اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

٭… مکرم فہیم چودھری صاحب کینیڈا سے اطلاع دیتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم نعیم احمد چودھری صاحب مورخہ ۱۲؍ اگست ۲۰۲۳ء کی رات کو وفات پاگئےہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم ۱۹۸۹ء میں لطیف آباد، پاکستان سے احمدیہ اَبوڈ آف پیس (Ahmadiyya Abode of Peace)، کینیڈا منتقل ہوئے تھے اور آجکل بریڈفورڈ ویسٹ میں رہائش پذیر تھے۔

احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت و رحم کا سلوک فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

٭… مکرم بابر شہزاد صاحب مربی سلسلہ سیرالیون لکھتے ہیںکہ خاکسار کی والدہ مکرمہ بشریٰ اکرم صاحبہ مورخہ ۴؍ اگست ۲۰۲۳ء بروز جمعة المبارک طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں صبح چار بجے وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ کی تدفین اسی دن شام چار بجے ان کے آبائی گاوٴں رائے پور ضلع سیالکوٹ میں کر دی گئی۔ جنازہ اور تدفین میں گاوٴں اور حلقہ سے احباب جماعت کے علاوہ مکرم امیرصاحب ضلع اور مربی صاحب ضلع نے بھی شرکت کی۔

خاکسار کی والدہ ۱۹۵۵ء میں بھڈال ضلع سیالکوٹ میں پیدا ہوئیں۔آپ نیک،متقی، صبر کرنے والی،خدا کی رضا پہ راضی رہنے والی اور صوم و صلوٰةکی پابند تھیں۔مہمان نوازی، غریب پروری اور خلیفة المسیح سے محبت آپ کی نمایاں خوبیاں تھیں۔واقفین زندگی کی بہت عزت کرتیں اور ان کے ساتھ دلی لگاوٴ تھا۔

مرحومہ کے والد کا نام محمد حسین اور والدہ کا نام فاطمہ بی بی تھا۔ والد صاحب متقی،پرہیزگار اور پنجوقتہ نماز کے پابند تھے۔انہوں نے بچپن میں اپنے کسی عزیز کے ساتھ پیدل قادیان جا کر احمدیت قبول کی۔قادیان سے واپسی پر ان کے والد صاحب نے پوچھا کہ کدھرگئے تھے؟ تو بتایا کہ قادیان گیا تھا اور بیعت کر کے آیا ہوں۔اس پر والد بہت ناراض ہوئے اور ڈانٹا بھی اور کہا کہ میرے گھر سے نکل جاوٴ۔ چنانچہ آپ نے کہا آپ مجھے بے شک گھر سے نکال دیں لیکن جو سچائی میں نے قادیان میں دیکھی اورقبول کی، میں اس سے ہر گزانکارنہیں کروں گا۔ پھرچند دن کے بعد جب ان کے والد نے تحقیق کی اور حضرت مسیح موعودؑکی صداقت کھلی تو وہ بھی احمدی ہو گئے۔

مرحومہ نے پسماندگان میں خاوند محمد اکرم صاحب، ایک بیٹا خاکسار(بابرشہزاد مربی سلسلہ سیرالیون)، تین بیٹیاں: عظمیٰ مشتاق، آصفہ قمر،مبشرہ نثار سوگوار چھوڑے ہیں۔ خاکسار سیرالیون میں خدمت سلسلہ میں مصروف ہونے کی وجہ سے جنازہ اور تدفین میں شامل نہیں ہوسکا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے ساتھ رحم کا سلوک فرماتے ہوئے ان کی مغفرت فرمائے، اپنے پیاروں میں شامل کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین

اللّٰھم اغفرلھا وارحمھا وادخلھا فی جنت النعیم

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button