کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ ء: پاکستان کا فاتحانہ آغاز

کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ ء

میچ نمبر ۲: ہفتہ ۶ ؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء

پاکستان بمقابلہ نیدرلینڈز

بمقام: راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم حیدر آباد

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا دوسرا مقابلہ پاکستان اور نیدرلینڈز (Pakistan Vs Netherlands) کی ٹیموں کے مابین بھارتی صوبہ تلنگانا کے صدر مقام حیدر آباد(Hyderabad) کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہفتہ 6 ؍ اکتوبر 2023ء کو کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 81 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

ٹونگا میں پیدا ہونے والے نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز Scott Edwards نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ ابتداء میں لڑکھڑا گئی اور یکے بعد دیگرے فخر زمان(Fakhar Zaman) 15 گیندوں پر 12 رنز ، بابر اعظم(Babar Azam) 18 گیندوں پر 5 رنز اور امام الحق (Imam-ul-Haq) 19 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو کر پویلین واپس پہنچے تو اس وقت پاکستان کا سکور صرف 38 تھا۔

اس کے بعد ایک روزہ ورلڈ کپ میں اپنا اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان (Mohammad Rizwan)اور سعود شکیل (Saud Shakeel)نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 120 رنز کی شراکت قائم کی۔ بائیں ہاتھ سے دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے کراچی سے تعلق رکھنے والے سعود شکیل نے 32 گیندوں پر شاندار نصف سنچری مکمل کی۔

درمیانی اوورز میں نیدرلینڈز نے ایک مرتبہ پھر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 188 کے سکور پر پاکستان کی 6 وکٹیں اڑا دیں۔ سعود اور رضوان 68، 68 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ افتخار احمد (Iftikhar Ahmed)صرف 9 رنز بنا سکے۔

چھ بلے بازوں کے نقصان کے بعد آل راؤنڈرز شاداب خان (Shadab Khan) اور محمد نواز (Mohammad Nawaz) نے نہایت ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 64 اہم رنز کی ساجھے داری سے مجموعی سکور 252 تک پہنچا دیا۔ پھر نیدرلینڈز کے Bas de Leede نے کھیل کے چوالیسویں اوور میں شاداب اور حسن علی (Hasan Ali) کی وکٹیں حاصل کر کے ایک بار پھر جوابی وار کیا اور بالآخر پاکستان کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بیٹنگ کے لئے سازگار میدان میں یوں تو یہ مجموعہ زیادہ بڑا نہ تھا لیکن 38 کے سکور پر تین کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد پاکستان کی طرف سے ایک اچھا ہدف دیا گیا۔

نیدرلینڈز کی طرف سے آف اسپنر Colin Ackermann نے دو جبکہ Bas de Leede نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

286 رنز کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ابتدائی 2 وکٹیں 50 کے سکور پر گر گئیں جس کے بعد Vikramjit Singh اور Bas de Leede کی نصف سنچریوں کی بدولت ڈچ ٹیم کو جیت کی کچھ امید ہوئی لیکن پھر پاکستان کی طرف سے بہتر باؤلنگ کی بدولت نیدرلینڈز کی پوری ٹیم41 اوورز میں 205 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ حارث رؤف(Haris Rauf) نے تین اور حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی(Shaheen Shah Afridi)، شاداب خان، محمد نواز اور افتخار احمد کے حصہ میں ایک ایک وکٹ آئی۔

سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مختصر سکور

پاکستان 286/10 (49 اوورز) :

سعود شکیل 68، محمد رضوان 68، محمد نواز 39، شاداب خان 32۔

باس ڈی لیڈے 4/62، کولن اکرمن 2/39، آریان دت 1/48

نیدرلینڈز 205/10 (41 اوورز):

 باس ڈی لیڈے 67، وکرم جیت سنگھ 52۔

حارث رؤف 3/43، حسن علی 2/33۔

باپ بیٹا کرکٹرز کی ورلڈ کپ کھیلنے والی ساتویں جوڑی

اس میچ میں بیٹ اور بال کے ساتھ شاندار کھیل پیش کرنے والے Bas de Leede نیدرلینڈز کے سابق کھلاڑی Tim de Leede کے بیٹے ہیں جو 1996ء، 2003ء اور 2007ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں ڈچ ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ اس طرح ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے باپ بیٹا کی یہ ساتویں جوڑی ہے۔

ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان کی دوسری تیز ترین ففٹی

ورلڈ کپ میچز میں پاکستان کی طرف سے تیز ترین نصف سنچری انضمام الحق(Inzamam-ul-Haq) نے 1992ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بنائی تھی۔ یوں آج کے میچ میں سعود شکیل کی طرف سے 32 گیندوں پر بنائے گئے 50 رنز دوسری تیز ترین ففٹی ہے۔

کل کا میچ

7 ؍اکتوبر کو ورلڈ کپ کے تیسرے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ بنگلہ دیش اور افغانستان کے مابین ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالا میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔ سطح سمندر سے 4780 فٹ کی بلندی پر واقع اس گراؤنڈ کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین کرکٹ میدانوں میں ہوتا ہے جہاں سے کوہ ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں کا نظارہ بھی ہوتا ہے۔

افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں دو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں جن میں کامیابی بنگلہ دیش کے نام رہی۔ لیکن اس بار افغانستان کی ٹیم میں بھی بہترین کھلاڑی شامل ہیں جو مخالف ٹیم کے لیے آسان حریف ثابت نہیں ہوں گے۔ بنگلہ دیش کو اچھے فاسٹ باؤلرز میسر ہیں جو دھرم شالا کی کنڈیشنز میں زیادہ کامیاب ہوسکتے ہیں کیونکہ اس میدان میں کھیلے گئے 4 ون ڈے میچز میں فاسٹ باؤلرز مجموعی طور پر 36 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس روز کا دوسرا مقابلہ بھارت کے دارالحکومت دہلی میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے مابین دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ سری لنکا کی ٹیم انجریز کے باعث اپنے بہترین آل راؤنڈر Wanindu Hasaranga اور تیز رفتار باؤلر Dushmantha Chameera کے بغیر اس ٹورنامنٹ میں شامل ہے۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ کو اپنے فاسٹ باؤلر Anrich Nortje کے زخمی ہونے سے بڑا دھچکا لگا ہے۔ تاہم اس میچ میں جنوبی افریقہ کو سری لنکا کے خلاف فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button