افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ کینیا کے تحت کسومو کاوٴنٹی میں فلڈ ریلیف کے پروگرام میں تقسیم راشن

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

کسومو کاوٴنٹی کا شمار کینیا کی بڑی اور اہم کاوٴنٹیز میں ہوتا ہے جس کی زمین زرخیز اور ہموار ہے۔ اس کا ایک حصہ چھوٹی چھوٹی پہاڑیوں پر مشتمل ہے اور متعدد ندی نالوں کی گزرگاہ ہے جو لیک وکٹوریہ (Lake Victoria) میں گرتے ہیں۔ بارشوں کے موسم میں یہ ندی نالے اور دریا بپھر کر آس پاس کی آبادی کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان سیلابی ریلوں سے نہ صرف مکانات ، فصلوں اور جانوروں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ بسا اوقات ان کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔

گذشتہ چند ماہ میں اس کاوٴنٹی میں ایسے دو تین حادثات رونما ہوئے جن میں کھڑی فصلوں اور مکانات کے نقصان کے علاوہ متعدد انسانی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ ان سیلابوں سے متاثرہ افراد کے لیے کچھ ماہ پہلے ہیومینٹی فرسٹ کینیا نے ایک فلڈ ریلیف کیمپ لگایا تھاجس میں سینکڑوں گھرانوں کی اشیائے خورونوش سے مدد کی گئی تھی۔اسی سلسلہ میں ۳؍ جون ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ ہیومینٹی فرسٹ کینیا نے کسومو ایسٹ سب کاوٴنٹی کے تین دیہاتAlgola,ArongoاورRagumu میں فلڈ ریلیف پروگرام کے تحت Food Distribution Camp لگائے جن میں ۳۵۰؍ خاندانوں کی اشیائے خورونوش سے مدد کی گئی۔اس کے علاوہ انہیں کمبل اور مچھر دانیاں بھی دی گئیں۔الحمدللہ علی ذالک

یہ پروگرام کسوموکاوٴنٹی گورنمنٹ کےتعاون سے منعقد ہوا۔ چنانچہ کاوٴنٹی گورنر آفس کے سامنے ہیومینٹی فرسٹ کی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں کاوٴنٹی کمشنر، ڈپٹی کاوٴنٹی کمشنر CEC ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر کاوٴنٹی افسران کے علاوہ چیف ویپ کاوٴنٹی اسمبلی و ممبران کاوٴنٹی اسمبلی شامل تھے۔ انہوں نے اس کاوٴنٹی میں ہیومینٹی فرسٹ کی سابقہ اور موجودہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔تینوں مقامات پر تقسیم خوراک کے وقت کاوٴنٹی کی انتظامیہ اور کینیا ریڈ کراس ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم کےممبران اور مقامی انتظامیہ کے نمائندگان کا تعاون بھی حاصل رہا۔ اس کار خیر میں ہیومینٹی فرسٹ کے مرکزی و مقامی کُل بیس رضاکاروں نے حصہ لیا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کو زیادہ سے زیادہ خدمت انسانیت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button