیڈمنٹن، کرکٹ ، ٹیبل ٹینس، مشاہدہ معائنہ اور پیغام رسانی شامل تھے۔

اجتماع کے پہلے دن شام کو لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا اور صدر مجلس انصار اللہ کے ساتھ مجلس سوال وجواب منعقد ہوئی جس میں انصار بھائیوں نے دلچسپی کے ساتھ شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹر البراقی صاحب نے شہد کی مکھیوں اور شہد کے گھریلو استعمال سے متعلق ایک پریزنٹیشن بھی دی۔

اجتماع کے دوسرے دن، ’’رشتہ ناطہ اور اُس سے متعلقہ مسائل‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا ، بعد ازاں چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ نے ایک مختصر پریزنٹیشن دی۔ نماز ظہر و عصرکی ادائیگی کے بعد اختتامی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تلاوت اور نظم کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی ، جس میں تعلیمی اور ورزشی مقابلہ جات میں اول دوم اور سوم آنے والے انصار بھائیوں کو انعامات تقسیم کیے گئے نیز پچھلے چار مہینے کی کارکردگی پر ہر ریجن کی نمایاں مجالس کو خصوصی شیلڈز دی گئیں، جن میں برٹش کولمبیا ریجن کی مجلس کلورڈیل۔لینگلے، کیلگری ریجن کی مجلس میکنائٹ اور پریری ریجن کی مجلس بیت الرحمت سسکاٹون ان شیلڈز کی مستحق قرار پائیں۔ اسی طرح حاضری کے لحاظ سے مجلس میکنائٹ، لائدمنسٹر اور کلورڈیل۔لینگلے کو حوصلہ افزائی کے انعامات بھی دیے گئے۔

بعد ازاں ناظم اعلیٰ علاقہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ امسال تقریباً ۶۰۰؍ انصار بھائیوں نے اجتماع میں شرکت کی۔ نیشنل مجلس عاملہ کے چودہ اراکین ٹورانٹو مرکز سے اس اجتماع میں شمولیت کے لیے تشریف لائے اور ویسٹرن کینیڈا کے ریجنز کی حاضری کچھ اس طرح تھی۔ کیلگری ۳۷۸؍، پریری ۱۲۰؍،برٹش کولمبیا ۶۲؍، اور ۲۲؍ بیرونی مہمانوں نے شمولیت اختیار کی۔ ضیافت کی ٹیم نے صُبح کے تین ناشتوں کے ساتھ ساتھ چھ مختلف کھانوں کا بھی انتظام کیا۔ اس اجتماع میں ضیافت کی ٹیم نے خدام کے اجتماع علاقہ کے لیے بھی کھانے اور ناشتہ کا انتظام کیا تھا۔ اسی طرح دو سو سے زائد مہمان انصاروں کے لیے رہائش کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب کینیڈا نے ذہنی صحت کے متعلق حاضرین کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں قرآنی آیات اور اسلامی تعلیمات پر مشتمل اس کی وجہ اور پھر اس کے ممکنہ حل اور علاج کی طرف توجہ دلائی۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس کے بعد بیرونی مہمانان اور کارکنان کے لیے پُر لذت باربی کیو کا انتظام کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام کارکنوں کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: داؤد اسماعیل۔ ناظم اعلیٰ علاقہ ویسٹرن کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button