افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میں مسجد بیت الکریم کا افتتاح

(زاہد احمد بھٹی۔ مربّی سلسلہ گنی بساؤ)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساوٴ کو دارالحکومت بساؤ سے ۳۵۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر کسینی جماعت میں مورخہ ۲۳؍ جون ۲۰۲۳ء کو پہلی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔مسجد کا باقاعدہ افتتاح مکرم محمد احسن میمن صاحب مبلغ انچارج نے کیا۔

افتتاح کے دن بہت سے احباب جماعت دیگر قریبی جماعتوں سے بھی اس بابرکت تقریب میں شامل ہونے کے لیے تشریف لائے۔آج کل گنی بساؤ میں بارشوں کا موسم شروع ہے اور افتتاح والے دن بھی محکمہ موسمیات کے مطابق عین افتتاح کے وقت شدید بارش کی اطلاع تھی۔اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں کی بدولت کسینی میں بارش نہ ہوئی مگر پورے ملک اور اردگرد کے علاقے میں شدید طوفانی بارش ہوئی۔ پروگرام الحمدللہ بخیریت اختتام پذیر ہوا اور جب سارے مہمان اپنے گھروں کو پہنچے تو سارے علاقے میں شدید بارش ہوگئی۔اس نظارے کو دیکھ کر احباب جماعت کا دل خدا تعالیٰ کی حمد و شکر سے بھر گیا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت مسجد کا نام ’’بیت الکریم‘‘ عنایت فرمایا ہے۔مسجد ۳۲؍ فٹ چوڑائی اور ۲۶؍ فٹ لمبائی پر مشتمل ہے اور اس میں۱۶۰؍ نمازیوں کی گنجائش ہے۔

مسجد کے افتتاح کے مبارک موقع پر علاقے کے ایڈمنسٹریٹرکے علاوہ غیر از جماعت امام نے، جو کہ پہلے جماعت کے خلاف بولا کرتے تھے،بھی شرکت کی اور مسجدکا وزٹ کیا اور مسجد تعمیر کرنے پر مبارکباد دی اور جماعتی وفد سے ملاقات کے لیے مشن ہاؤس میں بھی تشریف لائے۔غیر از جماعت احباب کے علاوہ ۳۵۰؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔مسجد کے افتتاح کے موقع پرقرآن مجید مکمل کرنے والے ۱۸؍ بچوں کی تقریبِ آمین بھی ہوئی جس میں مبلغ انچارج صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں قرآن کریم کے محاسن بیان کیے۔اس کے بعد ہر بچے نے قرآن پاک کا کچھ حصہ مبلغ انچارج صاحب کو سنایا اور دعا کی گئی۔

دعا کے بعد تمام مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مقامی جماعت کے لیے مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔ افراد جماعت کو مساجد کے حقوق بھرپور طریق پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button