از مرکزدورہ جرمنی اگست؍ ستمبر ۲۰۲۳ءیورپ (رپورٹس)

حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ دورۂ جرمنی کے پہلے مرحلے پر بخیریت بیت السبوح رونق افروز ہو گئے

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

حضور انور دورہ جرمنی کے دوران جلسہ سالانہ میں شرکت اور مساجد کے افتتاح فرمائیں گے

(۲۷؍ اگست ۲۰۲۳ء، مسجد بیت السبوح، فرانکفرٹ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایده الله تعالیٰ بنصرہ العزیز آج صبح دس بجے اسلام آباد ٹلفورڈ سے جرمنی کے تاریخی دورہ پر روانہ ہوئے۔ صبح سے ہی احباب جماعت پیارے آقا کو الوداع کہنے کی لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ دس بج کر دو منٹ پر حضور انور کی موٹر قصر خلافت کے عقبی گیٹ سے نکل کر ہو لی گراؤنڈ واک کے سامنے آ کر رکی۔ حضور انور نے موٹر سے باہر تشریف لا کر لمبی پُر سوز دعا کروائی۔ دعا کے بعد حضور انور نے احباب جماعت کو ہاتھ ہلا کر سلام کیا اور موٹر میں تشریف فرما ہو کر برطانیہ کی بندر گاہ Dover کی جانب روانہ ہوئے اور سفر کرتے ہوئے بالآخر ساڑھے دس بجے شب بخیریت فرانکفرٹ مسجد بیت السبوح پہنچ گئے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک ۔ اس موقع پر ایک محتاط اندازے کے مطابق اڑھائی سے تین ہزار افراد نے حضور انور کا والہانہ استقبال کیا اور خوشی کے اس موقع پر نعرے بلند کیے۔

یاد رہے کہ حضورایدہ اللہ نے آخری مرتبہ ۲۰۱۹ء میں جلسہ سالانہ جرمنی میں بنفس نفیس شرکت فرمائی تھی۔ کووڈ ۱۹ کی وجہ سے۲۰۲۰ء میں جلسہ سالانہ جرمنی منعقد نہ ہو سکا جبکہ ۲۰۲۱ء اور۲۰۲۲ء میں محدود حاضری کے ساتھ جلسہ کا انعقاد ہوا۔ اس لیے چار سال کے وقفہ کی وجہ سے جرمنی کا ہر احمدی حضور ایدہ اللہ کے دورے کا منتظر ہے۔

امسال یہ اطلاع موصول ہونے پر کہ حضور نے ازراه شفقت جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۳ء میں شرکت کرنا منظور فرمایا ہے جلسہ سالانہ کی تیاریاں زورو شور سے شروع ہو گئی تھیں۔ گذشتہ ایک ماہ سے  جلسے کے ساتھ ساتھ حضور کی قیام گاہ، جو جماعت جرمنی کا مرکز بھی ہے، بیت السبوح کی تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔ مکرم مبشر احمد خواجه صاحب مقامی امیرِجماعت فرانکفرٹ نے بتایا  کہ بیت السبوح کی تیاری میں سب سے اہم کام زیادہ سے زیادہ نمازیوں کے نمازادا کرنے کی گنجائش پیدا کرنا ہے۔ چنانچہ ایک ہزار مرد اور نو سو خواتین بیت السبوح میں حضور کی اقتدا میں نماز ادا کر سکیں گے۔ بیت السبوح میں استقبالیہ گیٹ بنایا گیا ہے جس پر اھلاً و سھلاً ومرحباً، انّی معك يا سرور اور جی آیاں نوں جلی حروف میں تحریر ہے۔ ایوان خدمت کی دیوار پر تین بینرز اُردو اور جرمن میں لگائے گئے ہیں۔ ایک بینر پر جماعت احمدیہ جرمنی کے سو سال، دوسرے پر انی معک یا مسرور اور تیسرے پر وہ بادشاہ آیا لکھا ہوا ہے۔

جونہی حضور کی کار بيت السبوح کے احاطہ میں داخل ہوئی چالیس ناصرات الاحمدیہ پر مشتمل گروپ نے ترانے پڑھنے شروع کر دیے اور احباب نے پُر جوش نعروں کے ذریعہ اپنے خوشی کے جذبات کا اظہار کیا۔

حضورانور کے کار سے اترنے پر لوکل امیر صاحب فرانکفرٹ اور فرانکفرٹ کے مبلغین، مکرم حیدر علی ظفر صاحب اور مکرم مبشر احمد بٹ صاحب نے حضورانور کا استقبال کیا۔

حضورپر نور استقبال کے لیے آئے ہوئے احباب کے پاس گزرتے اورعشاقان خلافت کے سلام کا جواب دیتے ہوئے اپنی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے۔ کچھ دیر کے دس بجکر پچپن منٹ پر حضور انور نے مسجد بیت السبوح میں تشریف لاکر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں جس کے بعد حضور انور واپس اپنی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے۔ نمازوں کے دوران مسجد کے دونوں ہال بھرے ہوئے تھے۔ مزید برآں ہالز کے پیچھے واقع سڑک Genfer سٹریٹ پر بھی انتظامیہ کی جانب سے صفیں بچھا دی گئی تھیں چنانچہ لوگوں نے وہاں بھی نمازیں ادا کیں۔ الغرض مسجد بیت السبوح کا ہر وہ کونہ جو قبلہ رخ تھا اور امام کے پیچھے تھا وہاں آج احبابِ جماعت نے حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ کی اقتدا میں نماز ادا کی۔

یاد رہے کہ محترم امیرصاحب جرمنی اور مشنری انچارج صاحب حضورانور کے استقبال کے لیےفرانس کی بندرگارہ Calais  گئے تھے جہاں قافلے کے چینل کراس کرنے پر جرمنی سے جانے والی گاڑیاں قافلے میں شامل ہو گئیں اور قریباً ایک سو کلومیٹر چلنے کے بعد نمازوں اور کھانے وغیرہ کے لیے قیام کیا گیا۔

دورۂ جرمنی کے دوران حضورپُرنور کی مصروفیات میں جلسہ سالانہ میں شمولیت نیز سومساجد کی تحریک کے تحت تیار ہونی والی بعض مساجد کا افتتاح نیز افتتاحی ریسپشن میں شمولیت شامل ہے۔

اللّٰہمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button