از مرکزدورہ جرمنی اگست؍ ستمبر ۲۰۲۳ءرپورٹ دورہ حضور انور

حضور انور کا دورۂ جرمنی اگست، ستمبر ۲۰۲۳ء (گیارہواں روز، ۶؍ ستمبر ۲۰۲۳ء بروز بدھ)

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

آج صبح پانچ بجکر پینتیس منٹ پر نویدالحق شمس صاحب نے نمازِفجر کی اذان دی اور پانچ بجکر پچاس منٹ پر حضورِانور نے نمازِ فجر پڑھائی۔ آج جواد احمد صاحب (مربی سلسلہ ) نے تفسیرِکبیر سے درسِ قران کریم دیا ۔

آج فیملی ملاقات کادن تھا۔ حضور آج صبح قیام گاہ کے دفتر میں ڈاک اور ضروری امور میں مصروف رہے۔ گیارہ بجکر بیس منٹ پر حضور بیت السبوح کے گراؤنڈ فلور پر موجود دفتر میں تشریف لائے تو فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو مسلسل تین گھنٹے، اڑھائی بجے دوپہر تک جاری رہیں۔ اس دوران حضورپُرنور نے ۴۱ فیملیز کے ۱۳۹ افراد سے ملاقات فرمائی۔ ان خوش نصیبوں میں جرمنی کے دو شہروں کے علاوہ بینن، برکینا فاسو، گھانا، مالی، پاکستان، سینیگال، ترکیہ، بھارت، ٹوگو، چاڈ رپبلک، گیمبیا، آئیوری کوسٹ اور شارجہ سے جلسہ جرمنی پر آنے والی فیملز شامل ہیں۔

ملاقات کے ختم ہونے پر حضور نے دو بجکر پینتیس منٹ پر نماز ظہر و عصر کی امامت کروائی جس کے بعد دو بجکر پچاس منٹ پر حضور قیام گاہ تشریف لے گئے۔ آج نماز ظہر سے قبل اذان دینے کی سعادت حافظ عطاء النعیم صاحب مبلغ سلسلہ برکینافاسو کے حصے میں آئی۔ موصوف جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیے جرمنی آئے ہوئے ہیں اور ویسے آپ برکینا فاسو میں دواما ریجن میں بطور مبلغ خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔

آج شام کو بھی فیملی ملاقاتیں ہونا طے تھیں۔ حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز چھ بجے شام اپنے دفتر میں تشریف لائے اور شام ساڑھے آٹھ بجے تک فیملیز کو شرفِ ملاقات بخشا۔ آج کی شام چالیس فیملیز کے ۱۳۳ افراد حضور کی ملاقات سے فیضیاب ہوئے۔ ان کا تعلق جرمنی کے ۲۸ شہروں سے تھا۔ ایک فیملی جرمنی کے مشرقی حصہ کے مشہور شہر Dresden سے جو فرینکفرٹ سے ۴۴۸ کلو میٹر دور ہے ملاقات کے لیے حاضر ہوئی تھی۔ ملاقاتوں کے بعد حضور کچھ دیر دفتر میں مصروف رہے۔ اس دوران عزیزم فیصل احمد متعلم جامعہ احمدیہ نے اذان دی۔ پورے نو بجے حضور نے مسجد میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء پڑھائیں جن میں جرمنی کے مقامی مرد و خواتین کے علاوہ بیرونی دنیا سے تشریف لانے والے مہمان بھی شریک ہوئے ۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد سوا نو بجے شب حضور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button