افریقہ (رپورٹس)

مسجد بیت التوحید (تانباکنڈا ریجن سینیگال) کا افتتاح

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سینیگال کو ریجن ’تانباکنڈا‘ (Tambacounda) کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں ایک نئی ریجنل مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذلک

مورخہ ۲۸؍ فروری ۲۰۲۲ء کو یوم مصلح موعود کے موقع پر مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال نے دعا کے ساتھ سنگ بنیاد رکھا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اگست ۲۰۲۳ء کے اواخر میں مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی۔

اس مسجد کا کُل احاطہ دس ہزار مربع میٹر ہے اور مسقف حصہ تین سو مربع میٹر ہے۔ مسجد میں بیک وقت چار سو سے زائد نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس ریجن کے ریجنل ہیڈکوارٹر میں شہر کے نزدیک جماعت احمدیہ نے چھ ہیکٹر زمین حکومت سے حاصل کی ہے۔جس میں مسجد،مشن ہاؤس، معلمین کی رہائش گاہیں، دفاتر، سکول وغیرہ زیر تعمیر ہیں۔

گردو پیش کے لحاظ سے مسجد ایک اونچے مقام پر تعمیر کی گئی ہے اس لیے دور سے ہی نظر آتی ہے۔ نیز اس کے چار خوبصورت منارے اس کو دوسری مساجد سے ممتاز کرتے ہیں اور لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ نہ صرف احمدی احباب بلکہ مسجد کے قریب رہائشی غیر از جماعت احباب بھی مسجد کی تعمیر سے بہت خوش ہیں۔ مسجد کے اندر و باہر اللہ تعالیٰ کے صفاتی ناموں اور دیگر عربی عبارات سے مسجد کو مزین کیا گیا ہے۔

مورخہ ۲۵؍ اگست ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک کو مکرم امیر صاحب نے ریجن کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے امام اور چیف کے ساتھ مل کر مسجدکے دروازہ پر لگافیتا کاٹا اور دعا کروا کر مسجد کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ خطبہ جمعہ میں امیر صاحب نے مسجد کے مقاصد میں سے باہمی محبت و اخوت و بھائی چارہ کی تلقین کی۔ بعد از نماز جمعہ غیر از جماعت احباب نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور اس مسجد کو ریجنل ہیڈکوارٹر میں ایک خوبصورت اضافہ بھی قرار دیا۔

افتتاح کے موقع پرسرکاری حکام کے علاوہ دیگر معززین جن میں پولیس کے کمشنر اور متعدد گاوٴں کے ’چیف آف ولیج‘ موجود تھے۔ انہوں نے جماعت کی دینی اور معاشرتی خدمات کی تعریف کی۔ اس کے بعددور و نزدیک سے آئے ۲۵؍ گاوٴں کے نمائندوں نیز ۶۰۰؍ سے زائد افراد کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button