افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ کے سِمیُوSimiyu ریجن میں تین مساجد، ایک مشن ہاؤس اور چار واٹر پمپس کا افتتاح

(شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

تنزانیہ کے شمال میں واقع سمیو ریجن (Simiyu) میں چند سال قبل احمدیت کا نفوذ ہوا اور سعید روحیں تیزی کے ساتھ اسلام احمدیت کی آغوش میں آرہی ہیں۔ مورخہ ۳؍جولائی ۲۰۲۳ء کو محترم طاہر محمود چودھری صاحب (امیر و مشنری انچارج ) نے یہاں دورہ کرکے تین مساجد ، ایک مشن ہاؤس اور چارواٹر پمپس کا افتتاح کیا جس کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے۔

مکرم علی ڈنو طاہر صاحب (ریجنل مشنری) تحریر کرتے ہیں کہ سِمیُو ریجن میں نومبائعین کثیر تعداد میں آباد ہیں جو پہلے بےدین تھے جبکہ دیگر نومبائعین عیسائیت سے احمدی مسلمان ہوئے ہیں۔ اب الحمدللہ اس ریجن میں کل تجنید سات ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن کی تربیت اور انہیں نظامِ جماعت کا مستقل حصہ بنانے کا کام جاری ہے۔ امسال اس ریجن کے ڈسٹرکٹ Itilima میں تین مساجد کی تعمیر کی توفیق ملی جواپنے اپنے گاؤں میں کسی بھی اسلامی فرقہ کی پہلی مساجد ہیں۔

مسجد بیت العزیز۔ گامبا سِنگُو Gambasingu کا افتتاح

مورخہ ۳؍جولائی ۲۰۲۳ء کو محترم امیر صاحب نے مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد واٹر پمپ کا بھی دعا کے ساتھ افتتاح کیا گیا۔ تلاوت اور نظم کے بعد خاکسار (علی ڈنو طاہر۔ریجنل مشنری) نے اس جماعت کاتعارف پیش کیا۔ محترم امیر صاحب نے وہاں موجود اطفال سے دینی معلومات کےسوالات پوچھے جن کے اطفال نے سو فیصد صحیح جواب دیے۔الحمدللہ۔ اس جماعت کے اطفال باوجود گھریلو حالات کی تنگی اور سکول نہ جاسکنے کے تربیتی کلاس میں باقاعدہ شامل ہوتے ہیں جہاں نماز سادہ، باترجمہ اور دینی معلومات سکھائی جاتی ہیں۔ اسی طرح انہیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات کا سواحیلی ترجمہ بھی سنایا جاتا ہے۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے تقریر میں احبابِ جماعت کو خلافت سے منسلک رہنے اور نماز کا پابند ہونے نیز بچوں کو مسجد سے مزید منسلک رہنے کی تلقین کی اور دعا کروائی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے اس مسجد کا نام بیت العزیز رکھا گیا ہے اور اس میں تقریباً دو سو نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس تقریب میں تقریباً دوصد بیس افراد شامل ہوئے۔

مسجد بیت العزیز

مسجد بیت الصمد اورمشن ہاؤس۔گی رِی کُو Giriku کا افتتاح

اسی روز دوپہر ڈیڑھ بجے جماعت Giriku میں مسجد اورمعلم ہاؤس کا افتتاح کیاگیا۔ مسجد کے احاطہ میں ہی IAAAE کے تعاون سے ایک واٹر پمپ بھی نصب کیا گیا۔

مسجد بیت الصمد

ایک نومبائع طفل عزیزم ہارون مسالو نے تلاوت اور ترجمہ پڑھ کر سنایا اور اس جماعت کی ناصرات نے قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ والعرفان پڑھا۔ مکرم امیر صاحب نے احبابِ جماعت کو ہمیشہ خلافت سے منسلک رہنے اور اپنے بچوں کو مسجد سے مزید وابستہ رہنے کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے اس مسجد کا نام بیت الصمد رکھا گیا ہےاور اس میں دو صد سے زائد افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ اس تقریب میں تقریباً دو صد ۶۲؍ افراد نے شرکت کی جن کی خدمت میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔

مسجد رضوان۔ بُڈالابُوجِیگَا (Budalabujiga) کا افتتاح

Budalabujiga جماعت میں بھی اسی روز چار بجے سہ پہر مسجد کا افتتاح ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے مسجد کے اغراض و مقاصد کے بارہ میں تفصیل سے آگا ہ کیا اور آخر میں دعاکروائی۔ اس مبارک تقریب میں تقریباً تین صد ۷۰؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ گاؤں کے لوگوں نے مسجد کے تحفہ پر جماعت کا شکریہ اداکیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے اس مسجد کا نام مسجد رضوان رکھا گیا ہےجس میں دو صد سے زائد افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مسجد رضوان

بریادی (Bariadi)شہر میں واٹر پمپ کا افتتاح

Bariadi جماعت میں IAAAE کے تعاون سے ایک واٹر پمپ نصب کیا گیا ہے۔ اسی روز شام چھ بجے دعا کے ساتھ اس واٹر پمپ کا افتتاح ہوا۔الحمدللہ۔ اس کنویں سے بریادی شہر کے سینکڑوں افراد روزانہ مستفید ہوتے ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مساجد کو اہلِ علاقہ کی ہدایت کا ذریعہ بنادے۔ آمین

( شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button