حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

واقفات نو ماؤں کو اگلی نسلوں کی اعلیٰ تربیت کی نصیحت

حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز واقفاتِ نو برطانیہ کے سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء کے اختتامی خطاب میں نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: تحریکِ وقف نو اب ایک ایسے مقام پر پہنچ چکی ہے کہ بعض ابتدائی دَور کی واقفات اب شادی شدہ ہیں اور ان کے بچے بھی ہوچکے ہیں لہٰذا اب اُن کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے بچوں اور اگلی نسلوں کی بھی اعلیٰ تربیت کریں اور انہیں اس معاشرے کے بد اثرات سے بچائیں تاکہ وہ بُرائیوں سے بچتے ہوئے اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے والے بنیں۔ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جسے واقفات نَو ماؤں کو پورا کرنا ہے۔ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں اور اپنے بچوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا سلوک کریں اور ان کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا کرنے کی کوشش کریں۔اس کے بعد اپنی محبت اور ہمدردی کا دائرہ اپنے پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوستوں تک پھیلائیں اور ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہیں جس کا آپ کا دین آپ سے تقاضا کرتا ہے۔ ان عورتوں سے سبق حاصل کریں جنہوں نے ماضی میں اعلیٰ قربانیوں کی مثالیں قائم کیں اور اعلیٰ روحانی مقامات حاصل کیے۔ ہر زمانے میں ایسی پرہیزگارخواتین رہی ہیں جنہوں نے اپنے دین کی خاطر اعلیٰ کردار ادا کیا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں بھی عورتوں نے مشکل حالات میں قربانیاں پیش کیں اور بڑی جرأت اور وفا کے ساتھ مرد حواریوں سے بڑھ کر حالات کا مقابلہ کیا۔

(سالانہ اجتماع واقفاتِ نَو (یوکے) سے حضورِ انور کا بصیرت افروز اختتامی خطاب، مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۳؍ مئی ۲۰۲۳)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button