افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں لجنہ اماء اللہ کی تربیتی کلاس کا انعقاد

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

خیرکم من تعلّم القرآن و علّمہ ۔

تم میں سے بہترین وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھلائے۔ (الحدیث)

اللہ تعالی کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون اور سیرالیون کی جملہ ذیلی تنظیمیں ، حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے زیر سایہ تعلیم و تربیت کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

محض اللہ تعالی کے فضل سے لجنہ اماء اللہ سیرالیون کو مورخہ یکم ستمبر تا 3ستمبر 2019ءکو بمقام مسجد بیت السبوح، فری ٹاؤن، ایک تربیتی کلاس کا انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کلاس کا بنیادی مقصد قرآن کریم ، اس کا ترجمہ اور نماز اور اس کے ترجمہ کے پڑھانے کے لیے ٹیچرز تیار کرنا تھا۔ اس کے علاوہ تبلیغ و تربیت کے لیے بعض موضوعات پر لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تا ہماری خواتین اپنی تربیت کے ساتھ ساتھ اپنے عملی نمونوں کے ذریعہ اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم دنیا تک پہنچانے والی ہوں۔

سیرالیون کے 12ریجنز کی 207لجنہ نے اس کلاس میں شمولیت اختیار کی۔اس تین روزہ کلاس میں تعلیم قرآن سے متعلق مختلف مضامین ، تلفظ، تجوید اور گرائمر کی کلاسز کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں نماز باترجمہ کی کلاسز بھی لی گئیں۔ نماز مغرب اور عشاء کی نمازوں کے بعد ان مضامین کی دہرائی کروائی جاتی رہی۔

تربیتی کلاس میں تربیت و تبلیغ کو مد نظر رکھتے ہوئے درج ذیل عناوین پر لیکچرز دیے گئے۔

تعلیم القرآن کی اہمیت، ختم نبوت کی حقیقت، دین کو دنیا پر مقدم رکھنا، اولی الامر کی اطاعت، پردہ کی اہمیت، برکات خلافت، بد رسومات سے بچنا، وفات مسیح ؑ، سوشل میڈیا کے نقصانات اور مناسب عمر میں جلد شادی کرنا۔

مولانا سعید الرحمٰن صاحب ، امیر و مشنری انچارج صاحب نے بد رسومات سے اجتناب کے بارے میں لجنہ سے خطاب فرمایا اور انہیں ان کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح اپنے آپ کو اور اپنی اولادوں کو خدا اور اس کے رسولؐ اور خلیفۂ وقت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ان سے بچانا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام لجنہ نے اس کلاس میں بھرپور شوق سے حصہ لیا اور بہت کچھ سیکھا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمارے فرائض احسن طور پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور ہمیں اور ہماری اولاد در اولاد کو قرآن کریم سیکھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنے نمونوں سے اسلام احمدیت کی تعلیم تمام دنیا تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button