افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کے گیارہویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

(سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل کونگو برازاویل)

٭… نمازِ تہجد، باجماعت نمازوں کا التزام نیز علمی اور تربیتی موضوعات پر مفید تقاریر، چھ سو سے زائد افراد کی شمولیت

مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ انکائی لکھتے ہیں کہ بفضلہ تعالیٰ مورخہ ۲۴ و ۲۵؍ جون ۲۰۲۳ء کو جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ کیمپامبو کی مسجد بیت الحمید میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالک۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت کے بعد علاقے کے کمشنر کو جلسہ کے انعقاد کے لیے لکھا گیا جس پر انہوں نے بخوشی اجازت بھی دی اور ساتھ ہی ہر قسم کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ جلسہ والے دن کمشنر صاحب خود تشریف لائے اور مکرم نیشنل صدر و مشنری انچارج صاحب کونگو برازاویل سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ آج میری اہم میٹنگز ہیں جس کی وجہ سے میں جلسہ سالانہ میں شرکت نہیں کرسکوں گا لیکن ابھی میں تھوڑا سا وقت نکال کر آیا ہوں تاکہ آپ سے ملاقات کرسکوں کیونکہ میں آپ کے پروگرامز کو جو نیشنل ٹی وی کونگو پر چلتے ہیں باقاعدگی سے دیکھتا ہوں اور آپ کے پیغام سے سوفیصد اتفاق کرتا ہوں۔ میرے علاقے میں آپ آزاد ہیں جہاں چاہیں آپ اپنے سینٹر کھولیں جتنی مرضی آپ میرے علاقے میں مساجد بنائیں کوئی آپ کو منع نہیں کرے گا جہاں بھی آپ کو میری ضرورت پڑے میں حاضر ہو جاوٴں گا۔ اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل خدام و اطفال الاحمدیہ انکائی نے وقار عمل کرکے مسجد کے ارد گرد کے علاقے کی تزئین و صفائی کی۔مسجد کو پینٹ کیا۔ ضیافت کا کام لجنہ اماءاللہ کے ذمہ لگایا گیا جنہوں نے تین دن حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کرنے کی توفیق پائی۔ الحمدللہ خدام کے ذمے سیکیورٹی اور نظم و ضبط کا کام لگا یا گیا۔اطفال الاحمدیہ کے ذمہ مہمانوں کو پانی پلانا اور لجنہ کو کھانا پکانے کے لیے پانی مہیا کرنا تھا۔

۲۴؍جون بروز ہفتہ

جلسہ سالانہ کے پہلے روز دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر وعصر ادا کی گئیں جس کے بعد دوپہر کے کھانے کا انتظام تھا۔ پھر چار بجے جلسہ سالانہ کونگو برازاویل کا پہلا اجلاس شروع ہوا۔

جلسہ کے پہلے دن نو مبائعین کی تعلیم و تربیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے زیادہ تر تقاریر تربیتی موضوعات پر ہوتی ہیں۔ چنانچہ تلاوت و نظم کے بعد درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: جلسہ سالانہ کا مقصد، خلافت احمدیت اور اطاعت، نماز کی اہمیت۔ بعد ازاں چند نومبائعین نے اپنے بیعت کے ایمان افروز واقعات سنائے۔

نمازوں اور کھانے کے بعد رات ساڑھے آٹھ بجے مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تلاوت و نظم کے بعد نیشنل صدر و مشنری انچارج صاحب نے حاضرین کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جواب دیے۔ خاص طور پر نومبائعین نے اس پروگرام میں بڑی دلچسپی سے شرکت کی اور بڑھ چڑھ کر سوالات کیے۔ یہ مجلس رات دس بجے تک جاری رہی۔

۲۵؍ جون بروز اتوار

جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، نماز فجر، درس قرآن اور ناشتہ سے ہوا۔

دس بجے جلسہ سالانہ کا آخری اجلاس شروع ہوا جس میں ممبران جماعت کے علاوہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔پندرہ دیہات کے نمبردار بھی اپنی اپنی کابینہ کے ساتھ آئے ہوئے تھے۔پانچ پادریوں نے بھی جلسہ سالانہ میں شرکت کی توفیق پائی۔ درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: خلافت احمدیہ دنیا میں امن کی ضامن۔ کفارے کے بد اثرات، اسلام امن کا مذہب، توحید باری تعالیٰ اور مقصد حیات۔

اختتامی دعا کے بعد اطفال و خدام الاحمدیہ کے ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ ۱۰۵؍مہمانوں سمیت جلسہ کی کُل حاضری ۶۰۵؍رہی۔ آخر پر سب حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ اس طرح ہمارا گیارھواں جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ: سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button