بچوں کا الفضل

کیوں؟

پیارے بچو! لیجیے ہم حاضر ہیں ایک اور دلچسپ سوال کے ساتھ! آج ہمیں سوال بھجوایا ہےعزیزم حسان احمد اور عزیزم روشان احمد نے۔

سورج گرہن کے وقت سورج کی طرف دیکھنا کیوں خطرناک ہے؟

پیارے بچو! آپ نے سکول میں پڑھا ہوگا کہ سورج گرہن اس وقت ہوتاہے جب زمین اور سورج کے درمیان میں چاند آجائے۔ یعنی سورج چاند کے پیچھے چھپ جائے۔ اس وقت سورج کی روشنی بند ہو جاتی ہے اور اندھیراہو جاتا ہے۔

اسی طرح آپ نے سکول میں magnifying glass یعنی مُحَدَّب عَدسے کا practical کیا ہوگا کہ سورج کی روشنی کو اس کے ذریعہ کاغذ پر مرکوز کیا جائے تو اس کو آگ لگ جاتی ہے۔

تو بچو سورج کی روشنی بے شک ہمارے لیے بہت ضروری ہے لیکن عام دنوں میں بھی سورج کی تیز روشنی اور گرمی ہمارے جسم کے لیے نہایت خطرناک ہوتی ہے۔ جب سورج کو گرہن لگ رہا ہوتا ہے تو سورج کی باقی روشنی بہت تیز ہوجاتی ہے اور وہ ہمارے لیے نہایت نقصان دہ ہوتی ہے۔ اس لیے سورج گرہن کے وقت سورج کی طرف دیکھنا خطرناک ہے۔ سورج سے نکلی ایک پتلی سی کِرن بھی اتنی روشنی رکھتی ہے جس سے ہماری آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ایک فیصد سے بھی کم چمکتا ہوا سورج پورے چمکتے ہوئے چاند سے چار ہزار گنا زیادہ روشن ہوتا ہے۔ سورج کو بغیر کسی بصری معاونت یا مخصوص عینک کے دیکھنے سے آنکھ کی پُتلی (Retina) تیس سیکنڈ میں جَل سکتی ہے۔ اگر کوئی شخص بغیر احتیاط کے دوربین سے دیکھے گا تو اس کی آنکھ کی پتلی ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں جل سکتی ہے۔

بچو!کیا آپ کو معلوم ہے کہ ماہرین کے مطابق ٹیلی سکوپ جس میں فلٹر لگا ہو وہ بھی استعمال نہیں کی جانی چاہیے کیونکہ فلٹر میں اگر باریک سے باریک سوراخ بھی ہو تو اس سے بھی لمحوں کے اندر انسانی آنکھ کی پتلی ہمیشہ کے لیے تباہ ہوسکتی ہے۔

اس لیے سورج گرہن کے وقت اول تو سورج کو دیکھنے سے اجتناب کریں۔ لیکن اگر کسی وجہ سے دیکھنا ضروری ہو تو کسی بڑے کی مدد کے بغیر اور کوئی فلٹر استعمال کیے بغیر نہ دیکھیں۔ اورگرہن دیکھنے کے لیے بنائے گئے ایسے چشمے کو استعمال نہ کریں جو تین سال سے پرانا ہو۔

سورج گرہن مختلف طریقوں سے دیکھا جاسکتاہے:

مائلر فلٹرز (Mylar Filter)جس میں پلاسٹک کی شیٹ کو ایلومینیم سے کوٹ کیا ہوتا ہے۔

ویلڈرگلاس (Welder Glass) جو کہ ویلڈنگ کرنے والے استعمال کرتے ہیں۔

دوربین سے دیکھنے کے لیے اسپیشل فلٹرز جن میں شیشے کے اوپر دھاتی کوٹ ہوا ہوتاہے (Telescope Glass Filters)۔

پن ہول کیمرا کے ذریعے۔

اب تو ٹی وی اور انٹرنیٹ پر لائیو دکھایا جاتا ہے،بہتر ہے وہاں دیکھ لیں۔ سورج میں نکلتے ہوئے سر ڈھانکیں اور پانی کا خوب استعمال کریں۔

آخر میں حسان اور روشان کا اتنے مفید سوال کے لیے شکریہ! تو بچو! آپ کوآج کاسوال اور اس کا جواب کیسا لگا۔ ان شاء اللہ اگلے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ حاضر ہوں گا۔ الله حافظ و ناصر!

آپ کا بھائی، اسامہ!

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button